Main Icon

باب:کھانوں کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 4159

کھانوں کا بیان - جلد 6

حدیث مبارکہ

عَنْ عُمَرَ بْنِ أَبِي سَلَمَةَقَالَ: كُنْتُ غُلَامًا فِي حِجْرِ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَكَانَتْ يَدِي تَطِيشُ فِي الصَّحْفَةِ. فَقَالَ لِي رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ «سَمِّ اللّٰهَ وَكُلْ بِيَمِينِكَ وَكُلْ مِمَّا يَلِيكَ»(مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)

عن عمر بن أبي سلمةقال: كنت غلاما في حجر رسول الله صلى الله عليه وسلم وكانت يدي تطيش في الصحفة. فقال لي رسول الله صلى الله عليه وسلم «سم الله وكل بيمينك وكل مما يليك»(متفق عليه)

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت عمر ابن ابی سلمہ رضی الله عنہ سے ۱؎فرماتے ہیں کہ میں بچہ تھا رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی پرورش میں تھا اور میرا ہاتھ پیالے میں گھومتا تھا ۲؎تو مجھ سے رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ الله کا نام لو اور اپنے داہنے ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ ۳؎(مسلم،بخاری)

شرح حدیث

۱∞؎آپ عمر ابن عبدالله ابن عبدالامہ ہیں،قرشی مخذومی ہیں،جناب ام سلمہ رضی الله عنھا کے فرزند حضور صلی الله علیہ وسلم کے سوتیلے بیٹے ہیں ، ۲؁∞ ہجری میں حبشہ میں پیدا ہوئے،حضور انور کی وفات کے وقت آپ کی عمر نو سال تھی، ۸۳ھ؁∞ میں عبد الملک ابن مروان کے زمانہ حکومت میں وفات پائی،جنت البقیع شریف میں دفن ہوئے،جب حضور انور نے حضرت ام سلمہ سے نکاح کیا تو آپ کو اور آپ کی بہن زینب کو اپنی پرورش میں لے لیا رضی الله عنہم اجمعین۔
۲
؎یعنی کبھی میں حضور صلی الله علیہ وسلم کے ساتھ ایک پیالہ میں کھانا کھاتا تھا تو میں کھانے کے آداب سے واقف نہ تھا اس لیے ہر طرف سے کھانا کھاتا تھا جدھر سے دل چاہا ادھر سے بوٹی لے لی،ادھر ہی لقمہ شوربے میں بھگولیا۔
۳
؎یعنی بسم الله پڑھ کر کھانا شروع کرو داہنے ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ ہر طرف سے نہ کھاؤ،یہ تینوں حکم جمہور علماء کے نزدیک استحبابی ہیں،بعض آئمہ کے ہاں داہنے ہاتھ سے کھانا واجب ہے۔خیال رہے کہ ہر چیز پیتے وقت بھی بسم الله پڑھے اور داہنے ہاتھ سے پئے یہ ہی سنت ہے،یہ تینوں امور سنت علی العین ہیں یعنی اگر جماعت میں سے صرف ایک آدمی کرلے تو کافی نہیں ہرشخص داہنے ہاتھ سے کھائے،ہرشخص بسم الله پڑھے،ہر شخص اپنے سامنے سے کھائے،اگر اکیلا بھی کھائے تب بھی اپنے سامنے سے کھائے،ہاں اگر طباق میں مختلف مٹھائیاں یا مختلف قسم کی کھجوریں ہیں تو جہاں سے چاہے کھالے جیسا کہ آئندہ آوے گا۔(مرقات)

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 6 , حدیث نمبر: 4159