Main Icon

ظاھر کے مطابق احکام کا اجراء - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 392

جلد 4

حدیث مبارکہ

عَنْ اَبِيْ مَعْبَدِ المِقْدَادِ بْنِ الاَسْوَدَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ : قُلْتُ لِرَسُوْلِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : اَرَاَيْتَ اِنْ لَقِيْتُ رَجُلاً مِّنَ الْكُفَّارِ فَاقْتَتَلْنَا فَضَرَبَ اِحْدٰى يَدَيَّ بِالسَّيْفِ فَقَطَعَهَا ثُمَّ لَاذَ مِنِّيْ بِشَجَرَة فَقَالَ : اَسْلَمْتُ لِلّٰہِ اَاَقْتُلُهُ يَارَسُوْلَ اللهِ ! بَعْدَ اَنْ قَالَهَا؟ فَقَالَ : لَا تَقْتُلْهُ فَقُلْتُ : يَا رَسُوْلَ اللهِ ! قَطَعَ اِحْدٰى يَدَيَّ ثُمَّ قَالَ ذٰلِكَ بَعْدَمَا قَطَعَهَا فَقَالَ : لَا تَقْتُلْهُ فَاِنْ قَتَلْتَهُ فَاِنَّهُ بِمَنْزِلَتِكَ قَبْلَ اَنْ تَقْتُلَهُ وَاِنَّكَ بِمَنْزِلَتِهِ قَبْلَ اَنْ يَقُوْلَ كَلِمَتَهُ الَّتِيْ قَالَ. ( )

عن ابي معبد المقداد بن الاسود رضي الله عنه قال : قلت لرسول الله صلى الله عليه وسلم : ارايت ان لقيت رجلا من الكفار فاقتتلنا فضرب احدى يدي بالسيف فقطعها ثم لاذ مني بشجرة فقال : اسلمت للہ ااقتله يارسول الله ! بعد ان قالها؟ فقال : لا تقتله فقلت : يا رسول الله ! قطع احدى يدي ثم قال ذلك بعدما قطعها فقال : لا تقتله فان قتلته فانه بمنزلتك قبل ان تقتله وانك بمنزلته قبل ان يقول كلمته التي قال. ( )

حدیث ترجمہ

ترجمہ : حضرت سَیِّدُنَا ابو مَعْبَد مِقداد بن اَسودرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں کہ میں نے حضور نبی پاک ، صاحب لولاکصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمسے پوچھا : ’’اگر کافروں میں سے کسی کافر سے میری ملاقات ہو ، پھر آپس میں ہماری جنگ ہو اور وہ تلوار سے مجھ پر حملہ کرتے ہوئے میرے ایک ہاتھ کو کاٹ ڈالے ، پھر وہ درخت

کی آڑ میں چھپ جائے اور کہے کہ میں اسلام لاتا ہوں تو کیا میں اس کو قتل کردوں؟ ‘‘ تو دو عالَم کے مالک ومختار ، مکی مَدَنی سرکار
صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا : ’’ نہیں ! اسے قتل مت کرو ۔ ‘‘ میں نے عرض کی : ’’اس نے تو میرے ہاتھ کو کاٹنے کے بعد اسلام قبول کیا ہے ۔ ‘‘ توآپصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا : ’’ نہیں ! تم اُسے قتل نہ کرنا ، اگر تم نے اسے قتل کردیا تو اسے قتل کرنے سے پہلے جو تمہارا مقام تھا اب اس کا وہ مقام ہوگا اور تمہارا مقام وہ ہوگا جو اس کا مقام اس وقت تھا جب اس نے اِسلام قبول نہیں کیا تھا ۔ ‘‘

