حضرت محمد بن جعفر رضی اللہ عنہما
کم عمری میں جن خوش نصیب بچوں کو اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں حاضری کا شرف ملا اُن میں حضرت ابو القاسم محمد بن جعفر رضی اللہ عنہما بھی شامل ہیں، آئیے! ان کے بچپن کے بارے میں پڑھ کر اپنے دِلوں کو محبتِ صحابۂ کرام سے روشن کرتے ہیں:
حضرت محمد بن جعفر رضی اللہ عنہما:
مختصر تعارف:
آپ حضرت جعفر بن ابو طالب اور حضرت اسماء بنتِ عُمیس رضی اللہ عنہما کے بیٹے، حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بھتیجے اور مشہور صحابی حضرت عبداللہ بن جعفر کے بھائی ہیں، آپ کی ولادت رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانے میں حَبَشہ میں ہوئی، آپ غزوۂ خیبر کے موقع پر اپنے والدین کے ساتھ مدینہ منورہ آئے، آپ اس وقت چھوٹے بچے تھے، مسلمان مہاجرین میں سب سے پہلے آپ کا نام ”محمد“ رکھا گیا۔ ([1])
حُضور نے آپ کو اپنی ران پر بٹھایا:
(حضرت جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد) رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ان کے گھر تشریف لائے اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ان کے بھائی حضرت عبداللہ اور حضرت محمد بن جعفر کو اپنی ران پر بٹھایا اور فرمایا:محمد میرے چچا ابوطالب کے ہم شکل ہے۔([2])
آلِ جعفر پر حضور کی کرم نوازی:
حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: میں دنیا اور آخرت میں ان بچوں (یعنی حضرت عبداللہ بن جعفر اور حضرت محمد بن جعفر) کا ولی (یعنی سرپرست) ہوں۔([3])
وصال:
آپ رضی اللہ عنہ نے تُستر میں شہادت پائی۔([4])
اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفرت ہو۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments