Main Icon

باب: صَفِ اَوّل کی فضیلت کا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 1083

جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنْ اَبِیْ هُرَيْرَةَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ اَنَّ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَوْ يَعْلَمُ النَّاسُ مَا فِي النِّدَاءِ وَالصَّفِّ الْاَوَّلِ ثُمَّ لَمْ يَجِدُوْا اِلَّا اَنْ يَسْتَهِمُوْا عَلَيْهِ لَاسْتَهَمُوْا.

عن ابی هريرة رضی اللہ عنہ ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: لو يعلم الناس ما في النداء والصف الاول ثم لم يجدوا الا ان يستهموا عليه لاستهموا.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُنا ابو ہریرہرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُسےمروی ہے کہ نبی کریمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ” اگر لوگ جانتے کہ اذان اور پہلی صف میں کتنا ثواب ہےتو اُن کے حصول کے لئے اگرقرعہ اندازی بھی کرنا پڑتی تو ضرورکرتے۔“

شرح حدیث

پہلی صف میں کھڑے ہونے کے فوائد:حدیثِ مذکور میں اذان دینے اور پہلی صف میں نمازپڑھنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔عَلَّامَہ مُحَمَّد عَبْدُالرَّءُوْف مُنَاوِیْ عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اﷲ الْوَالِیفرماتے ہیں:”اگر لوگ پہلی صف میں کھڑے ہونے کے اجر وثواب سے واقف ہوتے تو اسے پانے کے لیے قرعہ اندازی کرتے،پہلی صف میں بہت سی فضیلتیں ہیں، مثلاً مسجد میں جلد آنا، امام کے قریب ہونا، قراءت سننا، اس سے سیکھنا، امام سے غلطی ہو جائے تو اسے لقمہ دینا وغیرہ ۔“عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اﷲ الْقَوِیفرماتے ہیں: ”اگر لوگ پہلی صف میں نماز پڑھنے کی فضیلت جانتےتواس کےحُصُول کے لئے کثیرلوگ جمع ہوجاتے، پہلی صف میں جگہ کم ہوجاتی ہرشخص ہی یہ فضیلت حاصل کرنا چاہتا اورجھگڑے سے بچنے کے لئے انہیں قرعہ اندازی کرنا پڑتی۔ حدیثِ مذکور میں اس بات کی دلیل ہے کہ جب حقوق کےحصول کے لئےکثیر لوگ جمع ہوجائیں تو ان کے مابین قرعہ اندازی کرنا جائز ہے۔“صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 1083