- ہوم
- کتابیں
- اَنْوارُ الحَدِیْثْ
- کتاب الصلوٰۃ
- حدیث نمبر 26
خطبہ کی اذان کہاں دی جائے - اَنْوارُ الحَدِیْثْ - حدیث نمبر: 26
کتاب الصلوٰۃ
حدیث مبارکہ
’’ عَنِ السَّاءِبِ بْنِ یَزِیدَ قَالَ کَانَ یُؤَذَّنُ بَیْنَ یَدَيْ رَسُولِ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ إِذَا جَلَسَ عَلَی الْمِنْبَرِ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ عَلَی بَابِ الْمَسْجِدِ وَأَبِی بَکْرٍ وَعُمَرَ ‘‘ ۔
’’ عن الساءب بن یزید قال کان یؤذن بین یدي رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم إذا جلس علی المنبر یوم الجمعۃ علی باب المسجد وابی بکر وعمر ‘‘ ۔
حدیث ترجمہ
حضرت سائب بن یزیدرَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہُسے مروی ہے انہوں نے فرمایا کہ جب حضورﷺجمعہ کے دن منبر پر تشریف رکھتے تو حضور کے سامنے مسجد کے دروازہ پر اذان ہوتی۔ اور ایسا ہی حضرت ابوبکر و عمرر ضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما کے زمانہ میں بھی رائج تھا۔ (ابوداود، جلد اول ص ۱۶۲)
شرح حدیث
اس حدیث شریف سے معلوم ہوا کہ خطبہ کی اذان مسجد کے دروازہ پر پڑھنا سنت ہے ۔ حضور سید عالمصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّماور حضرات ابوبکر و عمررَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہُما کے زمانہ مبارکہ میں خطبہ کی اذان مسجد کے دروازہ ہی پر ہوا کرتی تھی۔ ا سی لیے فقہائے کرام مسجد کے اندر اذان دینے کو منع فرماتے ہیں۔ جیسا کہ فتاویٰ قاضی خاں جلد اول مصری ص۷۸، اور فتاویٰ عالمگیری جلد اول مصری ص:۵۵، اور بحرالرائق جلد اول ص:۲۶۸میں ہے :’’لَایُوذَّنُ فِی الْمَسْجِدِ‘‘یعنی مسجد کے اندر اذان دینا منع ہے ۔ ([1])اور فتح القدیر جلد اول ص:۲۱۵ میں ہے :’’قَالُوْا لَا یُؤذَّنُ فِی المسجدِ‘‘ یعنی فقہائے کرام نے فرمایا کہ مسجد میں اذان نہ دی جائے ۔ ([2]) اور طحطاوی علی مراقی الفلاح ص:۱۷ میں ہے : ’’یَکْرہُ أَن یُؤَذَّنَ فِی المسجِدِ کَمَا فِی القُھسْتَانِی عَن النظمِ‘‘ یعنی مسجد میں اذان دینا مکروہ ہے اسی طرح قہستانی میں نظم سے ہے ۔ ([3]) لہذا یہ جو رواج ہوگیا ہے کہ اذان مسجد کے اندر دی جاتی ہے غلط ہے ۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اس غلط رواج کو ترک کرکے حدیث و فقہ پر عمل کریں۔
------------------
∞[1] ’’الفتاوی الھندیۃ‘‘،کتاب الصلاۃ،الفصل الثانی فی کلمات الأذان إلخ،ج۱،ص۵۵، ’’البحر الرائق‘‘،کتا ب الصلاۃ،باب الأذان،ج۱،ص۴۴۴،فتاوی قاضیخاں،باب الأذان،ج۱،ص۳۸.[2] ’’فتح القدیر‘‘،کتاب الصلاۃ،باب الأذان،ج۱،ص۲۵۰.[3] ’’حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح‘‘،کتاب الصلاۃ،باب الأذان،ص۱۹۷.
ماخذ و مراجع
کتاب: اَنْوارُ الحَدِیْثْ جلد: 1 , حدیث نمبر: 26