Main Icon

باب:سفر سے واپسی پر دو رکعت نفل پڑھنے کا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 988

جلد 6

حدیث مبارکہ

عَنْ کَعْبِ بْنِ مَالِکٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ اَنَّ رَسُوْلَ اللہ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ اِذَا قَدِمَ مِنْ سَفَرٍ بَدَاَ بِالْمَسْجِدِ فَرَكَعَ فِيهِ رَكْعَتَيْنِ.

عن کعب بن مالک رضي الله عنه ان رسول اللہ صلى الله عليه وسلم كان اذا قدم من سفر بدا بالمسجد فركع فيه ركعتين.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُناکعب بن مالکرَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں:حضور نبی پاکصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمجب سفر سے واپس تشریف لاتے تو پہلے مسجد جاتے اور وہاں دورَکعتیں پڑھتے۔

شرح حدیث

سفر کو جاتے اور آتے دو رکعت نفل سنت ہے:مُفَسِّرِشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْر حَکِیْمُ الْاُمَّتمُفتِی احمد یار خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّاناس حدیث پاک کے تحت فرماتے ہیں: سفر کو جاتے وقت مسجد سے روانہ ہونا اور واپسی پر مسجد میں پہلے آنا اگر وقتِ کراہت نہ ہو تو ان دونوں موقعوں پر دو نفل نماز ِسفر یا نماز ِقدوم (سفرسے واپسی کی نماز)پڑھنا سب کچھ سنت ہے اس سے سفر میں بڑی برکتیں رہتی ہیں۔عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہ الْقَوِیفرماتے ہیں:سفر سے واپسی پر آپصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپہلے مسجد جانے کااہتمام کیا کرتےاور آپصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمایساشَعَائِرُ اللّٰہکی تعظیم،اپنے اور اپنے اہل کے حق پراللّٰہ عَزَّوَجَلَّکے حق کو مُقَدَّم جاننے اور سفر کی مشقت سے سلامتی کے ساتھ نجات پانے پر شکر ادا کرنے کےلیے کرتے۔عَلَّامَہ حَافِظ اِبنِ حَجَر عَسْقَلَانِی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِیفرماتے ہیں:جو شخص سفر سے واپس آئے تو اس کے لیے مستحب ہے کہ وہ باوضو ہواور اپنے گھر جانے سے پہلے مسجد آئے،وہاں نماز پڑھےپھر ان لوگوں کے لیے بیٹھ جائےجو اس سے ملنے کے لیے آئیں۔مدنی گلدستہ’’مسجد‘‘کے4حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور اُس کی وضاحت سے ملنے والے4مدنی پھول
(1) سفر سے واپسی پر قریبی مسجد میں شکرانے کے طور پردو رکعت نفل پڑھنا سنت ہے۔
(2) سفر پر جانے سے پہلے دو رکعت نفل پڑھنے سے سفر میں بڑی برکت رہتی ہے۔
(3) جو شخص سفر سے واپس آئے تو اس کے لیے مستحب ہے کہ وہ باوضو ہواور اپنے گھر جانے سے پہلے مسجد آئے۔
(4) سفرسےلوٹنے اورنوافل اداکرنے کے بعد جولوگ ملنے آئیں ان کے پاس بیٹھنا چاہیے۔
اللّٰہ عَزَّوَجَلَّسے دعا ہے کہ وہ ہمیں سفر وحضر میں حضور نبی کریمصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی سنتوں پرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمصَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 6 , حدیث نمبر: 988