Main Icon

باب : فقیروں کی بزرگی کا بیان ۱؎ اور نبی صلی الله علیہ و سلم کی زندگی شریف کیسی تھی ۲؎ - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 5231

دل کو نرم کردینے والی باتوں کا بیان - جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ -صلى اللَّه عليه وسلم-: "رُبَّ أَشْعَثَ مَدْفُوعٍ بِالأَبْوَابِ لَوْ أَقْسَمَ عَلَى اللَّهِ لأَبَرَّه". رَوَاهُ مُسْلِمٌ.

عن أبي هريرة قال: قال رسول الله -صلى الله عليه وسلم-: "رب أشعث مدفوع بالأبواب لو أقسم على الله لأبره". رواه مسلم.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے بہت سے پراگندہ بال دروازوں سے نکالے ہوئے ۱؎اگر الله پر قسم کھالیں تو الله انہیں بری کرے ۲؎(مسلم)

شرح حدیث

۱∞؎اس فرمان عالی کا مطلب یہ نہیں کہ وہ دنیا داروں کے دروازوں پر جاتے ہیں وہاں سے نکالے جاتے ہیں وہ تو رب کے دروازے کے سوا کسی کے دروازے پر نہیں جاتے،بلکہ مطلب یہ ہے کہ ان کی حقیقت سے دنیا غافل ہے،اگر وہ کسی کے پاس جاتے تو وہ ان سے ملنا گوارہ نہ کرتا،رب نے انہیں دنیا والوں سے ایسا چھپایا ہوا ہے جیسے لعل پہاڑ میں یا موتی سمندر میں تاکہ لوگ ان کا وقت ضائع نہ کریں۔
۲
؎اس فرمان عالی کے دو مطلب ہوسکتے ہیں: کہ ایک یہ کہ وہ بندہ اگر الله تعالٰی کو قسم دے کر کوئی چیز مانگے کہ خدایا تجھے قسم ہے اپنی عزت و جلال کی یہ کردے تو رب تعالٰی ضرور کردے یہ ہے بندہ کی ضد اپنے رب پر۔دوسرے یہ کہ اگر وہ بندہ خدا کے کام پر قسم کھا کر لوگوں کو خبر دے دے تو خدا اس کی قسم پوری کردے مثلًا وہ کہہ دے کہ خدا کی قسم تیرے بیٹا ہوگا یارب کی قسم آج بارش ہوگی تو رب تعالٰی ان کی زبان سچی کرنے کے لیے یہ کردے،بعض لوگ بزرگوں کی زبان سے کچھ کہلواتے ہیں حضور کہہ دو کہ تیرے بیٹا ہوگا،کہہ دو کہ تو مقدمہ میں کامیاب ہوگا اس عمل کا ماخذ یہ حدیث ہے۔(اشعۃ اللمعات)حضرت غوث بہاؤ الحق ملتانی اور بوڑھی عورت کا واقعہ اس کا ثبوت ہے کہ عورت نے کہا بہاء الحق واپس آجاؤ الله کی قسم آج بارش ہوجائے گی میں بارش کرادوں گی،حضرت یوسف علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام کی سیف زبانی تو قرآن کریم میں مذکور ہے،اس کی تحقیق ہماری کتاب فہرست القرآن میں دیکھو۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 7 , حدیث نمبر: 5231