ذہنی آزمائش سیزن 17
ٹیلی ویژن کی رنگین دنیا میں جہاں ہر طرف محض تفریح کے نام پر وقت کے ضیاع کا سامان بکھرا پڑا ہے، وہیں مدنی چینل کا پروگرام ”ذہنی آزمائش“ ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے۔ مسابقتی انداز، سوال و جواب کا دل آویز سلسلہ اور شرکاء کا جوش و جذبہ اس پروگرام کو لاکھوں ناظرین کی آنکھوں کا تارا بنائے ہوئے ہے۔ سیزن در سیزن اس پروگرام نے اپنی مقبولیت میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ عوام الناس کے دلوں میں دینی علم سیکھنے اور جاننے کی چاہت بھی جگائی۔
اس کے سترہویں(17th) سیزن کی ریکارڈنگ کا سلسلہ جب شروع ہوا تو اس کے ساتھ ایک ایسے سفر کا بھی آغاز ہوا جس میں کئی مقامات پر نیکی کی دعوت عام کرنے کے مواقع ملے۔ دسمبر 2025 کی سردیوں میں کراچی سے شروع ہونے والا یہ سفر خانیوال، کبیر والا، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات، میرپور کشمیر اور جہلم سے ہوتا ہوا اسلام آباد میں اپنے اختتام کو پہنچا۔ ہر شہر میں بیان، ہر پڑاؤ پر ملاقاتیں، ہر موڑ پر نیکی کی دعوت اور اولیائے کرام کے مزارات پر حاضری، یہ سب مل کر اس سفر کو روح پرور بنادیتے ہیں۔ تفصیل ملاحظہ کیجیے۔
کراچی سے کبیر والا کا سفر:
8 دسمبر 2025 کو کراچی سے خانیوال کے لئے بذریعۂ ٹرین روانہ ہوئے۔ دورانِ سفر اسلامی بھائیوں کو سبق آموز مدنی پھول پیش کیے۔ خانیوال پہنچنے کے بعد شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت ہونے والے اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ نمازِ عصر ادا کرنے کے بعد خانیوال سے کبیر والا کی طرف روانگی ہوئی اور وہاں ایک اسلامی بھائی کی دلجوئی کی نیت سے اُن کے کاروبار کے لیے دعائے خیر و برکت کی گئی۔ اس کے بعد کبیر والا میں ہونے والے ذہنی آزمائش پروگرام کے سیٹ کا وزٹ کیا گیا۔ نمازِ مغرب ادا کرنے کے بعد اَلحمدُ لِلّٰہ! حضرت سید احمد کبیر بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کا شرف حاصل ہوا۔ پروگرام شروع کرنے سے قبل ذہنی آزمائش پروگرام کے سیگمنٹ ’’امت کے رنگ ذہنی آزمائش کے سنگ‘‘ کی تیاری کی گئی۔ آج کا یہ پروگرام بہاولپور اور خانیوال کی ٹیموں کے درمیان تھا اور اس مقابلے میں خانیوال کی ٹیم دو نمبروں سے آگے رہی۔
کبیر والا سے ساہیوال کا سفر:
9 دسمبر کی صبح کبیر والا سے ساہیوال پہنچنا ہوا اور وہاں COMSATS University کیمپس میں فیکلٹی ممبرز، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بیان کے بعد COMSATS University ساہیوال کیمپس کے ڈائریکٹر جناب نجیب الرّحمٰن سے خصوصی ملاقات ہوئی اور انہیں مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’اے ایمان والو!‘‘ بطورِ تحفہ پیش کی گئی۔ پھرنمازِ ظہر ادا کرنے کے بعد فیضانِ مدینہ ساہیوال میں حاضری ہوئی اور وہاں ہونے والے تربیتی اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کیا۔ نمازِ مغرب کے بعد شخصیات سے ملاقات ہوئی اور اُن کے ہاں دعائے خیر و برکت کی گئی۔ اس کے بعد خادم ڈیریز اسمال انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے درمیان سنتوں بھرا بیان کیا۔ اجتماع سے فراغت کے بعد دعوتِ اسلامی کے مرکز کے لیے حال ہی میں خریدی گئی جگہ کا وزٹ کیا۔ آخر میں کاروباری شخصیات کے درمیان مدنی حلقے کا اہتمام ہوا جس میں دینی کاموں کا ذہن دیا گیا۔
ساہیوال سے جڑانوالہ کا سفر:
ساہیوال سے لیٹ نائٹ جڑانوالہ پہنچے اور اگلی صبح 10 دسمبر کو یہیں کافی مصروفیات رہیں۔ ایک مقام پر نکاح پڑھایا اور اس کے بعد ایک مقامی ہال میں حاضری ہوئی جہاں شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت ہونے والے اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
اس کے بعد جڑانوالہ میں ہی دارالمدینہ پراجیکٹ کے لیے خریدی جانے والی جگہ کا وزٹ کرنے کے لیے روانہ ہوئے اور لیٹ نائٹ وہاں پہنچے۔ وہاں سے فراغت کے اوقات میں ذہنی آزمائش پروگرام کے سیگمنٹ ’’امت کے رنگ ذہنی آزمائش کے سنگ‘‘ کی تیاری کی گئی اور پھر پروگرام کے لیے روانگی ہوئی۔ فیصل آباد اور ملتان کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ ذہنی آزمائش سیزن 17 کا پروگرام کافی دیر تک جاری رہا اور بالآخر فیصل آباد کی ٹیم دو نمبروں کے اضافے سے یہ مقابلہ جیت گئی۔
