Main Icon

عورت پر شوہر کے حقوق کا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 288

جلد 3

حدیث مبارکہ

عَنْ اُسَامَۃَ بْنِ زَیْدٍرَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا عَنِ النَّبِیِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : مَا تَرَکْتُ بَعْدِی فِتْنَۃً ھِیَ اَضَرُّ عَلَی الرِّجَالِ مِنَ النِّسَاءِ. )

عن اسامۃ بن زیدرضی اللہ عنہما عن النبی صلى الله عليه وسلم قال : ما ترکت بعدی فتنۃ ھی اضر علی الرجال من النساء. )

حدیث ترجمہ

حضرتِ سَیِّدُنااُسامہ بن زید رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : “ میں نے اپنے بعد مَردوں پر عورتوں سے زیادہ نقصان دِہ فتنہ نہیں چھوڑا۔ “سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم

شرح حدیث

عورت کے فتنہ ہونے کی وُجُوہات:’’عورت سب سے زیادہ نقصان دِہ فتنہ ہے۔ ‘‘عَلَّامَہ بَدْرُ الدِّیْن عَیْنِیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْغَنِیفرماتے ہیں : ’’عورت ناقص العقل اور ناقص الدِین ہے ، عورت آدمی کو طلبِ دِین سے غافِل کردیتی ہے ، اِس سے زیادہ نُقصان کی بات اور کیا ہوگی؟ مسلم شریف کی ایک روایت میں ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ’’عورتوں سے بچو! بے شک بنی اسرائیل میں پہلا فتنہ عورت کی وجہ سے تھا۔ ‘‘( )
مُفَسِّر شہِیر ، مُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں : ’’یعنی دنیا میں مَردوں کے لیے عورتیں بڑے فتنے کا باعث ہیں کہ عورت کے سبب آپس کی عداوت ، لڑائی جھگڑے بلکہ خونریزی بہت ہوگی ، عورت ہی حُبِ دنیا کا ذریعہ ہے اور حُبِ دنیا تمام گناہوں کی جڑ ہے۔ مِنْ بَعْدِیْ

فرمانے میں اس طرف اشارہ ہے کہ حضور ( صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم )کے زمانہ میں عورتوں کے فتنہ کا ظہور صحابہ کرام ( عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان )پر نہ ہوا کہ وہ حضرات نورِ مصطفوی سے بہت منور تھے ، بعد میں اِس کا ظہورہوا ، آج بھی عورتوں کی وجہ سے فسادوقتل وخون بہت ہورہے ہیں۔ علماء فرماتے ہیں کہ زمین میں پہلا قتل عورت کی وجہ سے ہوا کہ قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو اقلیما عورت کی وجہ سے مارا۔ شعر
جھگڑے کی بنیادیں تین
زَن ہے زَر ہے اور زمین
عورتوں کے فتنے سے بچنے کا واحد ذریعہ شریعت اسلامیہ کی مضبوطی سے پیروی ہے۔ ‘‘( )
مدنی گلدستہ
’’دِین‘‘کے3حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور
اس کی وضاحت سے ملنے والے3مدنی پھول
(1)دنیا میں اور بھی بہت سے فتنے ہیں ، مگر عورت کو سب سے بڑا اورنقصان دِہ فتنہ فرمایا گیاہے۔
(2)عورت ناقص العقل اور ناقص الدِین ہے ، بسا اَوقات عورت شوہر کو طلب دِین سے غافِل کردیتی ہے ، اِسی وجہ سے اُسے سب سے بڑا نقصان دہ فتنہ قرار دیا گیا ہے۔
(3)شریعت اسلامیہ کی پابندی کر کے عورت کے فتنہ سے بچا جاسکتا ہے۔
اللہ عَزَّوَجَلَّ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں شریعت کی پابندی کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، میاں بیوی کو آپس میں محبت اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے اور اِن حقوق کو اَدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 3 , حدیث نمبر: 288