Main Icon

باب :قرآنِ پاک پڑھنے کی فضیلت - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 991

جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنْ اَبِیْ اُمَامَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ:سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: اِقْرَءُوا الْقُرْآنَ فَاِنَّهُ يَاْتِىْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ شَفِيْعًا لِاَصْحَابِهِ.

عن ابی امامة رضي الله عنه قال:سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: اقرءوا القرآن فانه ياتى يوم القيامة شفيعا لاصحابه.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُناابوامامہرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُبیان کرتے ہیں کہ میں نےحضور نبی پاکصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو فرماتے ہوئے سنا:”قرآنِ پاک پڑھو بے شک یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کا سفارشی بن کر آئے گا۔“

شرح حدیث

قرآن کی شفاعت:عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اﷲ الْقَوِیفرماتے ہیں:”قرآن پاک قیامت کے دن ایک شکل میں آئے گاجسے لوگ دیکھ رہے ہوں گے اور وہ اپنے پڑھنے والوں،اس میں مشغول رہنے والوں، اس سے ہدایت حاصل کرنے والوں اور اس کے اَحکامات پر عمل کرنے والوں کے لئے شفاعت کرے گا۔“مُفَسِّرِ شہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الْاُمَّت مُفتِی احمد یار خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّانفرماتے ہیں:”قرآن کی شفاعت بقدرِتعلق ہوگی۔ ظاہرِ قرآن والوں کی شفاعت اور قِسم کی کرے گا اور باطِنِ قرآن سے تعلق رکھنے والوں کی شفاعت اور قِسم کی کرے گا۔“ایک جگہ فرماتے ہیں:” قیامت میں قرآن شریف کی ایک شکل وصورت ہوگی وہ اپنے عاملوں(عمل کرنے والوں) کی شفاعت اور غافلوں کی شکایت کرے گا۔“قرآن کی شفاعت قبول ہے:حضرت سیِّدُنا عبداﷲبن مسعودرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں کہ حضور نبی پاکصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےارشادفرمایا:قرآن شفاعت کرنےوالاہےاس کی شفاعت قبول ہےاورایسا جھگڑنے والا ہے جس کی مانی جائےگی جس نے اس کو آگے رکھا یہ اسے جنت میں لے جائے گا اور جس نے اسے پسِ پُشت ڈال دیا یہ اسے جہنم میں پھینک دے گا۔مدنی گلدستہ’’قرآن‘‘کے4حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور اس کی وضاحت سے ملنے والے4مدنی پھول(1) قرآن پاک کی قیامت کے دن ایک شکل وصورت ہوگی اور وہ قرآن پڑھنے اور اس پر عمل کرنے والوں کی شفاعت کرے گا۔
(2) قرآن کی شفاعت بقدرِتعلق ہوگی۔
(3) قرآن غافلوں کی شکایت کرے گا۔
(4) قرآن کی شفاعت مقبول اور اس کی بات مانی جائے گی۔
اﷲ عَزَّ وَجَلَّسے دعا ہے کہ وہ ہمیں قرآنِ پاک کا عامل بنائے اور قرآن کی شفاعت سے بہرہ مندفرمائے۔آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمصَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 991