Main Icon

باب : حساب،بدلہ،ترازو کا بیان - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 5563

فتنوں کا بیان - جلد 7

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ: أَنَّهُ أَتَى رَسُولَ اللَّهِ -صلى اللَّه عليه وسلم- فَقَالَ: أَخْبِرْنِي مَنْ يَقْوَى عَلَى الْقِيَامِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ الَّذِي قَالَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ: {يَوْمَ يَقُومُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ}، فَقَالَ: ، يُخَفَّفُ عَلَى الْمُؤْمِنِ حَتَّى يَكُونَ عَلَيْهِ كَالصَّلَاةِ الْمَكْتُوبَةِ".

وعن أبي سعيد الخدري: أنه أتى رسول الله -صلى الله عليه وسلم- فقال: أخبرني من يقوى على القيام يوم القيامة الذي قال الله عز وجل: {يوم يقوم الناس لرب العالمين}، فقال: ، يخفف على المؤمن حتى يكون عليه كالصلاة المكتوبة".

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابو سعید خدری سے کہ وہ رسول الله صلی الله علیہ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوئے عرض کیا مجھے خبر دیجئے کہ قیامت کے دن کھڑے ہونے پر کون قدرت رکھے گا جس کے متعلق الله عزوجل نے فرمایا کہ جس دن لوگ رب العالمین کے حضور کھڑے ہوں گے ۱∞؎تو فرمایا کہ وہ دن مؤمن پر ہلکا کردیا جاوے گا حتی کہ اس پر ایک فرض نماز کی طرح ہوجاوے گا ۲؎

شرح حدیث

۱∞؎یعنی قرآن کریم کی ایک آیت فرما رہی ہے کہ قیامت کا دن پچاس ہزار برس کا ہوگا"خَمْسِیۡنَ اَلْفَ سَنَۃٍدوسری یہ آیت فرمارہی ہے کہ اس دن کسی کو بیٹھنے لیٹنے کی اجازت نہ ہوگی سب کھڑے ہی ہوں گے تو اتنی دراز مدت تک کون کھڑا رہ سکے گا،حضرت عبد الله ابن عمر نے یہ ہی سورت تلاوت کی جب اس آیت پر پہنچے توپھوٹ کر رونے لگے حتی کہ آگے نہ پڑھ سکے۔(مرقات)۲؎یہاں نماز فرض سے مراد نماز کا وقت نہیں بلکہ اداء نماز مراد ہے نماز بھی چار رکعت والی یعنی مؤمن متقی کو قیامت کا دن ایسا معلوم ہوگا جیسے اس نے چار رکعت نماز فرض پڑھی۔فرض کی قید اس لیے لگائی کہ بمقابلہ سنت و نفل کے فرض جلد ادا کیے جاتے ہیں کہ اس کی آخری دو رکعت خالی ہوتی ہیں،نیز اس میں قومہ اور جلسہ سے دعائیں نہیں ہوتیں۔خیال رہے کہ غم کی تھوڑی مدت بہت محسوس ہوتی ہے اور خوشی کی دراز مدت کا کم احساس ہوتا ہے،وصال کی رات منٹوں میں فراق کی رات گھنٹوں میں،درد و بیماری کی بے خوابی کی رات سالوں میں گزرتی معلوم ہوتی ہے،مؤمن دیدار مصطفی دیدار خدا کی خوشی میں پھولا نہ سمائے گا اسے قیامت کیا معلوم ہو۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 7 , حدیث نمبر: 5563