شرح حدیث

ظاہری حالت کے مطابق حکم :میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! مذکورہ حدیث پاک میں بھی اس بات کا بیان ہے کہ کسی بھی شخص کا فیصلہ اس کے ظاہر کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا ، اگر وہ مسلمان ہو تو اس کے ساتھ مسلمانوں والا سلوک کیا جائے گا اور اگر وہ کافر ہو تو کافروں والا سلوک ۔عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں : ’’اس حدیث پاک میں اس بات پر دلیل ہے کہ ہر وہ شخص جس سے کوئی بھی قولی یا فعلی ایسی بات صادر ہو جو اس کے دین اسلام میں داخل ہونے پر دلالت کرتی ہو تو اس پر اسلام کا ہی حکم لگے گا کیونکہ اسلام میں داخل ہونا زبان سے کلمہ شہادت پڑھنے پر منحصر نہیں ۔ حضور نبی رحمتصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے قتل سے اس لیے منع فرمایا کہ اَحکامِ شرعیَّہ ظاہر پر جاری ہوتے ہیں اور بظاہر اس نے اسلام قبول کرلیا ہے ۔ ( )
¥
قتل سے قبل اور بعد مَراتِب کا فرق :مذکورہ حدیث پاک میں اس بات کا بیان ہے کہ اظہارِ اسلام کے بعد اورقتل کرنے سے قبل جو قاتل کا مرتبہ تھا وہ اب مقتول کا ہوجائے گا اور جو مقتول کا مرتبہ تھا وہ قاتل کا ہو جائے گا ۔ اس مرتبے سے مراد کفر کا مرتبہ نہیں ہے کہ جو قتل کردے وہ کافر ہوجائے بلکہ اس سے مراد اباحت دم یعنی خون کا مباح ہونا ہے کہ جس طرح اسلام لانے سے قبل کافر ہونے کی وجہ سے اس کا خون مباح تھا اسی طرح اسلام لانے کے بعد اسے قتل کرنے والے کا اب خون مباح ہوجائے گاکہ اس نے ناحق خون کیا اور اس کا بدلہ خون ہی ہے ۔ چنانچہعَلَّامَہ بَدْرُ الدِّیْن عَیْنِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَنِیفرماتے ہیں : ’’اس حدیث پاک میں بیان کیا گیا کہ اس کے اسلام لانے کے بعد اب

