Main Icon

باب:باجماعت نماز پڑھنے کی فضیلت کا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 1064

جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا اَنَّ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: صَلَاةُ الْجَمَاعَةِ اَفْضَلُ مِنْ صَلَاةِ الْفَذِّ بِسَبْعٍ وَعِشْرِيْنَ دَرَجَةً.

عن ابن عمر رضی اللہ عنہما ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: صلاة الجماعة افضل من صلاة الفذ بسبع وعشرين درجة.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُنا عبداﷲبن عمررَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُسےمروی ہے کہ رسولُاﷲ صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ”باجماعت نماز تنہا شخص کی نماز سے ستائیس درجے افضل ہے۔“

شرح حدیث

علَّامَہ بَدْرُالدِّیْن عَیْنِی حَنَفیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اﷲ الْقَوِیفرماتے ہیں:”مسجد میں با جماعت نماز کا ثواب گھر یا بازار میں اکیلے یاباجماعت نماز پڑھنے سے زیادہ ہے ۔ہاں !جو لوگ مسجد کے علاوہ کہیں اور جماعت سے نماز پڑھ لیں تو اُن کا ثواب اکیلے نماز پڑھنے والے سے زیادہ ہوگا لیکن پھر بھی وہ مسجد کی جماعت کی فضلیت کو نہ پاسکیں گے۔“جماعت کس پر واجب ہے؟بہارِ شریعت میں ہے:”عاقِل، بالغ، حُرّ(یعنی آزاد)،قادر پر جماعت واجب ہے، بِلاعُذر ایک بار بھی چھوڑنے والا گنہگار اورمستحقِ سزا ہے اور کئی بار ترک کرے تو فاسِقمَرْدُوْدُ الشَّہَادَۃاور اس کو سخت سزا دی جائے گی، اگر پڑوسیوں نے سُکوت کیا تو وہ بھی گنہگار ہوئے۔ جمعہ و عیدیْن میں جماعت شرط ہے اور تراویح میں سُنت کفایہ کہ محلہ کے سب لوگوں نے ترک کی تو سب نے بُرا کیا اور کچھ لوگوں نے قائم کر لی تو باقیوں کے سَر سے جماعت ساقط ہوگئی اور رمضان کے وتر میں مستحب ہے، نوافل اور علاوہ رمضان کے وتر میں اگر تداعی (بلاوے)کے طور پر ہو تو مکروہ ہے۔“جماعت کے دِینی ودُنیوی فوائد:حدیثِ مذکورمیں جماعت کی فضیلت کابیان ہے، باجماعت نماز پڑھنے کے بہت سے دِینی ودُنیوی فوائد ہیں، جماعت کی بر کت سے مسلمانوں کی آپس میں ملاقات ہوتی ہے، نیک و پرہیز گار لو گوں سے ملاقات کاشرف ملتاہے،نماز قوت ونشاط سےپڑھی جاتی ہے،جبکہ اکیلے نمازپڑھنے میں جسم بوجھل اورسُستی وکاہلی غالب آسکتی ہے،باجماعت نماز پڑھنے والے کو دلی سکون مُیَسَّر ہوتا ہے،جماعت کی برکت سے جہری (یعنی اونچی آواز سے قراءت کی جانے والی)نمازوں میں قرآنِ پاک سننے کو ملتاہے۔ ہرقدم پر ثواب ملتاہے،گناہ مٹتےاور درجات بلندہوتے ہیں جبکہ تنہا نماز پڑھنے والااِن تمام فوائد سے محروم رہتاہے۔دُنیوی فوائد کے حصول میں ہماری کوشش یہ ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نفع مل جائے مگر کس قدر حیرت ہے کہ گھر سے صِرف چند قدم چل کر مسجد میں باجماعت نماز پڑھنے میں ایک نماز پر ستائیس نماز کا ثواب ملتا ہے، مگر پھر بھی بہت سے لوگ جماعت کی پرواہ نہیں کرتے اور بِلاعذر گھروں میں نماز پڑھ لیتے ہیں۔اﷲ عَزَّ وَجَلَّہمیں پنج وقتہ نماز تکبیر ِاُولیٰ کے ساتھ مسجد کی پہلی صف میں باجماعت ادا کرنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 1064