Main Icon

باب :صدقہ کی فضیلت - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 1925

زکوۃ کا بیان - جلد 3

حدیث مبارکہ

وَعَنْ مَرْثَدِ بْنِ عَبْد اللّٰهِ قَالَ: حَدَّثَنِي بَعْضُ أَصْحَابِ رَسُولِ اللّٰهِ -صَلَّی اللّٰہُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ- أَنَّهُ سَمعَ رَسُولَ اللّٰهِ -صَلَّی اللّٰہُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ- يَقُولُ: "إِنَّ ظِلَّ الْمُؤْمِنِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ صَدَقَتُهُ". رَوَاهُ أَحْمَدُ.

وعن مرثد بن عبد الله قال: حدثني بعض أصحاب رسول الله -صلی اللہ عليه وسلم- أنه سمع رسول الله -صلی اللہ عليه وسلم- يقول: "إن ظل المؤمن يوم القيامة صدقته". رواه أحمد.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت مرثد ابن عبد اللہ سے ۱؎فرماتے ہیں کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض صحابہ نے خبردی کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا قیامت کے دن مسلمان کا سایہ اس کا صدقہ ہوگا ۲؎(احمد)

شرح حدیث

۱∞؎آپ کی کنیت ابوالخیر ہے،قبیلہ مزینہ سے ہیں،مصر کے رہنے والے تابعین میں سے ہیں،اپنے زمانہ کے مفتی اعظم تھےحتی کہ حضرت عمر ابن عبدالعزیز آپ سے فتوٰی لیتے تھے،حضرت ابن عمر،ابو ایوب عقبہ ابن عامر صحابہ سے ملاقات ہے۔
۲
؎یعنی مؤمن کے صدقہ و خیرات خصوصًافي سبیل اللهمسافر خانے،مسجدیں بنانا اور باغات لگانا وغیرہ کل قیامت میں درخت سایہ دار کی شکل میں نمودار ہوں گے جن کے سایہ میں سخی ہوگا اور قیامت کی گرمی سے محفوظ رہے گا کیونکہ دنیا میں غرباء،فقراء کو اس نے اپنے سایہ کرم میں رکھا تھا،حدیث بالکل ظاہری معنے پر ہے کسی تاویل کی ضرورت نہیں وہاں مال بلکہ اعمال کی مختلف شکلیں ہوں گی:بخیل کا مال گنجے سانپ کی شکل میں،سخی کا مال درخت سایہ دار کی صورت میں نمودار ہوگا۔آج دنیا میں ہم خواب میں ان چیزوں کو مختلف صورتوں میں دیکھتے ہیں،بادشاہ مصر نے قحط کے سال،خشک بال اور دبلی گایوں کی شکل میں دیکھے تھے۔(قرآن کریم)

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 3 , حدیث نمبر: 1925