جڑانوالہ سے لاہور کا سفر:
11 دسمبر کو جڑانوالہ سے لاہور کا سفر ہوا اورصبح COMSATS Universityکیمپس میں فیکلٹی ممبرز، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد منڈی فیض آباد ننکانہ میں واقع رائس ملز میں بزنس کمیونٹی کے درمیان سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کیا۔ پھر ضلع قصور کے شہر کوٹ رادھا کشن جانا ہوا اور وہاں ہاکی گراؤنڈ میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ انتظام ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد لاہور میں تاجر اسلامی بھائیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ رہا۔
12 دسمبر بروز جمعہ جوہر ٹاؤن لاہور پہنچنا ہوا اور وہاں دلکش و خوبصورت جامع مسجد فیضانِ نوری رضوی میں نمازِ جمعہ سے قبل سنتوں بھرا بیان کیا۔ نمازِ جمعہ سے فراغت کے بعد اسلامی بھائیوں سے ملاقات کا سلسلہ ہوا۔ اس کے بعد مسجد کے ساتھ متصل دارالافتاء اہلسنت کا وزٹ کیا گیا۔ پھر لاہور کے مشہور و معروف بزرگ داتا صاحب حضرت سید علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضری کی سعادت نصیب ہوئی۔ مزار کے احاطے سے متصل مسجد میں نماز ادا کی گئی اور مزار پر داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے وسیلے سے دعا کی گئی۔
لاہور سے پتوکی کا سفر: اس کے بعد ذہنی آزمائش پروگرام کے لیے پتوکی روانگی ہوئی۔پروگرام سے قبل ذہنی آزمائش پروگرام کے سیگمنٹ ’’امت کے رنگ ذہنی آزمائش کے سنگ‘‘ کی تیاری کی گئی اور پھر لاہور اور قصور کی ٹیموں کے درمیان ذہنی آزمائش پروگرام سیزن 17 شروع ہوا۔ لاہور کی ٹیم آٹھ نمبروں سے یہ مقابلہ جیت کر آگے رہی۔
پتوکی سے فیصل آباد کا سفر:
پروگرام سے فراغت کے بعد پتوکی سے فیصل آباد کے لیے روانگی ہوئی۔ 13دسمبر کی صبح فیصل آباد میں تاجران کے درمیان ہونے والے اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کیا اور آخر میں دعا و سلام اور ملاقات کا سلسلہ بھی رہا۔ پھر دعوتِ اسلامی کے امتحانی بورڈ کنز المدارس کا وزٹ کیا اور اس کے بعد نمازِ ظہر ادا کی۔ نماز سے فراغت کے بعد فیصل آباد کے اسلامی بھائیوں کے درمیان نمازِ عصر تک عمومی ملاقاتوں کا سلسلہ رہا، پھر عصر کی نماز ادا کی۔ اس کے بعد اسلامی بھائیوں کی دلجوئی کی نیت سے اُن کے گھروں میں جا کر ملاقاتیں کیں، انہیں دینی ذہن دیا اور اُن کے لیے دعائیں کیں۔
فیصل آباد سے منڈی بہاؤالدین کاسفر:
14 دسمبر کی صبح فیصل آباد سے منڈی بہاؤالدین کی طرف روانگی ہوئی اور دورانِ سفر ملکوال میں قیام کیا، جہاں ایک اسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس کے بعد منڈی بہاؤالدین پہنچ کر ذہنی آزمائش پروگرام کے سیٹ کا وزٹ کیا۔ آج منڈی بہاؤالدین میں ذہنی آزمائش سیزن 17 کا سیمی فائنل ہونا تھا۔ پروگرام سے قبل ذہنی آزمائش پروگرام کے سیگمنٹ ’’امت کے رنگ ذہنی آزمائش کے سنگ‘‘ کی تیاری کی گئی۔ اس کے بعد سیمی فائنل مقابلہ لاہور اور خانیوال کی ٹیموں کے درمیان شروع ہوا جس میں لاہور کی ٹیم سبقت لے گئی۔
منڈی بہاؤالدین سے سیالکوٹ کا سفر:15
دسمبر کی صبح منڈی بہاؤالدین سے سیالکوٹ کے لیے روانگی ہوئی۔ سیالکوٹ میں دعوتِ اسلامی کے تحت معذور بچوں کے لیے Faizan Rehabilitation Centre کی برانچ کا قیام عمل میں آیا، اُس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد جامع مسجد تاجدارِ مدینہ میں سنتوں بھرا بیان کیا اور دعا اور صلوٰۃ و سلام کے بعد ملاقات کا سلسلہ بھی رہا۔
سیالکوٹ سے وزیر آباد کاسفر:
پھر سیالکوٹ سے وزیر آباد جانا ہوا اور وہاں کاروباری شخصیات کے درمیان دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کا تعارف پیش کیا۔
وزیرآباد سے گجرات کا سفر:
