Main Icon

باب:وعظ و شعر کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 4804

اچھی باتوں کا بیان - جلد 6

حدیث مبارکہ

وَعَنْ صَخْرِ بْنِ عَبْدِ اللّٰهِ بْنِ بُرَيْدَةَ عَنْ أَبِيه عَنْ جدِّه قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: إِنَّ مِنَ الْبَيَانِ سِحْرًا وَإِنَّ مِنَ الْعِلْمِ جَهْلًا وَإِنَّ مِنَ الشِّعْرِ حُكْمًا وَإِنَّ مِنَ الْقَوْلِ عِيَالًا . رَوَاهُ أَبُوْدَاوُدَ

وعن صخر بن عبد الله بن بريدة عن أبيه عن جده قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: إن من البيان سحرا وإن من العلم جهلا وإن من الشعر حكما وإن من القول عيالا . رواه أبوداود

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت صخر بن عبدالله ابن بریدہ سے وہ اپنے والد سے وہ اپنے دادا سے راوی ۱∞؎فرماتے ہیں میں نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ بعض بیان جادو ہیں اور بعض علم جہالت ہے ۲؎اور بعض شعر حکمت ہیں۳؎اور بعض کلام وبال ہیں ۴؎(ابوداؤد)

شرح حدیث

۱∞؎بریدہ اسلمی مشہور صحابی ہیں،انکے فرزند عبدالله ابن بریدہ تابعی ہیں ،مرو کے قاضی رہے ،ان کے بھائی سلیمان ابن بریدہ ان سے زیادہ عالم و متقی تھے،صخر ابن عبد اللہ بھی تابعی ہیں،ان کا لقب مروزی ہے،انہوں نے اپنے دادا حضرت بریدہ سے ملاقات کی ہے، حضرت بریدہ غزوہ بدر سے پہلے ایمان لائے مگر اس غزوہ میں شریک نہ ہوئے،بیعۃ الرضوان میں حاضر تھے،مدینہ کے رہنے والے تھے پھر بصرہ پھر خراسان میں رہے، یزید ابن معاویہ کے زمانہ میں مقام مرو میں وفات پائی، ۶۲؁∞ باسٹھ میں اور مرو میں ہی دفن ہوئے،آپ سے بہت لوگوں نے احادیث روایت کیں۔
۲
؎غیرضروری چیزیں سیکھنا ضروری چیزیں نہ سیکھنا جہالت ہے،بعض لوگ بجائے علم دین کے فلسفہ منطق ریاضی میں عمر صرف کردیتے ہیں یہ جہالت ہے،یوں ہی جو علم رب تک نہ پہنچائے وہ جہالت ہے،یوں ہی علم بے عمل جہالت ہے یا علم کا دعویٰ ہو مگر علم نہ ہو یہ جہالت مرکبہ ہے جس علم کے ساتھ عقل یا معرفت نہ ہو وہ جہالت ہے۔
۳
؎بعض علماء نے بہت سے علوم اشعار میں بیان کردیئے ہیں۔ایک بزرگ نے سارے قرآن مجید کی تفسیر پنجابی اشعار میں لکھی،تفسیر سورۂ یوسف نظم میں تو بہت لوگوں نے لکھیں یہ اشعار حکمت ہیں ان سے علم کی اشاعت بہت ہوتی ہے۔
۴
؎یا کہنے والے پر وبال کہ اپنے کلام سے پکڑا جاوے یا سننے والے پر وبال کہ وہ اکتا جاوے مگر یہ ختم ہی نہ کرے یا وہ سمجھے نہیں اور یہ کہے جاوے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 6 , حدیث نمبر: 4804