Main Icon

باب: آدابِ جُمُعَہ و فَضَائِلِ جُمُعَہ کا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 1158

جلد 7

حدیث مبارکہ

وَعَنْ اَوْسِ بنِ اَوْسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ:قَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:اِنَّ مِنْ اَفْضَلِ اَيَّامِكُمْ يَوْمَ الْجُمُعَةِ فَاَكْثَرُوْا عَلَيَّ مِنَ الصَّلَاةِ فِيْهِ فَاِنَّ صَلَاتَكُمْ مَعْرُوْضَةٌ عَلَيَّ.

وعن اوس بن اوس رضي الله عنه قال:قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:ان من افضل ايامكم يوم الجمعة فاكثروا علي من الصلاة فيه فان صلاتكم معروضة علي.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُنا اَوس بن اَوسرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُسے روایت ہے فرماتے ہیں نبی کریم رَءُوْفٌ رَّحیمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا:بےشک تمہارے دنوں میں سے افضل دن جمعہ کادن ہے لہذا اس دن مجھ پر کثرت سے درود پاک پڑھا کرو کیونکہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے ۔

شرح حدیث

افضل دن میں افضل عبادت:میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!حُصولِ برکت ، ترقیٔ معرِفت اور حُضُورصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی قُربت پانے کے لئے کثرتِ دُرُودو سلام سے بڑھ کرکوئی ذَرِیعہ نہیں ہے۔یقیناً سرکارِ مدینہصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپردُرُود و سلام بھیجنے کے بے شُمارفَضائِل وبَرَکات ہیں جنہیں اِحَاطۂ تحریرمیںلانا ممكن نہیں خصوصاًجمعۃ المبارک کے دن کہ اس دن کا درود خصوصی طور پر حضورنبی کریمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی بارگاہ میں پیش ہوتا ہے۔چنانچہمُفَسِّرِشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الْاُمَّتمُفتِی احمدیارخانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّانفرماتے ہیں: ’’یعنی جمعہ کا دن تمام دنوں سے افضل کہ اس میں ایک نیکی کا ثواب ستر۷۰ گناہے اور دُرُود دوسری عبادتوں سے افضل،لہٰذا افضل دن میں افضل عبادت کروکیونکہ اس دن کا درود خصوصی طور پر ہماری بارگاہ میں پیش ہوتا ہے اور ہم قبول فرماتے ہیں۔خیال رہے کہ ہمیشہ ہی درود شریف حضورصَلَّی اﷲ عَلَیْہِ وَسَلَّمپر پیش ہوتاہے مگر جمعہ کے دن خصوصی پیشی ہوتی ہے،خصوصی قبولیت۔‘‘روز جمعہ بکثرت دُرود پڑھنے کےفضائل:7فرامین مصطفےٰصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم:(1)تمہارے افضل دنوں سے جمعہ کا دن ہے، اسی میں آدمعَلَیْہِ السَّلَامپیدا کيے گئے اور اسی میں انتقال کیا اور اسی میں نفخہ ہے (دوسری بار صور پھونکا جانا) اور اسی میں صعقہ ہے (پہلی بار صور پھونکا جانا)، اس دن میں مجھ پر دُرود کی کثر ت کرو کہ تمہارا دُرود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ لوگوں نے عرض کی: یارسولاﷲ صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! اس وقت حضورصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپر ہمارا دُرود کیسے پیش کیا جائے گا جبکہ حضورصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمانتقال فرما چکے ہوں گے؟ ارشاد فرمایا:اﷲتعالیٰ نے زمین پر انبیا کے جسموں کو کھانا حرام کر دیا ہے۔(2)جمعہ کے دن مجھ پر دُرود کی کثرت کرو کہ یہ دن مشہود ہے اس میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور مجھ پر جو دُرود پڑھے گا پیش کیا جائے گا۔ حضرت ابو درداءرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُکہتے ہیں: میں نے عرض کی اور موت کے بعد؟ فرمایا: بے شک!اﷲ عَزَّ وَجَلَّنے زمین پر انبیا کے جسموں کو کھانا حرام کر دیا ہے،اﷲکا نبی زندہ ہے، روزی دیا جاتا ہے۔(3)شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ اپنے نبی پر کثرت سے دُرُود شریف پڑھو ۔(4)شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ مجھ پر دُرُودِ پاک کی کثرت کرلیا کرو، جو ایسا کرے گا قیامت کے دن میں اس کا شفیع و گواہ بنوں گا۔(5)جو شخص بروزِ جمعہ مجھ پر سو بار دُرُود ِ پاک پڑھے، جب وہ قیامت کے روز آئے گا تو اُس کے ساتھ ایک ایسا نور ہوگا کہ اگر وہ ساری مخلوق میں تقسیم کردیا جائے تو سب کوکفایت کرے۔(6)جو مجھ پر شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ سو بار دُرُود شریف پڑھےاﷲ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی سو حاجتیں پوری فرمائے گا ،سترآخرت کی اور تیس دُنیا کی۔(7)جس نے مجھ پر روزِ جمعہ دو سو بار دُرُودِ پاک پڑھا اُس کے دو سوسال کے گناہ معاف ہوں گے۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! فُضُول وبیکار باتوں کی عادت چُھڑاکر اپنی زبان کو ذِکر ودُرُود، تِلاوَت ونعت اور دیگر اچھی باتوں کا عادی بنانے کیلئے ہر دَم تبلیغِ قُرآن وسُنَّت کی عالمگیر غیر سیاسی تَحریک دعوتِ اِسلامی کے مُشکبارمَدَنی ماحول سے وابستہ رہیے۔اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے ہفتہ وار اِجتِماعات میں اَوَّل تا آخر شِرکَت کو اپنا مَعمول بنالیجئے۔ہراِسلامی بھائی اپنا یہ مَدنی ذِہن بنائے کہ’’مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی کوشش کرنی ہے۔‘‘اپنی اِصلاح کی کوشش کیلئے مَدَنی اِنعامات پر عمل اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی کوشش کے لیے مَدنی قافِلوں میں سَفر کرنا ہے۔
اِنْ شَآءَ اﷲ عَزَّ وَجَلَّمدنی گلدستہ’’دُرُود‘‘کے4حروف کی نسبت سے احادیثِ مذکورہ اور ان کی وضاحت سے ملنے والے4مدنی پھول
(1) جمعہ افضل دن ہے اور اس میں کثرت سے درود ِپاک پڑھنے کا فرمایاگیا ہے۔
(2) جمعہ کے دن کا دُرُود پاک خصوصی طور پر بارگاہِ رسالت میں پیش ہوتا ہے۔
(3) جمعہ کے دن ایک نیکی کا ثواب ستر گُنا ہے۔
(4) جمعہ کے دن کثرت سے درود پاک پڑھنے والے کے لئے حضور نبی پاک
صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمشفیع ہوں گے۔اﷲعَزَّ وَجَلَّہمیں نبی کریمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی سچی محبت عطا فرمائے،زندگی بھر آپصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی سنتوں پر عمل کرنے اور کثرت سے دُرود و سلام کے نذرانے پیش کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمصَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 1158