کینیڈا میں دینی کاموں کی دھوم (دوسری اور آخری قسط)
18 اپریل بروز ہفتہ مدنی مذاکرے کے اختتام کے بعد نگرانِ شوریٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے مونٹریال (کینیڈا) میں ایک گھنٹے سے زائد وقت اسلامی بھائیوں کو عطا فرمایا۔ اس دوران مختلف دینی، اخلاقی اورتنظیمی موضوعات پر نہایت قیمتی مدنی پھول ارشاد فرمائے، جبکہ حاضرین کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی عنایت فرمائے۔ اس نشست کے بعد بھی مدنی مشوروں اور سوال جواب کا سلسلہ دیر تک جاری رہا، جس سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔
نمازِ مغرب کے بعد الحمدللہ جامع مسجد”نور المدینہ“ میں ایک عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔ مقامی اسلامی بھائیوں کے مطابق یہ مونٹریال کی تاریخ کے بڑے اجتماعات میں شمار کیا جا رہا تھا۔ عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد اور ان کا ذوق و شوق دیدنی تھا۔
اس اجتماع میں توحیدِ باری تعالیٰ، اللہ پاک کی قدرتِ کاملہ، اس کی محبت اور اس پر کامل توکل جیسے اہم موضوعات پر بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ دورانِ بیان بارہا یہ احساس تازہ ہوا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں بسنے والے مسلمان اگرچہ زبان، ثقافت اور رہن سہن کے اعتبار سے مختلف ہیں، لیکن محبتِ رسول اور دینِ اسلام کی خدمت کے جذبے میں سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر جامع مسجد نور المدینہ کی انتظامیہ نے انتہائی محبت، اخلاص اور حسنِ تعاون کا مظاہرہ کیا۔ بالخصوص امام مسجدحضرت مولانا غالب صاحب نے بڑی شفقت اور محبت سے نوازا۔ اللہ پاک انہیں اس حسنِ میزبانی اور دینی خدمات کا بہترین اجر عطا فرمائے۔
اجتماع کے اختتام کے بعد بھی رات گئے تک مدنی مشوروں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد آرام کا موقع ملا۔
قدرتِ الٰہی کا ایک دل نشین منظر:
اتوار کی صبح ایک نئے اور حیرت انگیز منظر کے ساتھ طلوع ہوئی۔ گزشتہ رات اجتماع کے دوران موسم اس قدر گرم تھا کہ مسجد میں AC اور پنکھے چل رہے تھے، بلکہ گرمی کی شدت کے باعث پسینہ بھی آ رہا تھا، لیکن صبح آنکھ کھلی تو موسم یکسر تبدیل ہو چکا تھا۔ درجۂ حرارت منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ گیا تھا اور باہر برف باری ہو رہی تھی۔اللہ تعالیٰ کی قدرت کا یہ بھی ایک عظیم مظہر تھا۔ گزشتہ شب بیان میں اللہ پاک کی قدرت، اس کی عظمت اور اس کی بے پایاں شان کا تذکرہ ہوا تھا، اور اگلی صبح اسی قدرت کا ایک دل نشین منظر اپنی آنکھوں سے دیکھنے کو ملا۔یہاں موسم اس قدر تیزی سے بدلتا ہے کہ ایک دن پہلے درجۂ حرارت پلس 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہو اور اگلے ہی دن منفی درجۂ حرارت کے ساتھ برف باری شروع ہو جائے۔ ایسے متغیر موسم کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھنا بھی ایک مستقل آزمائش اور ذمہ داری ہے۔قدرت کے یہ منفرد مناظر انسان کو بار بار اپنے رب کی عظمت اور حکمت کی یاد دلاتے ہیں۔
تربیتی نشستیں اور اہم ملاقاتیں:
اتوار کے روز ناشتے کے بعد آرام کا موقع ملا، پھر دوپہر دو بجے امریکہ اور کینیڈا کے ذمہ داران کے ساتھ مدنی حلقہ ہوا۔ یہ تربیتی بیان امریکہ اور کینیڈا کی ذمہ دار اسلامی بہنوں کے لیے تھا، جسے انٹرنیٹ کے ذریعے براہِ راست نشر کیا گیا۔اس کے بعد اس تین دن کے تربیتی اجتماع میں شریک کینیڈا کے اسلامی بھائیوں سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ انہوں نے نہایت محبت، اخلاص اور خیر خواہی کے ساتھ پورے اجتماع کے دوران دینی خدمات انجام دیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کی گئی، ان کے لیے دعائیں کی گئیں اور ان کی خدمتِ دین کے جذبے کو سراہا گیا۔
