Main Icon

باب: بہترین صدقہ - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 1944

زکوۃ کا بیان - جلد 3

حدیث مبارکہ

وَعَنْ جَابِرٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ -صَلَّی اللّٰہُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ-: "لَا يُسْأَلُ بِوَجْهِ اللّٰهِ إِلَّا الْجَنَّةُ". رَوَاهُ أَبُو دَاوُدَ.

وعن جابر قال: قال رسول الله -صلی اللہ عليه وسلم-: "لا يسأل بوجه الله إلا الجنة". رواه أبو داود.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ نے کہ اللہ کے نام پر صرف جنت ہی مانگی جائے ۱؎(ابوداؤد)

شرح حدیث

۱∞؎شیخ نے اس حدیث کے دو مطلب بیان کئے:ایک یہ کہ کسی شخص سے اللہ کے نام پر کچھ نہ مانگوکیونکہ اللہ تعالٰی کے نام پر مانگنے کی چیز جنت ہے اور یہ شخص جنت دے نہیں سکتا۔دوسرے یہ کہ اللہ تعالٰی سے اس کے نام پر دنیاوی چیز نہ مانگو بلکہ اس کے نام پر اس سے جنت مانگو یہ عرض کرو"اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَسْئَلُكَ بِوَجْھِكَ الْکَرِیْمِ اَنْ تُدْخِلَنَا الْجَنَّۃَ"۔فقیر احمد یار کہتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالٰی کے نام پر جنت مانگو جیسے حضرت ربیعہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم سے جنت مانگی"اَسْئَلُكَ مُرَافَقَتَكَ فِی الْجَنَّۃِ"۔بعض عشاق کہتے ہیں کہ خدا تعالٰی سے جناب مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو مانگو اور جناب نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خدا تعالٰی کو مانگو۔
محمد صلی اللہ علیہ وسلم از تومے خواہم خدارا
خدایا از تو عشق مصطفےٰ را
حضرت ربیعہ نے بھی حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم سے حضور ہی کو مانگا مگر چونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم جنت ہی میں ملیں گے اس لیے جنت بھی مانگ لی عرض کیا آپ سے آپ کی ہمراہی مانگتا ہوں جو جنت میں ہوگی۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 3 , حدیث نمبر: 1944