Main Icon

باب: ماہِ رمضان میں نیکیاں کرنے کابیان - فیضان ریاض الصالحین - حدیث نمبر: 1223

جلد 7

حدیث مبارکہ

عَنْ عَائِشةَرَضِيَ اللهُ عَنْهَا قَالَتْ:كَانَ رَسُوْلُ الله صَلَّی اﷲ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اِذَادَخَلَ الْعَشْرُ اَحْيَی اللَّيْلَ وَ اَيْقَظَ اَهْلَهُ وَ شَدَّ الْمِئْزَرَ.

عن عائشةرضي الله عنها قالت:كان رسول الله صلی اﷲ علیہ وسلم اذادخل العشر احيی الليل و ايقظ اهله و شد المئزر.

حدیث ترجمہ

اُمُّ المومنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہرَضِیَ اﷲ تَعَالٰی عَنْہَافرماتی ہیں:” جب رمضان کا آخری عشرہ آتا تو رسولِ کریم رَءُوْفٌ رَّحیمصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمساری رات عبادت میں گزارتے اور گھر والوں کو بیدار کرتے اورکمربند کَس لیتے۔ “

شرح حدیث

میٹھےمیٹھے اسلامی بھائیو!معلوم ہواکہ رمضان کے آخری عشرہ میں خصوصی طورپر ذِکر و عبادتِ الٰہی میں مشغول ہونااور اپنے اہل وعیال کوبھی عبادت کی طرف توجہ دلانا باعثِ برکت ومُوجِبِ رحمت ہے۔کمربند کسنے سے کیا مراد ہے؟”رمضان کے آخری عشرہ میں حضورصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکمر بند کَس لیتے۔“مرآۃ المناجیح میں ہے:”ظاہر یہ ہے کہ اس سے مراد ہے شاق کاموں کے لئے تیار ہوجاتے، جیسے کہا جاتا ہے اٹھ باندھ کمر کیا بیٹھا ہے، اور ہوسکتاہے کہ مقصد یہ ہو کہ حضور انورصَلَّی اﷲ عَلَیْہِ وَسَلَّمَاس زمانہ میں ازواجِ پاک سے قطعًا علیحدہ رہتے،اعتکاف کی وجہ سے بھی اور زیادہ عبادتوں میں مشغولیت کے سبب سے بھی۔(آپصَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمرمضان کے آخری عشرہ میں ساری رات عبادت کرتے)یعنی اس عشرہ کی راتوں میں قریبًا تمام رات جاگتے تھے تلاوتِ قرآن،نوافل،ذِکرُاﷲمیں راتیں گزارتے تھے اور ازواجِ پاک کوبھی اس کا حکم دیتے تھے۔“مدنی گلدستہ’’رمضان ‘‘کے5حروف کی نسبت سے احادیثِ مذکورہ اور ان کی وضاحت سے ملنے والے5مدنی پھول
(1) ماہِ رمضان میں کثرت سے صدقہ وخیرات کرنا مستحب ہے۔
(2) بزرگوں سے ملاقات کے وقت نیکیوں اور صدقہ وخیرات کی کثرت کرنی چا ہیے۔
(3) حضورنبی کریم، رَءُوْفٌ رحیم
صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّممخلوق میں سب سے بڑھ کر سخی ہیں اور رمضان میں تو آپ کی سخاوت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔
(4) دیگر مہینوں کے مقابلے میں رمضان میں زیادہ عبادت کرنی چاہیے اور آخری عشرے میں تو اور بھی زیادہ عبادت کرنی چاہیے۔
(5) رمضان کے آخری عشرہ میں خصوصی طورپرعبادتِ الٰہی میں مشغول ہونااوراپنے اہل وعیال کو عبادت کی طرف توجہ دلانا باعثِ برکت ومُوجِبِ رحمت ہے۔
اﷲ عَزَّ وَجَلَّہمیں بھی رمضان المبارک میں سخاوت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمصَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اﷲ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ماخذ و مراجع

کتاب: فیضان ریاض الصالحین جلد: 7 , حدیث نمبر: 1223