Main Icon

باب : مسنون غسل کا باب - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 537

پاکی کی کتاب - جلد 1

حدیث مبارکہ

عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "إِذَا جَاءَ أَحَدُكُمُ الْجُمُعَةَ فَلْيَغْتَسِلْ". مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ.

عن ابن عمر قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : "إذا جاء أحدكم الجمعة فليغتسل". متفق عليه.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابن عمر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے جب تم میں سے کوئی جمعہ کے لیئے آئے توغسل کرلیاکرے ۱؎(مسلم،بخاری)

شرح حدیث

۱∞؎اما م اعظم اورجمہور علماء کے نزدیک یہ حکم وجوب کا نہیں بلکہ سنت کا ہے اوریہ حدیث منسوخ نہیں بلکہ محکم ہے۔امام مالک اوراحمدکے نزدیک یہ حکم وجوبی ہے ان کے ہاں غسل جمعہ واجب ہے،مگرامام اعظم کا قول قوی ہے،جیسا کہ آئیندہ صحیح روایت میں آرہا ہے کہ جمعہ کے غسل کا وجوب منسوخ ہوچکا ہے۔خیال رہے کہ غسل نمازجمعہ کے لیے سنت ہے،لہذا جن پرجمعہ فرض نہیں ان کے لئے یہ غسل سنت بھی نہیں جیسا کہ اس حدیث سے یہ معلوم ہوا،بعض علماءنےاَحَدْکو نصب اورجمعہ کو ضم پڑھا ہے اور حدیث کے معنی یہ کئے کہ جب تم میں سے کسی کے پاس جمعہ کا دن آئے توغسل کرے،ان کے نزدیک غسل جمعہ مطلقًا سنت ہے،نماز جمعہ فرض ہویانہ ہو،لہذاچاہیئے یہ کہ جمعہ کاغسل صبح کے بعد کیا جائے رات میں کرلینے سے یہ سنت ادا نہ ہوگی۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 , حدیث نمبر: 537