Main Icon

باب : آگ اور آگ والوں کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 5679

فتنوں کا بیان - جلد 7

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ -صلى اللَّه عليه وسلم- قَالَ: "إِنَّ الْحَمِيمَ لَيُصَبُّ عَلَى رُؤُوسِهِمْ، فَيَنْفُذُ الْحَمِيمُ حَتَّى يَخْلُصَ إِلَى جَوْفِهِ، فَيَسْلُتُ مَا فِي جَوْفِهِ، حَتَّى يَمْرُقَ مِنْ قَدَمَيْهِ وَهُوَ الصَّهْرُ، ثُمَّ يُعَادُ كَمَا كَانَ". رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ.

وعن أبي هريرة عن النبي -صلى الله عليه وسلم- قال: "إن الحميم ليصب على رؤوسهم، فينفذ الحميم حتى يخلص إلى جوفه، فيسلت ما في جوفه، حتى يمرق من قدميه وهو الصهر، ثم يعاد كما كان". رواه الترمذي.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے وہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی فرمایا کہ گرم پانی دوزخیوں کے سر پر ڈالا جائے گا تویہ گرم پانی اس میں سرایت کرجاوے گا حتی کہ اس کے پیٹ تک پہنچ جاوے گا ۱∞؎تو اس کے پیٹ کی چیزوں کو کاٹ ڈالے گا حتی کہ اس کے قدموں سے نکل جاوے گا ۲؎صہریہ ہی ہے۳؎پھر جیسا تھا ویسا ہی لوٹا دیا جاوے گا۴؎(ترمذی)

شرح حدیث

۱∞؎ماء حار کہتے ہیں گرم پانی کو اور حمیم کہتے ہیں کھولتے ہوئے پانی کو جو دیگچی میں ابلتا ہو یہ ہی پانی انہیں پینے کو دیا جائے گا اور اسی پانی سے انہیں غسل دیا جایا کرے گا۔بعض شارحین نے فرمایا کہ یہاں جوف سے مراد ہے سرکا اندرونی حصہ مگر قوی یہ ہے کہ اس کے معنی ہیں پیٹ اور ہوسکتا ہے کہ سر پر پانی پڑے پیٹ تک اس کا اثر پہنچے،دیکھا جاتا ہے کہ تلوؤ ں میں ٹھنڈی چیز ملو تو آنکھوں میں اثر پہنچتا ہے۔۲؎یعنی پیٹ کی آنتیں،پھیپھڑا،دل جگر وغیرہ سب کچھ کاٹ ڈالے گا اور ان سب کے ٹکڑے پاخانہ کی راہ سے نکل جاویں گے مگر موت نہ آئے گی بلکہ ان سب کے نکلتے ہی دوبارہ پیٹ میں سب کچھ بن جاوے گا دوبارہ کاٹنے کے لیے سب ٹھیک کردیا جاوے گا جیساکہ آگے ارشا دہے۔۳؎یعنی قرآن مجید میں جو ارشاد ہے"یُصَبُّ مِنۡ فَوْقِ رُءُوۡسِہِمُ الْحَمِیۡمُ یُصْہَرُ بِہٖ مَا فِیۡ بُطُوۡنِہِمْ وَالْجُلُوۡدُ"اس آیت میں جویصھرارشاد ہے اس سے یہ کٹ کر سب کچھ نکل جانا مراد ہے۔۴؎خود یہ نکلی ہوئی آنتیں وغیرہ واپس نہیں کی جاویں گی بلکہ پیٹ میں دوبارہ یہ سب چیزیں نئی بنادی جاویں گی،رب فرماتاہے:"بَدَّلْنٰہُمْ جُلُوۡدًا غَیۡرَہَا"دنیا میں جلی ہوئی کھال دوبارہ بن جاتی ہے بلکہ اب تو ڈاکٹر مریض کا دل نکال کر دوسرا دل ڈال دیتے ہیں اور آدمی زندہ رہتا ہے جیسا کہ ریڈیو اور اخباروں میں آرہا ہے لہذا ان باتوں کو بغیر چون و چرا مان لینا چاہیے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 7 , حدیث نمبر: 5679