Main Icon

باب:شراب اور اس کے پینے والے کی وعید کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 3656

مقررہ سزاؤں کا بیان - جلد 5

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِيْ مُوْسَى الأَشْعَرِيِّ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: "ثَلَاثَةٌ لَا تَدْخُلُ الْجَنَّةَ: مُدْمِنُ الْخَمْرِ، وَقَاطِعُ الرَّحِم، وَمُصَدِّقٌ بِالسِّحْرِ". رَوَاهُ أَحْمَدُ.

وعن أبي موسى الأشعري، أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: "ثلاثة لا تدخل الجنة: مدمن الخمر، وقاطع الرحم، ومصدق بالسحر". رواه أحمد.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابو موسیٰ اشعری سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا تین شخص جنت میں نہ جائیں گے عادی شرابی، قاطع الرحم ۱؎اور جادو کی تصدیق کرنے والا ۲؎(احمد)

شرح حدیث

۱∞؎قاطع رحم عام ہے عاق سے کیونکہ عاق ماں باپ کا نافرمان ہے اور قاطع رحم اپنی نسبی عزیزوں پر زیادتی کرنے والا یا ان کے حقوق ادا نہ کرنے والا باوجود قدرت کے،مسلمان پر ماں باپ،بھائی بہن،خالہ،ماموں وغیرہم بلکہ بیوی اور اس کے والدین کے بھی حقوق ہیں۔ان حقوق کی تفصیل اعلیٰ حضرت قدس سرہٗ کی کتابشرح الحقو ق لطرح العقوقمیں ملاحظہ فرمایئے۔مسلمان کو چاہیے کہ اپنے رشتہ داروں سے خبردار رہے کہ میرا کون کون رشتہ دار ہے اور ان سے میرا کیا رشتہ ہے تاکہ ان کے حقوق بقدر قرابت ادا کرے۔
۲
؎یعنی جادو کو حق یعنی حلال جاننے والا یا اس کی تاثیر بذاتہٖ کا قائل جادوکرنا حرام ہے اسے حلال جاننا بے دینی ہے ورنہ جادو میں رب تعالٰی نے تاثیر رکھی ہے جس کا ثبوت قرآن مجید سے ہے،رب تعالٰی فرماتاہے:"یُفَرِّقُوۡنَ بِہٖ بَیۡنَ الْمَرْءِ وَزَوْجِہٖ"لہذا جادو کو برحق تاثیر ماننے والا مؤمن ہے اسے حلال جاننے والا کافر،یہاں دوسری صورت کا ذکر ہے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 5 , حدیث نمبر: 3656