Main Icon

باب : جنبی سے اختلاط کا باب اور کیا چیزیں جنبی کو جائز ہیں - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 456

پاکی کی کتاب - جلد 1

حدیث مبارکہ

وَعَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَذْكُرُ اللهِ عَزَّ وَجَلَّ عَلٰى كُلِّ أَحْيَانِهٖ. رَوَاهُ مُسْلِمٌ وَحَدِيثُ ابْنِ عَبَّاسٍ سَنَذْكُرُهٗ فِيْ كِتَابِ الْأَطْعِمَةِ إِنْ شَاءَ اللهُ تَعَالٰی

وعن عائشة قالت: كان النبي صلى الله عليه وسلم يذكر الله عز وجل على كل أحيانه. رواه مسلم وحديث ابن عباس سنذكره في كتاب الأطعمة إن شاء الله تعالی

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہر وقت ذکر الٰہی کرتے تھے ۱؎(مسلم)ہم ابن عباس کی حدیثان شاءاﷲکھانوں کے باب میں بیان کریں گے۲؎

شرح حدیث

۱∞؎یعنی جنابت وطہارت ہر حال میں زبان شریف سے کلمۂ طیبہ اورتمام وظائف وغیرہ پڑھا کرتے تھے کیونکہ جنابت میں صرف تلاوت قرآن حرام ہے۔
لطیفہ: مجھ سے ایک شخص نے سوال کیا کہ جنابت میں درود شریف سے حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے نام کی بے ادبی ہوگی،میں نے جواب دیا کہ اگر سمندر میں گندہ آدمی نہالے تو گندہ پاک ہوجاتا ہے سمندر ناپاک نہیں ہوتا۔حضورصلی اللہ علیہ وسلم کا نام پاک سمندر ہے ہم گندے ہیں،نیز جو عورتیں حیض و نفاس کی حالت میں مرتی ہیں انہیں مرتے وقت کلمہ اور درود کی بلاشبہ اجازت ہے۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حضور علیہ السلام ذکر زبانی جہری کرتے تھے جبھی تو آپ سنتی تھیں۔خیال رہے کہ حضرات قادریہ و چشتیہ وغیرہم کے ہاں
ذکر بالجہرافضل ہے ان کا ماخذ یہ حدیث بھی ہوسکتی ہے۔
۲
؎یعنی مصابیح میں وہ حدیث اسی مقام پرتھی مگرصاحب مشکوٰۃ نے اسے مناسبت کی وجہ سے وہاں ذکر کیا جس میں فرمایا گیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بغیروضو کئے کھانا تناول فرمالیا۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 , حدیث نمبر: 456