بزرگان دین کے مبارک فرامین


باتوں سے خوشبو آئے

عقلمند اپنے دل کا جائزہ لیتا رہتا ہے

عقلمند شخص وقتاً فوقتاً اپنے دل کا جائزہ لیتا ہے، اپنے نفس کو ممنوعہ چیزوں سے باز رکھتا ہے، اور اسے مختلف قسم کی اطاعتوں اور نیک کاموں پر قائم رکھتا ہے، جب عمل  میں سستی یا کمزوری آئے تو وہ چوکنا اور بیدار ہونا ضروری سمجھتا ہے۔ (فرمانِ حضرت ابو حاتم  رحمۃُ اللہ علیہ  ) (روضۃ العقلاء، ص 29)

بحث و تکرار سے بچو

نہ کسی حلیم وبُردبار سے بحث کرو اور نہ ہی کسی بے وقوف شخص سے کیو نکہ بردبار تم سے بیزار آجائے گا اور بے وقوف تم کو(زبانی) تکلیف پہنچائے گا۔(فرمانِ حضرت ابنِ عباس رضی اللہُ عنہما)  (احیاء العلوم، 3 / 140 )

مکافاتِ عمل کا یقین ہونا چاہیے

اس شخص کی طرح عمل کرو جسے یقین ہو کہ نیکی پر اسے جزا دی جائے گی اور گناہ پر اس کی پکڑ ہو گی۔

(فرمانِ حضرت ابنِ عباس رضی اللہُ عنہما )  (احیاء العلوم، 3 / 140 )

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

نفس کی لگام ڈھیلی نہیں کرنی چاہیے

نفس کی باگ (لگام)نرم کر لیجئے (تو)دبا لیتاہے، اس وقت ضرورت، حاجت، معذوری، مجبوری سُوجھتی ہے اور باگ جب کرّی (سخت)کر لیجئے دب جاتا ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 13/ 339)

دعا سے عبادت کی لذّت حاصل کرو

دُعا میں صرف مُدّعا پر نظر نہ رکھے بلکہ نفسِ دُعا کو صرف مقصُود بالذات جانے کہ وہ خود عبادت بلکہ مغز عبادت ہے مقصد ملنا نہ ملنادرکنار لذتِ مناجات نقدِ وقت (وقت کا سرمایہ) ہے۔ (فضائلِ دعا، ص 110)

شانِ درود

درود شریف سب سے بڑا مطلوب، بڑی شان والا، مستحب اور سب سے افضل ثواب(کا کام ہے)۔

(فتاویٰ رضویہ، 23/ 395)

عطار کا چمن کتنا پیارا چمن

عورتیں مویشی منڈی نہ جائیں

اس دور میں جو حالات ہیں اور منڈی میں جیسے حالات ہیں تو اس کے حساب سے عورتوں کو منڈی نہیں جانا چاہیے۔(مدنى مذاکرہ،23 ذو القعدۃ الحرام،  1442ھ)

قبر کے امن کے لیے اسلام کے اصول اپنائیے

اگر قبر کے اندر امن چاہتے ہیں تو آپ کو  امن والے اسلام کے جو بھی اصول ہیں اور جو اللہ و رسول کے احکامات ہیں ان پر عمل کرنا ہوگا، ان پر عمل کریں گے تو  اِن شآءَ اللہ  قبر کے اندر امن ہو گا۔

(مدنى مذاکرہ،23 ذو القعدۃ الحرام،  1442ھ)

ادب علم کا نور ہے

جس سے علم حاصل کر رہے ہیں اس کا ادب واحترام کریں کہ اسی طرح علم آئے گاورنہ علم نہیں آئے گا کیونکہ ادب علم کا نورہے۔ (مدنى مذاکرہ،4 شوال المکرم  ،  1442ھ)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share