بعد ازاں کینیڈا کے جامعۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ اس نشست میں امریکہ اور کینیڈا کے جامعۃ المدینہ کے ذمہ دار مولانا کاشف عطاری مدنی صاحب بھی موجود تھے، جبکہ رکنِ شوریٰ حاجی خالد عطاری نے بھی شرکت فرمائی۔ اس موقع پر مدنی پھولوں کا تبادلہ ہوا اور جامعۃ المدینہ کے تعلیمی و تربیتی نظام کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے مفید مشاورت ہوئی ۔
اس کے بعد یہاں کی ایک معزز شخصیت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کا موقع ملا، جہاں خیر خواہی کے ساتھ مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی۔اسی موقع پر ٹورانٹو اور کینیڈا کے عاشقانِ رسول کے لیے ایک خوش آئند خبر بھی سامنے آئی کہ اِن شآءَ اللہ الکریم مسجد کے لیے ایک بڑی جگہ کی فراہمی کی صورت پیدا ہو رہی ہے، اور اللہ پاک نے چاہا تو اس کی عملی ترکیب بھی جلد بن جائے گی۔
ٹورانٹو میں دینی کام اور مدنی مشورے:
24 اپریل کو ٹورانٹو کے سفر کا آغاز ہوا۔ اس مرحلے میں ٹورانٹو اور اس کے گرد و نواح میں منعقد ہونے والے مختلف دینی اجتماعات، مدنی مشوروں اور ملاقاتوں میں شرکت مقصود تھی۔ ٹورانٹو اور اس کے اطراف کا علاقہ ”جی ٹی اے (Greater Toronto Area)“کہلاتا ہے، جس میں ٹورانٹو سمیت کئی قریبی شہر شامل ہیں۔ یہ پورا خطہ کینیڈا کے اہم ترین شہری اور معاشی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد آباد ہے اور دعوتِ اسلامی کی دینی سرگرمیاں بھی نہایت مؤثر انداز میں جاری ہیں۔
اس سفرکا آغاز جمعہ کے روز”ہملٹن فیضانِ مدینہ“ میں جمعہ کا بیان کرنے اور نمازِ جمعہ پڑھانے کی سعادت سے ہوا۔
اس مدنی مرکز کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ عمارت پہلے غیر مسلموں کی عبادت گاہ تھی لیکن اللہ پاک نے اپنے فضل و کرم سے اسے اسلام اور دعوتِ اسلامی کی دینی خدمات کا مرکز بنا دیا۔ اس منظر نے دل کو بے اختیار شکرِ الٰہی پر آمادہ کر دیا کہ جس جگہ کبھی غیر اللہ کی عبادت ہوتی تھی، آج وہیں اللہ تعالیٰ کی توحید کا اعلان ہو رہا ہے، قرآن و سنت کی تعلیم دی جا رہی ہے اور ذکرِ مصطفیٰ(صلی اللہ علیہ والہ وسلم) کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
نمازِ جمعہ اور بیان میں اسلامی بھائیوں نے نہایت محبت، شوق اور جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ بیان کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ رہا، جبکہ بعد ازاں مقامی ذمہ داران کے ساتھ مدنی مشورہ بھی ہوا، جس میں مختلف دینی، تنظیمی اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
”ہملٹن فیضانِ مدینہ“کی خریداری پر ابھی کچھ قرض باقی ہے۔ اس مناسبت سے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کے معزز قارئین سے بھی درخواست ہے کہ اس مبارک دینی مرکز کی تکمیل اور استحکام میں حتیٰ المقدور اپنا حصہ ضرور شامل کریں۔ اللہ پاک کے فضل سے یہ مرکز دعوتِ اسلامی کی دینی خدمات کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