16 دسمبر کی صبح گجرات پہنچنا ہوا اور ریور گارڈن کے علاقے میں واقع ایک مسجد میں نمازِ ظہر ادا کی اور قافلے کے اسلامی بھائیوں کے ساتھ دینی حلقے میں شرکت کی۔ پھر ایک اسلامی بھائی کے گھر دعائے خیر و برکت کے لیے حاضری دی اور نمازِ مغرب کے بعد شرکائے قافلہ کے ساتھ سنتوں بھرے بیان میں شرکت کی۔پھرحضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ کی پڑنواسی کی تقریبِ نکاح میں شرکت کی جہاں زوجین کے لیے دعا کی۔ ریورگارڈن میں تاجران کے درمیان اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کیا اور اسلامی بھائیوں سے ملاقات کی۔ اس کے بعد ایک اور مقام پر بزنس کمیونٹی کے لوگوں کو نیکی کی دعوت دی گئی۔ پھر قمر العلوم جامعہ معظمیہ میں حاضری ہوئی اور وہاں حضرت پیر محمد بشیر الدین معظمی نظامی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضری دی۔ وہاں ناظم قمر العلوم جامعہ معظمیہ صاحبزادہ محمد ظہیر الدین معظمی صاحب سے ملاقات بھی ہوئی۔ پھر حضرت مفتی محمد احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضری دی۔ اس کے بعد مرحبا مارکی ہال میں گجرات کے اسلامی بھائیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ رہا۔
گجرات سے کشمیر کا سفر:
17 دسمبر کو گجرات سے میرپور کشمیر روانگی ہوئی اور وہاں چیمبر آف کامرس میں بزنس کمیونٹی کے درمیان سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد کھڑی شریف میں حضرت میاں محمد بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضری دی، صاحبِ مزار کے وسیلے سے دعا مانگی اور چلہ گاہ کی زیارت بھی کی۔ پھر ایک تقریبِ نکاح میں شرکت کی اور زوجین کے لیے برکت کی دعا کی۔ کھڑی شریف میں فیضانِ مدینہ کے افتتاح کے موقع پر پہلی نماز کے لیے اذان دینے کی سعادت ملی اور بعد نماز سنتوں بھرا بیان کیا۔ فراغت کے اوقات میں ذہنی آزمائش پروگرام کے سیگمنٹ ’’امت کے رنگ ذہنی آزمائش کے سنگ‘‘ کی تیاری کی۔ جامع مسجد گلزارِ مدینہ کھڑی شریف میں نماز ادا کی اور پھر فیضانِ مدینہ جبی جاتلاں پہنچنا ہوا جہاں ذہنی آزمائش سیزن 17 کا دوسرا سیمی فائنل حیدر آباد اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان ہونا تھا۔ اس مقابلے میں حیدر آباد کی ٹیم نے6نمبروں سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کے بعد ایک کمرشل ایریا میں حاضری ہوئی جہاں اسلامی بھائیوں نے بھرپور استقبال کیا،انہیں نیکی کی دعوت پر مشتمل مدنی پھول دئیے گئے۔
کشمیر سے جہلم اور دینہ کا سفر:
18 دسمبر کو جہلم پہنچنا ہوا اور رات میں نیکی کی دعوت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بزنس کمیونٹی کے درمیان ایک سیشن ہوا جس میں شرکاء کو نیکی کی دعوت پیش کی گئی۔ اس کے بعد جہلم میں دعوتِ اسلامی کے ادارے فیضان آن لائن اکیڈمی کا وزٹ کیا۔ پھر جہلم سے دینہ جاتے ہوئے جی ٹی روڈ پر واقع الفضل مارکیٹ میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
دینہ سے اسلام آباد کاسفر:
ذہنی آزمائش سیزن 17 کا فائنل مقابلہ اسلام آباد میں ہونا تھا، اس لیے بیان کے بعد دینہ سے فیضانِ مدینہ اسلام آباد پہنچ کر ذہنی آزمائش پروگرام کی ریہرسل کی۔
19 دسمبر کو نمازِ جمعہ کے بعد اسلام آباد گولڑہ شریف میں حضرت پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضری دی اوروہاں دعا و ایصالِ ثواب کیا۔ اس کے بعد ایک اسلامی بھائی کے گھر چلے گئے اور پھر وہاں سے ذہنی آزمائش سیزن 17 کے فائنل مقابلے کے لیے روانگی ہوئی جو حیدر آباد اور لاہور کی ٹیموں کے درمیان ہونا تھا۔ اس فائنل مقابلے میں ایک اصلاحی خاکہ بھی پیش کیا گیا اور بالآخر ایک نمبر کے فرق سے حیدر آباد کی ٹیم نے یہ فائنل مقابلہ جیت لیا۔ تقریباً رات 12 بجے ذہنی آزمائش کا یہ طویل سفر اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد ایک نئے سفر کا آغاز ہوا اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے سلسلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرونِ ملک روانگی ہوئی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* رکن شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل
Comments