مطالعۂ سیرت کی ضرورت و اہمیت
سید محمد ارسلان عطاری
(درجہ سادسہ جامعۃُ المدینہ فیضان عثمان غنی کراچی)
مطالعۂ سیرتِ نبوی ہر مسلمان کے لیے روحانی، اخلاقی اور عملی راہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ سیرت کا مطلب ہے حضور جانِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی کا مطالعہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اخلاق، عبادات، معاملات، قیادت، صبر اور حکمت کو سمجھنا۔ جب ہم سیرت کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں اسلام کی تعلیمات عملی شکل میں نظر آتی ہیں۔
قراٰن کا عملی نمونہ
اللہ تعالیٰ نے قراٰن مجید میں فرمایا:
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ
ترجمۂ کنز الایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے
(پ21، الاحزاب: 21)
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی ہمارے لیے کامل نمونہ ہے۔ نماز کیسے پڑھنی ہے؟ لوگوں سے کیسا برتاؤ کرنا ہے؟ مشکل حالات میں کیسا صبر کرنا ہے؟ یہ سب معلومات ہمیں سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ملتی ہیں۔ سیرت کا مطالعہ دراصل قراٰن کو سمجھنے کا ذریعہ ہے۔
ایمان میں اضافہ
سیرت کا مطالعہ دل میں محبتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور ایمان کی تازگی پیدا کرتا ہے۔ صحیح بخاری کی حدیث میں ہے:تم میں سے کوئی اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اسے اس کے والد، اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔(بخاری،1/17، حدیث: 15)
جب انسان آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جدوجہد، رحمت، عدل اور قربانیوں کو جانتا ہے تو دل میں محبت اور عقیدت بڑھتی ہے اور یہی محبت ایمان کو مضبوط کرتی ہے۔
اخلاقی تربیت کا ذریعہ
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: میں اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہوں۔(مسند بزار، 15/364، حدیث: 8949) آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت میں سچائی، امانت، حلم، درگزر اور عدل نمایاں ہیں۔ مکہ کے سخت ترین حالات میں بھی آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے صبر اور عفو کا مظاہرہ کیا۔ فتح مکہ کے موقع پر عام معافی اس کی روشن مثال ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرہ اخلاقی کمزوریوں کا شکار ہے، سیرت کا مطالعہ ہمیں عملی اخلاق سکھاتا ہے۔
مشکلات میں راہنمائی
سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ مشکلات میں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ مکہ میں ظلم و ستم، شعبِ ابی طالب کا محاصرہ، طائف کی تکلیفیں ان سب میں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے صبر اور اللہ پر توکل کا راستہ اختیار کیا۔ ہجرتِ مدینہ کے بعد آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک مثالی معاشرہ قائم کیا، جس کی بنیاد اخوت، عدل اور مشاورت پرتھی۔ یہ سب واقعات ہمیں زندگی کے مسائل کا حل دیتے ہیں۔
معاشرتی اور قیادت کے اصول
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم صرف روحانی پیشوا نہیں بلکہ بہترین راہنما بھی تھے۔ آپ علیہ السّلام نے مدینہ میں ایک منظم ریاست قائم کی، جس میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق متعین کیے گئے۔ صلح حدیبیہ جیسے معاہدے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دوراندیشی کی مثال ہیں۔ سیرت کا مطالعہ ہمیں اچھی قیادت، حکمت اور برداشت کا درس دیتا ہے۔
نوجوانوں کے لیے رول ماڈل
آج کے نوجوانوں کو مختلف فکری اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا ہے۔ سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نوجوانوں کو پاکیزگی، محنت، دیانت اور مقصدیت کا راستہ دکھاتی ہے۔ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جوانی امانت و صداقت کی مثال تھی، اسی لیے آپ کو صادق و امین کہا جاتا تھا۔اگر ہمارے نوجوان سیرت النبی کا مطالعہ کریں اور تعلیمات کو اپنائیں تو ان کی زندگی سنور سکتی ہے۔
مطالعۂ سیرت صرف ایک تاریخی مطالعہ نہیں بلکہ زندگی سنوارنے کا عملی نصاب ہے۔ یہ ایمان کو مضبوط کرتا ہے، اخلاق کو بہتر بناتا ہے اور مشکلات میں راستہ دکھاتا ہے۔ قراٰن ہمیں نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیروی کا حکم دیتا ہے اور پیروی اسی وقت ممکن ہے جب ہم آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی کو جانیں۔ لہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے سیرت کا مطالعہ کرے، اس پر غور کرے اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ طیبہ کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

Comments