Main Icon

باب:نمازِوِتر كا بیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 1134

جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:اجْعَلُوْا آخِرَ صَلَاتِكُمْ بِاللَّيْلِ وِتْرًا.

عن ابن عمر رضي الله عنهما عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:اجعلوا آخر صلاتكم بالليل وترا.

حدیث ترجمہ

حضرت سَیِّدُنَا عبداﷲبن عمررَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُمَافرماتے ہیں کہ نبی اکرمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ”وتر کی نماز کو اپنی رات کی آخری نماز بناؤ۔“

شرح حدیث

وترکاوجوب:تفہیم البخاری میں ہے :”یہ حدیث وِتر کے وجوب پر دلالت کرتی ہے کیونکہ امر وجوب کا مُقتضِی ہے۔ سیّدِ عالَمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا: ”وتر حق ہے جس نے وتر نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ۔“حاکم نےمُسْتَدْرَکمیں صحیح حدیث بریدہرَضِیَ اﷲ عَنْہُسے روایت کی کہ بریدہ نے کہا:میں نے رسولاﷲ صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ” وتر حق ہے جس نے وتر نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں۔“ تین بار اسی طرح فرمایا۔اس قدر سخت وعید فرض یا واجب کے ترک پر ہوتی ہے پھر بار بار یہ فرمانے سے اور بھی اس کی تاکید ہوتی ہے نیز حاکم نے مستدرک میں جَیِّد اَسناد کے ساتھ ابو سعیدرَضِیَ اﷲ عَنْہُسے روایت کی کہ جناب رسولاﷲ صَلَّی اﷲ عَلَیْہِ وَسَلَّمنے فرمایا:”جو کوئی سو جائے اور وتر نہ پڑھے یا وہ بھول جائے تو جب صبح ہو یا یاد آجائے تو پڑھ لے۔“اَوَّل شب اور آخرشب میں وترپڑھنا:فقیہِ اعظم،حضرت علامہ مولانا مفتی شریف الحق امجدیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اﷲ الْقَوِیفرماتے ہیں: ”جس شخص کو اعتماد ہو کہ اخیر رات میں جاگ جائے گا اُسےبہتر یہ ہے کہ وتر اخیر رات میں پڑھےورنہ عشاکےبعد پڑھ لے۔ابو داؤد نے حضرت ابو قتادہ(رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ) سے روایت کی کہ رسولُاﷲ صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمنے حضرت ابوبکر(رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ)سےپوچھا :تم کب وتر پڑھتے ہو؟عرض کیا:سونے سے پہلے۔اور حضرت عمر(رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ)سےپوچھا :تم کب پڑھتے ہو؟ تو انہوں نے عرض کیا:سوتا ہوں پھر اُٹھ کر وتر پڑھتا ہوں۔تو حضور نے ابوبکر(رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ) سے فرمایا: تم نے احتیاط کو اختیار کیا اور حضرت عمر (رَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہُ)سے فرمایا:تم نے قوت کو اختیار کیا ۔ “

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 1134