اس کےبعد ایک معزز شخصیت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کا موقع ملا، جہاں خیر خواہی کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کینیڈا کے لیے قانونی اور انتظامی معاملات کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اسی روز رات کے وقت ایک خوبصورت اور پُررونق سنتوں بھرا اجتماع بھی منعقد ہوا، جس میں عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اللہ پاک کے فضل سے یہ اجتماع بھی نہایت روح پرور ماحول میں منعقد ہوا اور شرکائے اجتماع نے دینی ماحول سے بھرپور فیض حاصل کیا۔
برامپٹن میں عظیم الشان اجتماع
جمعہ کو نمازِ مغرب کے بعد برامپٹن(Brampton) کے علاقے میں واقع ”مسجدِ اقصیٰ“میں سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ اجتماع ہر اعتبار سے نہایت شاندار تھا۔ عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ پردے کے مناسب انتظام کے ساتھ اسلامی بہنوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس اجتماع کی ایک خوشگوار یاد یہ بھی رہی کہ دعوتِ اسلامی کے ابتدائی دور سے وابستہ، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے والہانہ محبت رکھنے والے اور برسوں پہلے بیعت کی سعادت حاصل کرنے والے کئی پرانے عاشقانِ رسول سے ملاقات ہوئی۔ ان میں سے متعدد کا تعلق کراچی سے تھا۔ ان کی محبت، اخلاص اور دعوتِ اسلامی سے دیرینہ وابستگی دیکھ کر دل خوشی سے بھر گیا۔ اجتماع کے بعد اسلامی بھائیوں سے ملاقات، خیر خواہی اور باہمی تبادلۂ خیال کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
ہفتے کا دن بھی نہایت مصروف گزرا۔ صبح ذمہ داران کے ساتھ ناشتے کی نشست ہوئی، اس دوران مختلف دینی اور تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی۔اس کے بعد نمازِ ظہر کے بعد اہلِ سنت کے مرکز ”مکہ اسلامک سینٹر“میں سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی سعادت ملی۔یہ ادارہ بالخصوص انڈیا سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول بڑی محبت، اخلاص اور حسنِ انتظام کے ساتھ چلا رہے ہیں۔ وہاں پہنچ کر عشقِ رسول ، ذکرِ الٰہی اور دینِ اسلام کی خدمت کا جذبہ نمایاں طور پر محسوس ہوا۔ اسلامی بھائیوں کا ذوق و شوق دیدنی تھا اور اللہ پاک کے فضل سے نہایت روح پرور ماحول میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔اجتماع کے بعد کچھ اہم مشاورتوں کا سلسلہ رہا، جبکہ رات کے وقت ”فیضانِ مدینہ، ٹورانٹو“میں ایک عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا، جو جی ٹی اے (Greater Toronto Area) کے مرکزی علاقے میں واقع ہے۔
اس اجتماع کا منظر اپنی مثال آپ تھا۔ شُرکا کی کثرت کے باعث باقاعدہ بڑے ٹینٹ نصب کیے گئے تھے۔ اسلامی بھائی ٹینٹ میں موجود تھے، جبکہ اسلامی بہنوں کے لیے عمارت کے اندر علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود شُرکا کی تعداد اس قدر زیادہ تھی کہ بہت سے افراد کو کھڑے ہو کر اجتماع میں شرکت کرنا پڑی۔ عاشقانِ رسول کا ذوق و شوق، دین سے محبت اور بیان سننے کا جذبہ نہایت قابلِ دید تھا۔
اس موقع پر قرآنِ کریم فرقانِ حمید کی روشنی میں اہلِ ایمان کے لیے دیے گئے اہم احکامات پر گفتگو کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بالخصوص سورۂ حجرات کی ان مبارک آیات کا تذکرہ کیا گیا جو یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا سے شروع ہوتی ہیں۔ ان آیاتِ کریمہ کی روشنی میں تجسس سے بچنے، بدگمانی سے اجتناب کرنے اور غیبت کی قباحت جیسے اہم اخلاقی موضوعات پر گفتگو کی گئی، اور یہ واضح کیا گیا کہ قرآنِ کریم فرقانِ حمید ایک صالح، پُرامن اور مثالی اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے کن اعلیٰ اخلاقی اصولوں کی تعلیم دیتا ہے۔
