Main Icon

باب: منقبتوں کا مجموعہ - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 6201

فضائل کا بیان - جلد 8

حدیث مبارکہ

وَعَنْ جَابِرٍ أَنَّ رَسُولَ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: أُرِيْتُ الْجَنَّةَ فَرَأَيْتُ امْرَأَةَ أَبِي طَلْحَةَ وَسَمِعْتُ خَشْخَشَةً أَمَامِي فَإِذَا بِلَالٌ . رَوَاهُ مُسْلِمٌ

وعن جابر أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: أريت الجنة فرأيت امرأة أبي طلحة وسمعت خشخشة أمامي فإذا بلال . رواه مسلم

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت جابر سے کہ رسول الله صلی الله علیہ و سلم نے فرمایا مجھے جنت دکھائی گئی تو میں نے ابو طلحہ کی بیوی وہاں دیکھی ۱∞؎اور میں نے اپنے سامنے آہٹ سنی وہ بلال تھے۲؎(مسلم)

شرح حدیث

۱∞؎ان بی بی کا نام ام سلیم ہے اولًا مالک ابن نضر کے نکاح میں تھیں،اس سے حضرت انس پیدا ہوئے وہ مشرک ہوکر مارا گیا،اس کے بعد آپ ایمان لائیں،ابو طلحہ نے آپ کو پیغام نکاح دیا،آپ نے فرمایا کہ تم اسلام قبول کرو یہی میرا مہر ہے۔ چنانچہ وہ بھی مسلمان ہوئے اور آپ ان کے نکاح میں آئیں،حضور انور کو ان سے بہت ہی محبت تھی۔
۲
؎معراج کی شب میں نے جنت میں جاتے وقت اپنے آگے حضرت بلال کے قدم کی آہٹ سنی کہ آپ مجھ سے آگے جنت میں جارہے ہیں،یہ وہ نقشہ دکھایا گیا جو قیامت میں حضور کے جنت میں جاتے وقت ہوگا کہ حضرت بلال حضور سے آگے آگے ہٹو بچو کرتے ہوئے خادمانہ شان سے جائیں گے،آج حضرت بلال کو معراج نہیں ہوئی تھی یہ حدیث نوافل کے باب میں گزر چکی ہے۔خیال رہے کہ بلال ابن رباح ابوبکر صدیق کے آزاد کردہ غلام ہیں،آپ پہلے امیہ ابن خلف کے غلام تھے مکہ معظمہ میں سب سے پہلے آپ نے اپنا اسلام ظاہر کیا،بدر اور تمام غزوات میں حضور کے ساتھ رہے،آخر میں دمشق میں رہے وہاں ہی ۲۰ھ؁ ∞بیس ہجری میں وفات ہوئی تریسٹھ سال عمر پائی،فقیر نے قبر شریف کی زیارت کی ہے۔آپ نے امیہ ابن خلف کے ہاتھوں اسلام کی خاطر بہت ہی مصیبتیں جھیلیں امیہ ابن خلف جنگ بدر میں مارا گیا اور بری طرح بدن چھید چھید کر مارا گیا،رب تعالٰی نے حضرت بلال کا اس سے بدلہ لیا۔امام احمد نے روایت کی کہ سات شخصوں نے پہلے اسلام ظاہر کیا: حضور انور صلی الله علیہ و سلم،ابو بکر،عمار،سمیہ،صہیب،بلال،مقداد ان میں سے حضرت بلال کو بہت سخت ایذائیں پہنچیں۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 8 , حدیث نمبر: 6201