Main Icon

حضرات صحابہ کے فضائل - مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح - حدیث نمبر: 6013

فضائل کا بیان - جلد 8

حدیث مبارکہ

وَعَنْ جَابِرٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «لَا تَمَسُّ النَّارُ مُسْلِمٌا رَآنِي أَو رَآى مَنْ رَآنِي».رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ

وعن جابر عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «لا تمس النار مسلما رآني أو راى من رآني».رواه الترمذي

حدیث ترجمہ

روایت ہے حضرت جابر سے وہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی فرمایا اس مسلمان کو آگ نہ چھوئے گی جس نے مجھے دیکھا یا میرے دیکھنے والے کو دیکھا ۱؎(ترمذی)

شرح حدیث

۱∞؎یعنی جس نے بحالت ایمان مجھے دیکھا اور ایمان پر ہی اس کا خاتمہ ہوا وہ دوزخ سے محفوظ رہے گا لہذا جو لوگ حضور انور کے بعد مرتد ہوکر مرے وہ اس بشارت سے علیحدہ ہیں،یوں ہی جن لوگوں کو اخلاص سے صحابہ کرام کی صحبت نصیب ہوئی ان کی خدمات میسر ہوئیں وہ بھی دوزخ سے محفوظ ہیں۔ہم صحابیت اور تابعی کا فرق پہلے بیان کرچکے ہیں کہ صحابی کے لیے ایک نظر جمال مصطفوی دیکھ لینا کافی ہے مگر تابعیت کے لیے صحابی کی صحبت خدمت ضروری ہے۔اس فرمان عالی کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں نیک اعمال کرنے برے اعمال سے بچنے یا ان سے توبہ کرنے کی توفیق دے گا جس سے وہ دوزخ سے بچ جائیں گے۔ عوام میں مشہور ہے کہ جو پاک پتن شریف میں حضرت بابا گنج شکر فرید الدین کے مقبرہ کے بہشتی دروازے میں داخل ہو جاوے وہ جنتی ہے وہاں بھی مطلب یہ ہے خدا تعالٰی اسے جنتی اعمال کی توفیق دے گا اور اس دروازے میں داخلہ کی برکت سے گزشتہ گناہ صغیرہ معاف فرما دے گا،گناہ کبیرہ سے بچنے کی توفیق دے گا،رب فرماتاہے:"اُدْخُلُوا الْبَابَ سُجَّدًا وَّقُوۡلُوۡا حِطَّۃٌ نَّغْفِرْلَکُمْ خَطٰیٰکُمْ"یہ مطلب نہیں کہ ان لوگوں کے لیے گناہ حلال ہوگئے۔مولانا فرما تے ہیں؎گفت طوبی من رانی مصطفی
والذی بصیر لمن وجہی یراے
جن اکھیاں نے دلبرد دیکھیا اوہ اکھیا تک لیاں
توں ملیوں تے ساجن ملیا ہن آسان لگ گیاں
حضور کو دیکھنے والی آنکھ کی زیارت بھی بہشتی ہونے کا ذریعہ ہے۔احمد اور ابن حبان نے اور عبدالحمید نے بروایت حضرت ابن عمر حدیث نقل فرمائی
و طوبی لمن رانی امن بی و طوبی لمن لم یرانی و امن سبع مرات(مرقات)
جو مجھے دیکھ کر مجھ پر ایمان لائے اسے ایک بار مبارک اور جو مجھے بغیر دیکھے ایمان لائے اسے سات بار مبارک۔خیال رہے کہ سارے صحابہ جنتی ہیں مگر عشرہ مبشرہ وہ ہیں جنہیں ایک حدیث نے جمع فرمایا ورنہ سارے صحابہ جنتی ہیں عشرہ مبشرہ یہ ہیں:
وہ یار بہشتی اند قطعی
بوبکر و عمر علی و عثمان
سعد است و سعید و بوعبیدہ
طلحہ زبیر و عبدالرحمن

ماخذ و مراجع

کتاب: مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 8 , حدیث نمبر: 6013