Main Icon

باب:جامع دعائیں - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 2504

دعاؤں کا بیان - جلد 4

حدیث مبارکہ

وَعَنْ عُمَرَ رَضِيَ اللّٰه عَنْهُ قَالَ: عَلَّمَنِي رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: " قُلْ: اَللّٰهُمَّ اجْعَلْ سَرِيرَتِي خَيْرًا مِنْ عَلَانِيَتِي وَاجْعَلْ عَلَانِيَتِي صَالِحَةً اَللّٰهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ مِنْ صَالِحٍ مَا تُؤْتِي النَّاسَ مِنَ الْأَهْلِ وَالْمَالِ وَالْوَلَدِ غَيْرِ الضَّالِّ وَلَا الْمُضِلِّ " رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ

وعن عمر رضي الله عنه قال: علمني رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: " قل: اللهم اجعل سريرتي خيرا من علانيتي واجعل علانيتي صالحة اللهم إني أسألك من صالح ما تؤتي الناس من الأهل والمال والولد غير الضال ولا المضل " رواه الترمذي

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت عمر رضی اللّٰہ عنہ سے فرماتے ہیں مجھے رسول اللّٰه صلی اللّٰہ علیہ و سلم نے یہ دعا سکھائی فرمایا کہو اللّٰه میرا باطن میرے ظاہر سے اچھا کر دے اور میرے ظاہر کو نیک و صالح بنادے ۱؎اے اللّٰه میں تجھ سے وہ اچھا گھر بار، مال،اولاد جو نہ گمراہ ہو اور نہ گمراہ گر مانگتا ہوں جو تو لوگوں کو دیتا ہے۲؎(ترمذی)

شرح حدیث

۱∞؎سبحان اللّٰه! کیسی پیاری دعا ہے یعنی خدایا مجھے جسمانی پرہیزگاری بھی عطا فرما اور دلی تقویٰ ظاہری پرہیزگاری سے اعلٰی ہو،ظاہر کا باطن سے اعلٰی ہونا غضب الٰہی ہے کہ یہ ریاء ہے،نیز ظاہر خراب ہونا دل کا اچھا ہونا بھی برا کہ یہ فسق ہے،غذا بھی اچھی و اعلٰی چاہیے اور برتن بھی صاف ستھرا۔
۲
؎ظاہر یہ ہے کہ گمراہ اور گمراہ گرولد کی صفت ہے کیونکہ مال اگرچہ گمراہ گر تو ہوتا ہے مگر گمراہ نہیں ہوتا اور ہوسکتا ہے کہضالسے مراد خبیث اور برا ہو تو یہ تینوں کی صفت ہے یعنی خدایا ہمیں ایسی بیوی بچے اور مال نہ دے جو خود بھی خبیث ہوں اور ہمیں بھی خبیث کردیں۔الحمدللّٰہکہ دعاؤں کا باب بخیر و بخوبی ختم ہوا،دعاؤں کے متعلق آخری گزارش یہ ہے کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ و سلم کی ارشاد فرمودہ دعائیں بفضلہ تعالٰی تیرے بہدف ہیں مگر دعاؤں کی قبولیت کے لیے چند چیزیں ضروری ہیں:سچی زبان،حلال روزی،دل حاضر،آنکھیں تر،قبولیت کی امید،تقویٰ و پرہیزگاری،رات کے آخری حصہ کی دعائیں جلد قبول ہوتی ہیں،اگر کبھی کسی دعا کے ظہور میں دیر لگے تو یقین کرنا چاہیے کہ ہم میں کچھ کوتاہی ہے،رب سچا،اس کے محبو ب سچے ہم جھوٹے ہمارے اعمال کھوٹے ہیں۔ شعر
مری رات کی دعائیں جو نہیں قبول ہوتیں
میں سمجھ گیا یقینًا ابھی مجھ میں کچھ کمی ہے
کبھی دعا اس لئے بھی قبول نہیں ہوتی کہ کسی کی بد دعا ہمارے پیچھے پڑی ہوتی ہے پہلے بددعا ؤں کو بند کروتاکہ دعائیں قبول ہوں ،رب تعالٰی مقبول دعائیں نصیب کرے۔ احمد یا رخاں!

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 4 , حدیث نمبر: 2504