Main Icon

باب: دل کو نرم کردینے والی باتوں کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 5169

دل کو نرم کردینے والی باتوں کا بیان - جلد 7

حدیث مبارکہ

وَعَنْ مُطَرِّفٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ: أَتَيْتُ النَّبِيَّ -صلى اللَّه عليه وسلم- وَهُوَ يقْرَأ: أَلْهَاكُمُ التَّكَاثُرُ قَالَ: "يَقُولُ ابْنُ آدَمَ: مَالِي مَالِي"، قَالَ: "وَهَلْ لَكَ يَا بْنَ آدَمَ إِلَّا مَا أَكَلْتَ فَأَفْنَيْتَ،أَوْ لَبِسْتَ فَأَبْلَيْتَ، أَوْ تَصَدَّقْتَ فَأَمْضَيْتَ؟ ". رَوَاهُ مُسْلِمٌ.

وعن مطرف عن أبيه قال: أتيت النبي -صلى الله عليه وسلم- وهو يقرأ: ألهاكم التكاثر قال: "يقول ابن آدم: مالي مالي"، قال: "وهل لك يا بن آدم إلا ما أكلت فأفنيت،أو لبست فأبليت، أو تصدقت فأمضيت؟ ". رواه مسلم.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت مطرف سے ۱؎وہ اپنے والد سے راوی فرماتے ہیں کہ میں نبی صلی الله علیہ وسلم کی خدمت میں آیا حضور صلی الله علیہ وسلمالھکم التکاثرتلاوت کررہے تھے ۲؎فرمایا کہ انسان کہتا ہے میرا مال،میرا مال،فرمایا اے انسان تیرا مال نہیں ہے مگر جو تو کھا کر ختم کردے یا پہن کر گلا دے ۳؎یا خیرات کرکے آگے بڑھادے ۴؎(مسلم)

شرح حدیث

۱∞؎آپ کا نام مطرف ابن عبداابن شخیر ہے،آپ تابعی ہیں،آپ کے والد صحابی اہل بصرہ سے ہیں،بڑے متقی عالم فقیہ تھے۔
۲
؎نماز کے علاوہ تلاوت تھی۔آیت کریمہ کے معنی یہ ہیں کہ تم لوگوں کو مال بڑھانے کی ہوس نے غافل کردیا اسی فکر میں زندگی گزاری کہ ایک کے دو ہوں اور دو کے چار۔
۳
؎اس طرح کہ کھانا کھا کر ہضم کرے کپڑا پہن کر اسے گلا دے اگر بہت سے جوڑے بنا کر رکھے اور مرے بعد چھوڑ گیا تو کپڑے بھی تیرے نہیں دوسروں کے ہیں اس لیے جب الله نیا کپڑا اور نیا جوتہ دے تو فورًا استعمال شروع کردے ختم ہوجانے پر الله اور دے گا۔
۴
؎تصدقتفرما کر اشارۃً ارشاد ہوا کہ اپنی زندگی تندرستی میں اپنے ہاتھ سے خیرات کرجائے،یہ برا ہے کہ زندگی میں کنجوس رہے مرتے وقت وصیت کرے یا امید کرے کہ میرے وارث میری طرف سے صدقہ و خیرات کیا کریں گے یہ شیطانی دھوکہ ہے۔شعر
توشہ اعمال اپنا ساتھ لے جاؤ جی کون پیچھے قبر میں بھیجے گا سوچو تو سہی
بعد مرنے کے تمہیں اپنا پرایا بھول جائے فاتحہ کو قبر پر پھر کوئی آئے یا نہ آئے
اترتے چاند ڈھلتی چاندنی جو ہوسکے کرلے اندھیرا پاکھ آتا ہے یہ دو دن کی اجالی ہے (اعلٰی حضرت)

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 7 , حدیث نمبر: 5169