Main Icon

باب : رات میں اٹھنے کی ترغیب - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 1232

نماز کا بیان - جلد 2

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِي مَالِكٍ الْأَشْعَرِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : «إِنَّ فِي الْجَنَّةِ غُرَفًا يُرٰى ظَاهِرُهَا مِنْ بَاطِنِهَا وَبَاطِنُهَا مِنْ ظَاهِرِهَا أَعَدَّهَا اللهُ لِمَنْ أَلَانَ الْكَلَامَ وَأَطْعَمَ الطَّعَامَ وَتَابَعَ الصِّيَامَ وَ صَلّٰى بِاللَّيْلِ وَالنَّاسُ نِيَامٌ» . رَوَاهُ الْبَيْهَقِيّ فِيْ شُعَبِ الْإِيْمَانِ

وعن أبي مالك الأشعري قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : «إن في الجنة غرفا يرى ظاهرها من باطنها وباطنها من ظاهرها أعدها الله لمن ألان الكلام وأطعم الطعام وتابع الصيام و صلى بالليل والناس نيام» . رواه البيهقي في شعب الإيمان

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابو مالک اشعری سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کہ جنت میں ایسے دریچے ہیں کہ جن کا باہر اندر سے اور اندر باہر سے دیکھاجاتا ہے ۱؎یہ الله نے ان کے لیئے بنائے جو بات نرم کریں اور کھانا کھلائیں ۲؎اور متواتر روزے رکھیں اور جب لوگ سوتے ہوں تو رات میں نماز پڑھیں۳؎(بیہقی ،شعب الایمان )

شرح حدیث

۱∞؎یعنی ان کی دیواریں اور کواڑ ایسے صاف اور شفاف کہ نگاہ کو نہیں روکتے جس کا نمونہ کچھ دنیا میں شیشے کی دیواروں اور کواڑوں میں نظر آتا ہے،اس شفافی میں اس کے حسن و خوبی کی طرف اشارہ ہے۔
۲
؎یعنی وہ دریچے ان لوگوں کے لیئے ہیں جن میں یہ چار صفات جمع ہوں ہر مسلمان دوست یا دشمن سے نرمی سے بات کرنا،کفار سے سخت کلامی بھی عبادت ہے،رب تعالٰی فرماتا ہے:"اَشِدَّآءُ عَلَی الْکُفَّارِ"اور فرماتا ہے:"وَلْیَجِدُوۡا فِیۡکُمْ غِلْظَۃً" ہر خاص و عام کو کھانا کھلانا اس میں مشائخ کے لنگروں کا ثبوت ہے،بعض بزرگوں کے ہاں چرند و ں پرندوں کو بھی دانا پانی دیا جاتا ہے وہ طعام کو بہت عام کرتے ہیں۔
۳
؎یعنی ہمیشہ روزے رکھیں سوا ان پانچ دنوں کے جن میں روزہ حرام ہے یعنی شوال کی یکم اور ذی الحجہ کی دسویں تا تیرھویں یہ حدیث ان لوگوں کی دلیل ہے جو ہمیشہ روزے رکھتے ہیں،بعض نے فرمایا کہ اس کے معنی ہیں ہر مہینہ میں مسلسل تین روزے رکھے،چونکہ نماز تہجد ریاء سے دور ہے اور تمام نمازوں کی زینت اس لیئے اس کے پڑھنے والے کو مزین دریچے دیئے گئے۔خلاصہ یہ ہے کہ جودو سجود کا اجتماع بہترین وصف ہے۔شعر
شرف مرد بخود است و کرامت بسجود ہر کہ ایں ہر دوندا رعد مش بہ زوجود

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 2 , حدیث نمبر: 1232