دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں


دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

فیصل آبادمیں دارُالمدینہ اسلامک اسکول کی نئی برانچ کاافتتاحیتیموں کے لیے بھی کوٹہ مختص کردیا گیا

دعوتِ اسلامی کی جانب سے 09فروری 2026ء کو جواد کلب چوک فیصل آباد میں”دارُالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول “ کے ایک نئے کیمپس کا افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کنزُ المدارس بورڈ و رکن شوریٰ مولانا حاجی محمدجنید عطّاری مدنی، تاجر حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی عاشقان رسول اور ذمہ داران دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں یتیموں کے احترام اور کفالت کو غیر معمولی روحانی اہمیت حاصل ہے۔ متعدد احادیث میں یتیم کو کھانا کھلانے، اس کی دلجوئی کرنے اور شفقت سے سر پر ہاتھ رکھنے کو عظیم اجر کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ دینِ اسلام میں یتیم کو رُلانا یا اس کے ساتھ ناانصافی کرنا سنگین گناہ قرار دیا گیا۔ خصوصاً یتیم کے مال میں خیانت، وقف فنڈز کا غلط استعمال یا وراثت میں حق داروں (بشمول بہنوں) کا حق مارنا سخت مذمت کا مستحق عمل ہے جو نہ صرف اللہ کی ناراضی بلکہ معاشرتی بگاڑ اور عدمِ استحکام کا باعث بنتا ہے۔ رکنِ شوریٰ نے افتتاح ہونے والے ادارے کی خصوصیت بتاتے ہوئے ارشار فرمایا کہ یوں تو دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا بھر میں دارُ المدینہ اسلامک اسکول کی 299 برانچز قائم ہیں لیکن اس ادارے کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں یتیم بچوں کے لیے اسپیشل کوٹہ رکھا گیا ہےجہاں یتیم بچوں کو فری ایجوکیشن دی جائے گی، اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر رہائش، خوراک اور مکمل تربیت و کفالت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام میڈیکل پروفیشنلزکے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر افراد کے لیے ایک اہم تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ 21 اور 22فروری 2026 ءکو منعقدہ اس تقریب کا مقصد طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ان کو دینی و اخلاقی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ اس سیشن میں رکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطّاری سمیت بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور میڈیکل سے وابستہ عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ تقریب کے پہلے دن نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےمیڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی اہمیت اور طبی عملے کی ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مولانا عمران عطّاری نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ایک مسلمان ڈاکٹر کے لیے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ دینی احکامات کی پاسداری بھی بہت زیادہ ضروری ہے۔ تقریب کے دوسرے دن خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے دینی و اخلاقی اعتبار سے شرکا کی رہنمائی کی۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام راولپنڈی میں نیکی کی دعوت کا خصوصی سلسلہ

13فروری 2026 کو راولپنڈی کے علاقہ شمس آباد میں ایک مقامی تاجر اسلامی بھائی کے گھر پر بزنس کمیونٹی سے وابستہ شخصیات کے لیے ”نیکی کی دعوت“ کے سلسلے میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری، اراکین شوریٰ حاجی محمد اسلم عطّاری، حاجی وقارُ المدینہ عطّاری، مختلف شعبوں سے وابستہ کاروباری حضرات اور دعوتِ اسلامی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےاپنے بیان میں تجارتی معاملات میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کل بازاروں میں جھوٹ، بددیانتی، دھوکا دہی اور ملاوٹ کی شکایات عام ہیں۔ اگر بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد علمِ دین حاصل کریں اور اس پر عمل پیرا ہوں، تو ان سماجی برائیوں کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہے۔

FGRF کے زیرِ اہتمام ملاوی افریقہ میں رمضان راشن کی بڑے پیمانے پر تقسیم کاری

22فروری2026 کوفیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے تحت افریقی ملک ملاوی کے ضلع تھائیولو (Thyolo) کے گاؤں چھولو (Cholo) اور گِرد و نواح کے علاقوں میں مستحق خاندانوں کیلیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مناسبت سے منعقدہ اس پروگرام میں 4 ہزار سے زائد خاندانوں میں راشن اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش پر مشتمل بیگز تقسیم کئے گئے۔ اس مہم کا مقصد غریب اور نادار خاندانوں کو سحر و افطار میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ نگرانِ ملاوی مولانا عثمان عطاری مدنی کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی چار دنوں میں ہی ہم 10 ہزار سے زائد خاندانوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ہمارا ہدف ایک لاکھ  خاندانوں تک راشن پہنچانا ہےتاکہ کوئی بھی گھرانہ اس بابرکت مہینے میں بھوکا نہ رہے۔“تقسیمِ راشن کے دوران مقامی افراد اور رضاکاروں نے اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کی اور مخیر حضرات (Donors) کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ عظیم کام ممکن ہوسکا۔ مقامی آبادی نے FGRFکی ان فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت کے لیےایک بڑی سہولت قرار دیا۔

افریقی ملک ملاوی کے شہر Limbe میں پُروقار گریجویشن تقریب کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام افریقی ملک ملاوی کے شہر لمبے (Limbe) میں قائم جامعۃُ المدینہ میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار گریجویشن تقریب (Graduation Ceremony) منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی پذیرائی اور معاشرے میں دینی تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرنا تھا۔ اس تقریب میں مدرسۃُ المدینہ اور جامعۃُ المدینہ کے اساتذہ، طلبہ، ان کے سرپرستوں کے علاوہ مقامی بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نگرانِ ملاوی مشاورت مولانا عثمان عطّاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو قراٰن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی۔ نگرانِ ملاوی مشاورت نے تقریب میں دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا بھر میں جاری دینی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس اور تحائف تقسیم کئے گئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی


Share