تم اسے قتل مت کرنا ، اگر تم نے اسے قتل کیا تو تم بھی اس کے مثل ہوجاؤ گے ۔ یعنی جس طرح اسلام لانے سے پہلے اس کو قتل کرنا مباح تھا تو اسی طرح تمہیں بھی اس کو قتل کرنے کے بعد قتل کرنا مباح ہوگا ۔ ‘‘ ( )
مُفَسِّرشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الاُمَّتمُفتِی احمد یار خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّانفرماتے ہیں : ’’یعنی جیسے وہ کافر کفر کی وجہ سے مباح الدم مستحق قتل تھا ، ویسے ہی اب تم اس کے قتل کی وجہ سے مستحق قتل ہوجاؤگے ۔ حکم یکساں ہے ، وجہِ حکم میں فرق ہے ۔ کیونکہ وہ مسلمان ہوکر معصوم الدم ہوگیا اور جو ایسے شخص کو قتل کردے اسے قتل کیا جاتا ہے اور جیسے تم پہلے محفوظ الدم تھے ایسے ہی اب وہ محفوظ الدم ہوگیا ۔ یا یہ مطلب ہے کہ اب اس قتل کی وجہ سے تم مستحق عذاب ہوگئے اور وہ کلمہ پڑھ لینے کی وجہ سے مستحق رحمت ہوگیا ، اس کا یہ مطلب نہیں کہ تم کافر ہوگئے ۔ ‘‘ ( )
¥
ناحق خون بہانے کی مذمت :میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! مذکورہ حدیث پاک میں جہاں اس با ت کا واضح بیان ہے کہ کسی بھی شخص کے متعلق اس کے ظاہر پر فیصلہ کیا جائے گا ، وہیں اس حدیث پاک سے ایک مسلمان کی عزت وحرمت کا بھی عظیم درس ملا کہ اسلام نے مسلمانوں کی عزت وناموس کا تحفظ کیا ہے ، کسی کو بھی مسلمان کا ناحق خو ن بہانے کی قطعاً اجازت نہیں ہے ۔ ایسے تمام لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو مسلمانوں کا نا حق خون بہاتے ہیں ، چھوٹی چھوٹی باتوں پر بلا وجہ ناحق قتل کرنا ان کی عادت بن چکی ہے ۔ مسلمانوں کی جان سے کھیلنے کا کوئی موقع وہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ۔ طلب مال ، مقام ومرتبے اور عہدہ پانے کے لیے بھی کسی کی جان کی پرواہ تک نہیں کرتے ۔ قرآن وسنت دونوں میں مسلمانوں کی عزت وحُرمت کو واضح طور پر بیان فرمایا گیا ہے ، چنانچہ قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد ہوتا ہے :وَ مَنْ یَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ خٰلِدًا فِیْهَا وَ غَضِبَ اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ لَعَنَهٗ وَترجمۂ کنزالایمان: : اورجو کوئی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کا بدلہ جہنم ہے کہ مدتوں اس میں رہےاَعَدَّ لَهٗ عَذَابًا عَظِیْمًا(۹۳)(پ۵ ،النساء:۹۳ )
اور
اللہنے اس پر غضب کیا اور اس پر لعنت کی اور اس کے لیے تیار رکھا بڑا عذاب ۔
کسی بھی مسلمان کا ناحق خون بہانے کی احادیث میں شدید مذمت بیان فرمائی گئی ہے ۔ چنانچہ اس سلسلے میں تین فرامین مصطفے ٰ
صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپیش خدمت ہیں : ( 1 ) ’’ہلاکت میں ڈالنے والے سات گناہوں سے بچتے رہو اوروہ یہ ہیں : ٭اللہ عَزَّ وَجَلَّکا شریک ٹھہرانا٭جادو کرنا٭اللہ عَزَّ وَجَلَّکی حرام کردہ جان کو ناحق قتل کرنا٭یتیم کا مال کھانا ٭سود کھانا ٭ جہاد کے دن میدان سے فرار ہونا اور ٭ سیدھی سادی پاک دامن مؤمن عورتوں پر زنا کی تہمت لگانا ۔ ‘‘ ( ) (2 ) ’’کبیرہ گناہ یہ ہیں : ٭اللہ عَزَّ وَجَلَّکا شریک ٹھہرانا٭والدین کی نافرمانی کرنا اور ٭کسی جان کوقتل کرنا ۔ ‘‘ ( ) (3 ) ’’کبيرہ گناہوں ميں سب سے بڑے گناہاللہ عَزَّ وَجَلَّکے ساتھ شريک ٹھہرانا ، مؤمن کوناحق قتل کرنا ، سود اوریتیم کامال کھانا ہے ۔ ‘‘ ( )مدنی گلدستہ
’’اسلام ‘‘ کے 5حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور
اس کی وضاحت سے ملنے والے 5مدنی پھول
(1)
اگر کوئی شخص زبان سے مسلمان ہونے کا دعویٰ کردے تو اسے مسلمان ہی سمجھا جائے گا ۔
(2) شریعت نے ہمیں لوگوں کے ظاہری معاملات دیکھ کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کے باطنی وخفیہ معاملات
اللہ عَزَّ وَجَلَّکے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے ۔
(3) اسلام ایسا پیارا مذہب ہے جس نے مسلمان کی عزت اور حرمت کو بڑی اہمیت دی ہے ۔
(4) مسلمان ہونے کے بعد اب کسی کو اجازت نہیں کہ اس کی حرمت کو پامال کرے ۔
(5) ناحق قتل کرنے کی اسلام میں شدید مذمت بیان فرمائی گئی ہے ، لہٰذا اس سے بچنا ضروری ہے ۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّسے دعا ہے کہ وہ ہمیں اَحکامِ شرعیہ پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 4 , حدیث نمبر: 392