Main Icon

باب : پانیوں کے احکام کا باب - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 478

پاکی کی کتاب - جلد 1

حدیث مبارکہ

وَعَنْ أَبِيْ سَعِيْدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ: قِيْلَ: يَا رَسُوْلَ اللّٰهِ أَنَتَوَضَّأُ مِنْ بِئْرِ بُضَاعَةَ وَهِيَ بِئْرٌ يُلْقٰى فِيْهَا الْحِيَضُ وَلُحُومُ الْكِلَابِ وَالنَّتْنُ؟فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "إِنَّ الْمَاءَ طَهُوْرٌ لَا يُنَجِّسُهٗ شَيْءٌ". رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِيُّ وَأَبُوْ دَاوُدَ وَالنَّسَائِيُّ.

وعن أبي سعيد الخدري قال: قيل: يا رسول الله أنتوضأ من بئر بضاعة وهي بئر يلقى فيها الحيض ولحوم الكلاب والنتن؟فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "إن الماء طهور لا ينجسه شيء". رواه أحمد والترمذي وأبو داود والنسائي.

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت ابوسعیدخدری سے فرماتے ہیں عرض کیا گیایارسول اللہ کیا ہم بضاعہ کنویں سے وضو کریں ۱؎وہ ایساکنواں تھا جس میں حیض کے لتے کتوں کے گوشت اورگندگیاں ڈالے جاتے تھے ۲؎تو رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ پانی پاک ہے اسے کوئی چیزناپاک نہیں کرتی ۳؎(احمد،ترمذی،ابوداؤد، و نسائی)

شرح حدیث

۱∞؎یہ کنواں مدینہ منورہ محلہ بنی ساعدہ میں واقع ہے،بنی ساعدہ خزرج کا ایک قبیلہ ہے۔فقیر نے اس کنوئیں کی زیارت بھی کی ہے اور اس کاپانی بھی پیا ہے۔
۲
؎یعنی یہ کنواں گویا مدفون کوڑی تھا کہ مدینہ کی گلیاں و کوچے صاف کرکے کوڑا کرکٹ وہاں ڈال دیا تھا جیسے ہمارے ہاں بھی ایسے گڑھے دیکھے گئے ہیں۔
۳
؎اَلْمَاءُمیں الف لام عہدی ہے یعنی یہ پانی پاک ہے ان گندگیوں سے ناپاک نہیں ہوتا۔امام شافعی کے نزدیک تو اس لئے کہ وہ پانی قلتین سے زیادہ تھا،امام اعظم کے نزدیک اس لیے کہ وہ پانی جاری تھایعنی مدفون نہر پر یہ کنواں واقع تھا جیسا کہ مکہ مکرمہ میں نہر زبیدہ پراور مدینہ طیبہ میں نہر زرقاءپرتمام کنوئیں ہیں جو بظاہر کنوئیں معلوم ہوتے ہیں مگر حقیقت میں دبی ہوئی نہر،امام اعظم کا قول قوی ہے کیونکہ قلتین تو کیاسینکڑوں قلے پانی اتنی گندگی پڑنے سے بگڑ جائے گا ہمارے کنوئیں میں اگر ایک بلی پھول پھٹ جائے تو پانی سڑجاتا ہے،لہذا یہ حدیث امام شافعی کے خلاف ہوگی۔ہاں جاری پانی چونکہ سب کچھ بہا کر لے جائے گا،اس لئے کہ اس کے ناپاک ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اب بھی بیر بضاعہ وغیرہ میں جھانک کر دیکھو تو پانی بہتا ہوانظر آتا ہے۔

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 , حدیث نمبر: 478