دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
نیو سوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت کراچی میں دو دن کا سنتوں بھرا اجتماع:
دعوتِ اسلامی کے نیو سوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت فیضانِ مدینہ کراچی میں 17 اور 18 اگست 2026 کو سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے بلڈرز، ڈویلپرز، سوسائٹی مالکان، انویسٹرز، تاجران اور شعبے کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے کئی اہم نکات پر شرکا کی راہنمائی کی۔ انہوں نے نمازوں کی پابندی کرنے، غرور، تکبر، ریاکاری، غیبت اور دیگر گناہوں سے بچنے کا ذہن دیا۔ دو دن کے سنتوں بھرے اجتماع میں شریک عاشقانِ رسول کا نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کے ساتھ بھی ایک سیشن ہوا جس میں انہوں نے نیو سوسائٹیز میں قائم ہونے والی مساجد، ان کی آباد کاری اور شعبے کے دینی کاموں کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم نکات بیان کیے۔ اجتماع کے دوران مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”زمین کی خرید و فروخت اور رزقِ حلال کی برکت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور بلڈرز، ڈویلپرز، سوسائٹی مالکان، انویسٹرز، تاجران اور دیگر عاشقانِ رسول کی راہنمائی کی۔
شعبہ تعلیم کے تحت لاہور میں ٹیچرز کے درمیان سیشن رکنِ شوریٰ حاجی اظہر عطاری نے بیان فرمایا:
02 اگست 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ تعلیم کے تحت مزنگ (لاہور) میں واقع فیضانِ صحابیات سے متصل ہال میں ٹیچرز کے لیے ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں کے ٹیچرز نے شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے ”ٹیچر کو کیسا ہونا چاہیے اور اس کا معاشرے میں کیا کردار ہے؟“ کے موضوع پر بیان کیا،نیز طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کا اصل مقصد طالبِ علم کی شخصیت اور اخلاق کو نکھارنا، سوچ کو پاکیزہ بنانا اور اُسے ملک و قوم کا خدمت گزار اور والدین کا فرمانبردار بنانا ہے۔
حیدر آباد میں تاجروں کے درمیان رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری کا بیان:
دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت حیدرآباد سندھ کے سائٹ ایریا میں06اگست 2026 کو سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں حیدرآباد ملز اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت تاجر برادری اور دیگر عاشقانِ رسول نے بھی شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو نیکی کی دعوت پیش کی اور انہیں بھی دینِ متین کی خدمت کرنے، دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کرنے کی ترغیب دلائی۔
ملتان میں مسجد آمنہ بلال کا افتتاح قاری سلیم عطاری نے افتتاحی تقریب میں بیان فرمایا:
14اگست 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت ملتان کے علاقے نیو ملتان (ٹی بلاک)، پنجاب میں جامع مسجد آمنہ بلال کا افتتاح ہوا جس میں مقامی شخصیات، عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں بیان کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ قاری سلیم عطاری نے مساجد کی تعمیر و آباد کاری کی شرعی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مساجد و مدارس کی تعمیر صدقۂ جاریہ ہے، جس کا اجر انسان کو بعد از مرگ بھی ملتا رہتا ہے۔ بیان کے دوران رکنِ شوریٰ نے شرکا کوعشقِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنی زندگیوں میں اپنانے اور دینی و فلاحی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
کوالالمپور میں اسٹوڈنٹس کے درمیان سیشن رکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطاری نے بیان فرمایا:
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کوالالمپور، ملائیشیا کے اسلامک سینٹر میں دعوتِ اسلامی کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک کے طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطاری نے ”اللہ پاک کی بارگاہ میں کامیاب کون ہے؟“ کے موضوع پر بیان کیا۔ انہوں نے حقیقی کامیابی کے حصول، قبر و آخرت کی تیاری، توبہ و استغفار اور گناہوں سے پاک زندگی گزارنے کے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاکو دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے، ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے اور نیکی کی دعوت عام کرنے کی ترغیب دی جس پر حاضرین نے حسنِ نیت کا اظہار کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی
Comments