اتوار 26 اپریل کا دن بھی نہایت مصروف رہا۔ صبح چند اسلامی بھائیوں سے ناشتے پر ملاقات ہوئی، جبکہ دوپہر کے وقت جی ٹی اے کا مرکزی اجتماع ”اسپریچوئل سوسائٹی مسجد“ میں منعقد ہوا۔ یہ نہایت خوبصورت، کشادہ اور شاندار مسجد ہے جہاں عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
الحمدللہ! اس اجتماع کو بھی مدنی چینل پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ بیان میں اللہ پاک کی محبت، اس پر کامل توکل اور اپنے رب کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی اہمیت پر گفتگو کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اجتماع کے اختتام پر کافی دیر تک اسلامی بھائیوں سے ملاقات، خیر خواہی اور مختلف شخصیات سے تبادلۂ خیال کا سلسلہ جاری رہا۔
اسی رات ”اوک ویل مکہ اسلامک سینٹر“میں بھی ایک سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔ یہ اجتماع مقامی ذمہ داران کی پُرزور درخواست پر صرف دو روز قبل طے پایا تھا۔ اللہ پاک کے فضل و کرم سے اس اجتماع کی ایک نمایاں برکت یہ سامنے آئی کہ وہاں دعوتِ اسلامی کی دینی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوئی۔ اجتماع کے بعد بھی اسلامی بھائیوں سے ملاقات، خیر خواہی اور مدنی مشوروں کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔
پیر کے روز مدنی چینل کی مختلف ریکارڈنگز کے لیے ٹورنٹو کے چند خوبصورت مقامات کا دورہ کیا گیا، جہاں مدنی پھولوں اور نعتِ رسولِ مقبول کی ریکارڈنگ کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس دوران شہر کے مختلف مقامات کو قریب سے دیکھنے کا بھی موقع ملا، اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بے شمار نعمتوں پر دل بار بار شکر ادا کرتا رہا۔
اب 28 اپریل منگل اس سفر کا آخری دن ہے۔ آج دوپہر کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر کے گھر مختلف تاجروں کی نشست رکھی گئی ہے، جس میں ظہرانے کے ساتھ مدنی مشورہ ہوگا، دعوتِ اسلامی کا تعارف پیش کیا جائے گا اور اس کی دینی خدمات پر ایک مختصر پریزنٹیشن بھی دی جائے گی۔ اس کے بعد، اِن شآءَ اللہ الکریم ائیرپورٹ کے لیے روانگی ہوگی اور یوں کراچی پہنچ کر اس بابرکت سفر کا اختتام ہو جائے گا۔
اس پورے سفر کے دوران مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول سے ملاقات، سنتوں بھرے اجتماعات، مدنی مشوروں، تربیتی نشستوں اور دعوتِ اسلامی کی دینی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ ہر شہر میں اسلامی بھائیوں کی محبت، اخلاص، خدمتِ دین کا جذبہ اور دینِ اسلام کے لیے ان کی تڑپ دیکھ کر دل کو بے حد خوشی ہوئی۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں دعوتِ اسلامی جس اخلاص، محبت اور منظم انداز سے دینِ متین کی خدمت کر رہی ہے، وہ اللہ پاک کا عظیم فضل ہے، اس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
اللہ پاک اس پورے سفر کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبول عطا فرمائے، اس دوران ہونے والی تمام دینی کاوشوں کو امتِ مسلمہ کے لیے نافع بنائے، دعوتِ اسلامی کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* رکن شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل
Comments