Main Icon

باب: مسجدوں اورنماز کے مقامات کابیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 727

نماز کا بیان - جلد 1

حدیث مبارکہ

وَعَن أَبِيْ أُمَامَة قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "ثَلَاثَةٌ كُلُّهُمْ ضَامِنٌ عَلَى اللّٰهِ: رَجُلٌ خَرَجَ غَازِيًا فِي سَبِيلِ اللّٰهِ فَهُوَ ضَامِنٌ عَلَى اللّٰهِ حَتّٰى يتَوَفَّاهُ فَيُدْخِلُهُ الْجنَّةَ، أَو يَرُدُّهُ بِمَا نَالَ مِنْ أَجْرٍ أَو غَنِيمَةٍ، وَرَجُلٌ رَاحَ إِلَى الْمَسْجِدِ فَهُوَ ضَامِنٌ عَلَى اللّٰهِ، وَرَجُلٌ دَخَلَ بَيْتَهٗ بِسَلَامٍ فَهُوَ ضَامِنٌ عَلَى اللّٰهِ". رَوَاهُ أَبُو دَاوُدَ.

وعن أبي أمامة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "ثلاثة كلهم ضامن على الله: رجل خرج غازيا في سبيل الله فهو ضامن على الله حتى يتوفاه فيدخله الجنة، أو يرده بما نال من أجر أو غنيمة، ورجل راح إلى المسجد فهو ضامن على الله، ورجل دخل بيته بسلام فهو ضامن على الله". رواه أبو داود.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابو امامہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ تین شخص ہیں جن سب کی ذمہ داری اللہ پر ہے ۱؎ایک وہ شخص جو اللہ کی راہ میں جہاد کے لئے نکلے وہ خدا کی ذمہ داری میں ہے حتی کہ اسے موت آجائے تو جنت میں داخل فرمادے یا اجروغنیمت کا مال لے کر واپس کرے ۲؎اور ایک وہ شخص جو مسجدکی طرف چلے وہ اللہ کی ذمہ دار ی میں ہے اور ایک وہ شخص جو ا پنے گھر میں سلام سے جائے وہ اللہ تعالٰی کی ذمہ داری میں ہے ۳؎(ابوداؤد)

شرح حدیث

۱∞؎یعنی ان کا اجروثواب اللہ کے ذمۂ کرم پر ہے یا یہ لوگ اللہ کی ضمان اور امان میں ایسے ہیں جیسے سرکاری ملازم ڈیوٹی پر حکومت کی امان میں،کہ اس کی بے عزتی کرنا حکومت کا مقابلہ ہے۔ایسے ہی ان لوگوں سے جھگڑنا رب کا مقابلہ ہے۔
۲
؎یعنی اگر مارا گیا تو شہید اور اگر زندہ لوٹا تو اگر ہارکر آیاتو صرف ثواب اور اگر جیت کر آیا تو ثواب و غنیمت دونوں لایا۔
۳
؎معلوم ہوا کہ گھر میں داخل ہوتے وقت سلام کرنا بڑا بہتر کام ہے۔اس سے گھر میں اتفاق،رزق کی برکت اور نیک اعمال کی توفیق نصیب ہوتی ہے،حتی کہ اگر خالی گھر میں جائے تو یوں کہدے"اَلسَّلَامُ عَلَیْكَ اَیُّھَاالنَّبِیُّ"اس کے معنی یہ بھی کئے گئے ہیں کہ تیسرا وہ شخص جوسلامتی سے اپنے گھر میں رہے بلاوجہ لوگوں میں نہ پھرے،جیسا کہ دوسری حدیث سے معلوم ہورہا ہے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 , حدیث نمبر: 727