Main Icon

باب: مسجدوں اورنماز کے مقامات کابیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 723

نماز کا بیان - جلد 1

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِيْ سَعِيْدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ -صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ-: "إِذَا رَأَيْتُمُ الرَّجُلَ يَتَعَاهَدُ الْمَسْجِدَ فَاشْهَدُوْا لَهٗ بِالإِيمَانِ، فَإِنَّ اللّٰهَ يَقُوْلُ: إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللّٰهِ مَنْ آمَنَ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ . رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَابْنُ مَاجَهْ والدَّارِمِيُّ.

وعن أبي سعيد الخدري قال: قال رسول الله -صلى الله عليه وسلم-: "إذا رأيتم الرجل يتعاهد المسجد فاشهدوا له بالإيمان، فإن الله يقول: إنما يعمر مساجد الله من آمن بالله واليوم الآخر . رواه الترمذي وابن ماجه والدارمي.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابوسعیدخدری سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب تم کسی شخص کو مسجدکی خبرگیری کرتے دیکھو ۱؎تو اس کے ایمان کی گواہی دے دو ۲؎کیونکہ رب تعالٰی فرماتا ہے کہ مسجدیں وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور قیامت پر ایمان رکھتے ہیں ۳؎(ترمذی،ابن ماجہ،دارمی)

شرح حدیث

۱∞؎اس طرح کہ ہرنماز کے لیے وہاں حاضرہو،وہاں کی صفائی کرے،مرمت کا خیال رکھے،جائززینت میں مشغول ہو،وہاں بیٹھ کردینی مسائل بیان کرے،وہاں درس دے یہ سب مسجد کی خبر گیری میں داخل ہیں۔
۲
؎کیونکہ یہ چیزیں ایمان کی علامتیں ہیں۔خیال رہے کہ یہ گواہی ایسی ہی ہے جیسے کسی کا لباس اورشکل دیکھ کر ہم اسے مؤمن سمجھتے اورکہتے ہیں۔گواہی سے مرادقطعی فیصلہ نہیں۔لہذا یہ حدیث "باب الایمان بالقدر" کی احادیث کے خلاف نہیں کہ عائشہ صدیقہ نے ایک انصاری بچے کو جوفوت ہوگیا تھا،جنت کی چڑیا کہا،حضور علیہ السلام نے اس سے منع کیا،فرمایا تمہیں کیاخبر یہ کہاں جائے گا۔نیز اگرکسی کا کفر ظاہرہو اور وہ مسجدکی خدمت کرے تو اسے مؤمن نہ کہا جائے گا،جیسے اس زمانہ کے نمازی منافق اور اس زمانہ کے نمازی اورمسجدوں کے خدمت گارمرزائی،لہذا یہ حدیث اس آیت کے خلاف نہیں۔"اَنۡ تَحْبَطَ اَعْمَٰالُکُمْ" یا "قَدْ كَفَرْتُمْ بَعْدَ اِیْمَانِكُمْؕ
۳
؎اس آیت کی دوتفسیریں ہیں:ایک یہ کہ مسجدیں آباد کرنے کی توفیق عمومًا مؤمنوں ہی کو ملتی ہے۔دوسرے یہ کہ مسجدیں بنانے اورآبادکرنے کا حق صرف مؤمن وں کوہے کفارکونہیں اسی لیے منافقوں کی مسجدضرار گرادی گئی تھی۔مرقاۃ نے فرمایا کہ یہاں مسجدکی آبادی میں مسجدوں میں چراغاں کرنا،اس کوسجانا سب داخل ہے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 , حدیث نمبر: 723