Main Icon

باب :مدینہ منورہ کا حرم اللّٰہ اسے محفوظ رکھے - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 2746

کتاب ارکان حج - جلد 4

حدیث مبارکہ

وَعَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أُحُدٌ جَبَلٌ يُحِبُّنَا ونُحِبُّهٗ. رَوَاهُ البُخَارِيُّ

وعن سهل بن سعد قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: أحد جبل يحبنا ونحبه. رواه البخاري

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت سہل ابن سعد سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللّٰه صلی اللّٰہ علیہ و سلم نے احد وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں ۱؎(بخاری)

شرح حدیث

۱∞؎اس حدیث سے چند ایمان افروز مسائل ثابت ہوئے:(۱) ایک یہ کہ تمام حسین صرف انسانوں کے محبوب ہوئے، حضور انور انسان،جنّ،لکڑی،پتھر،جانوروں کے بھی محبوب ہیں یعنی خدائی کے محبوب ہیں کیونکہ خدا کے محبوب ہیں(۲)دوسرے یہ کہ دوسرے محبوبوں کو ہزاروں نے دیکھا مگر عاشق ایک دو ہوں،حضور انور صلی اللّٰہ علیہ و سلم کی محبوبیت کا یہ عالم ہے کہ آج ان کا دیکھنے والا کوئی نہیں اور عاشق کروڑوں ہیں۔شعر
حسن یوسف پہ کٹیں مصر میں انگشت زناں
سرکٹاتے ہیں ترے نام پہ مردان عرب
تیسرے یہ کہ حضور انور کو پتھر کے دل کا حال معلوم ہے کہ کس پتھر کے دل میں ہم سے کتنی محبت ہے تو ہمارے دلوں کا ایمان، عرفان،محبت و عداوت وغیرہ بھی یقینًا معلوم ہے یہ ہے علم غیب رسول۔چوتھے یہ کہ حضور انور صلی اللّٰہ علیہ و سلم کو اپنا عشق و محبت جتانے ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں انہیں ہمارے حالات خود ہی معلوم ہیں،احد نے منہ سے نہ کہا تھا کہ میں آپ سے محبت کرتا ہوں یا آپ کا چاہنے والا ہوں۔پانچویں یہ کہ جس انسان کے دل میں حضور کی محبت نہ ہو وہ پتھر سے بھی سخت ہے،اللّٰه تعالٰی حضور کی محبت نصیب کرے۔چھٹے یہ کہ حضور کی محبت ان کی محبوبیت کا ذریعہ ہے جو چاہتا ہے کہ حضور اس سے محبت کریں تو اسے چاہیے کہ حضور انور سے محبت کرے،دیکھو یہاں فرمایا کہ ہم بھی احد سے محبت کرتے ہیں۔ساتویں یہ کہ جو حضور انور کا محبوب بن گیا تو تمام عالم کا پیارا ہوگیا دیکھو آج احد پہاڑ ہر مؤمن کی آنکھ کا تارا ہے ایسے ہی آج وہ حضرات بھی حضور انور کے چاہنے والے بن گئے خلقت کے محبوب ہوگئے،ان کے آستانے مرجع خلائق ہوگئے،دیکھو حضرت خواجہ اجمیری،حضور غوث پاک،حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللّٰه علیہم کے آستانوں کی رونقیں یہ اسی محبوبیت کی جلوہ گری ہے،اعلٰی حضر ت فرماتے ہیں۔شعر
ان کے در کا جو ہوا خلق خدا اس کی ہوئی
ان کے در سے جو پھرا اللّٰه اس سے پھر گیا

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 4 , حدیث نمبر: 2746