Main Icon

باب:نرمی و شرم وغیرت اور اچھی عادت کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 5083

اچھی باتوں کا بیان - جلد 6

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِي ذَرٍّ قَالَ: قَالَ لِي رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اِتَّقِ اللّٰهَ حَيْثُمَا كُنْتَ وَأَتْبِعِ السَّيِّئَةَ الْحَسَنَةَ تَمْحُهَا وَخَالِقِ النَّاسَ بِخُلُقٍ حَسَنٍ .رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِيُّ وَالدَّارِمِيُّ

وعن أبي ذر قال: قال لي رسول الله صلى الله عليه وسلم: اتق الله حيثما كنت وأتبع السيئة الحسنة تمحها وخالق الناس بخلق حسن .رواه أحمد والترمذي والدارمي

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابوذر سے فرماتے ہیں مجھ سے رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا ۱∞؎جہاں ہوؤ الله سے ڈرو۲؎اور برائی کے پیچھے بھلائی کرو جو برائی مٹادے۳؎اور لوگوں سے اچھے اخلاق سے برتاوا کرو ۴؎(احمد،ترمذی،دارمی)

شرح حدیث

۱∞؎نووی نے اپنی کتاب اربعین میں فرمایا کہ حضرت ابوذرغفاری اور معاذ ابن جبل رضی الله عنہما چہارم مسلمین ہیں۔(مرقات)حضرت ابوذر غفاری سے خصوصیت سے یہ ارشاد فرمایا گیا اگرچہ اور لوگ بھی سنتے تھے۔
۲
؎اس طرح کہ سارے واجبات ادا کرو اور سارے حراموں سے بچو۔تقویٰ دین کی جڑ اور یقین کی بنیاد ہے۔تقویٰ کے بہت درجے ہیں جو ہم نے اپنی تفسیرنعیمی میںھدی للمتقینکی تفسیر میں عرض کیے۔پہلا درجہ بدعقیدگی سے بچنا ہے،دوسرا درجہ بدعملی سے بچنا ہے،تیسرا درجہ مکروہ بلکہ مشتبہ چیزوں سے بچنا،چوتھا درجہ بیکار چیزوں سے بچنا،پانچواں درجہ جو بارے حجاب ہو اس سے بچنا۔غرضکہ ہر طرح کی آڑ پھاڑ کر یار تک پہنچنا ہے الله اس قال کو حال بنادے۔جہاں کہیں ہونے سے مراد ہے علانیہ خفیہ ہر طرح ہر جگہ خدا سے ڈرنا۔
۳
؎یعنی گناہوں کے بعد توبہ کرلو اور بداعمالی کے بعد نیک اعمال کرلو جن سے یہ برائیاں مٹ جاویں۔گانا سن لیا ہے تو قرآن مجید سن لو،بری جگہ بیٹھے ہو تو وعظ و نصیحت کی مجلس میں بیٹھو،اگر حرام جگہ خرچ کردیا ہے تو صدقہ و خیرات کرو غرضکہ ہر مرض کا علاج اس کی ضد سے کرو،حب دنیا کو حب آخرت سے دھولو،سیاہی دل کو آنکھوں کے آنسو سے دور کرلو غرض کہ سیاہی کو سفیدی سے دور کرو ،دنیا وی خوشی کے بعد آخرت کا غم کرلو،الله تعالٰی ان نیکیوں کے ذریعہ ان برائیوں کو مٹا دے گا،رب فرماتا ہے:"اِنَّ الْحَسَنٰتِ یُذْھِبْنَ السَّیِّاٰتِ
۴
؎اس طرح کہ لوگوں کی تکالیف برداشت کرو،ان پر اپنا مال خرچ کرو،ان سے خندہ پیشانی سے ملو،ان کی مصیبتوں میں کام آؤ۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 6 , حدیث نمبر: 5083