دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
اسٹاک مارکیٹ کے موضوع پر دارالافتاء اہلسنت کے تحت تین دن کا ”فقہی سیمینار“ :
دارُالافتاء اہلسنت کے ذیلی شعبہ ”افتاء فنانس کمیٹی (I.F.C)“ اور ”مرکزُ الاقتصادِ الاسلامی“ کے مشترکہ اہتمام سے اسٹاک مارکیٹ کے عصری اور شرعی موضوعات پر 20 تا 22 جولائی 2026ء تین دن کا فقہی سیمینار منعقد ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ سے متعلق یہ اپنی نوعیت کا تیسرا کامیاب سیمینار تھا جس میں مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سمیت دیگر مفتیانِ کرام اور ڈیپارٹمنٹ کے محققین نے شرکت کی۔ پہلادن: تلاوت و نعت کے بعد سیشن کا آغاز ہوا۔ محققین نے اسٹاک مارکیٹ کے فنی و شرعی پہلوؤں پر اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔ مقالات پر علمی نقد و نظر، تنقیح اور اصولِ فقہ کی روشنی میں پیچیدہ اشکالات کو حل کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دوسرا دن: افتاء فنانس کمیٹی کے اراکین نے اسٹاک مارکیٹ کے دقیق فنی اور فقہی امور پر مقالات پیش کیے۔ دلائل و نتائج کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور سوال و جواب کے ذریعے فقہی جزئیات کو مزید واضح کیا گیا۔ بھرپور علمی تبادلہ خیال کے بعد متعدد اہم فقہی امور پر اراکین کے مابین کامل اتفاقِ رائے قائم ہوا۔ تیسرا دن: اسٹاک مارکیٹ کے متفرق اور جدید پیچیدہ موضوعات پر گہرے فقہی مباحثے کا سلسلہ جاری رہا۔ سیشن کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ I.F.C کے تمام سیمینارز ملا کر اب تک اسٹاک مارکیٹ پر 20 سے زائد تحقیقی مقالات پیش کیے جا چکے ہیں۔ 22جولائی 2026ء کو افتاء فنانس کمیٹی کے تمام اراکین نے شیئر مارکیٹ کے معاملات پر ایک متفقہ حتمی فیصلہ طے کیا۔ اس سہ روزہ سیمینار کا حتمی متفقہ فیصلہ اور تحقیقی مقالات عنقریب تحریری طور پر شائع کیے جائیں گے۔
فیضانِ مدینہ بولونیا میں عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع نگران شوریٰ نے سنتوں بھرا بیان فرمایا:
یورپی ملک اٹلی (Italy)کے شہر بلونیا (Bologna) میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں 25 جولائی 2026ء کو ایک عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع منعقد کیا گیا۔ اس اجتماع میں اٹلی کے مختلف شہروں سمیت دیگر یورپی ممالک سے بزنس کمیونٹی، مختلف شعبہ جات سے وابستہ عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے خصوصی سفر کر کے شرکت کی۔ تلاوت و نعت سے اجتماع کا آغازہوا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا کہ اللہ پاک کثرت سے توبہ کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنےگناہوں کا شمار کرے کہ دن، ہفتے، مہینے اور سال میں اس سے کتنی نافرمانیاں سرزد ہوئیں۔ ہمیں %100 گناہوں سے بچنا چاہیے۔ انسانی تخلیق کا بنیادی مقصد اللہ پاک کی عبادت کرنا ہے۔ دورانِ بیان نگرانِ شوریٰ نے حاضرین کو کثرت سے توبہ و استغفار کرنے، روز مرہ کے گناہوں سے بچنے اور احکامِ الٰہی پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی۔ اجتماع کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام پڑھا گیا جبکہ امتِ مسلمہ کی بخشش و مغفرت اور خیر و عافیت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
فیضان ری ہبلی ٹیشن سینٹرکی چھٹی برانچ کا افتتاح مختلف، سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت:
دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے FGRF کے تحت خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے شارعِ فیصل کراچی میں ایک نئے (Advance) تھراپی سینٹرفیضان ری ہبلی ٹیشن سینٹرFRC کی چھٹی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ممتاز دینی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جن میں حمزہ تبانی (چیئرمین تبانی گروپ) اور رفیق سلیمان (چیئرمین رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان) شامل تھے۔ تقریب میں خصوصی بچوں کی اہمیت، ان کی پرورش میں والدین کی بےلوث محبت اور شائستہ الفاظ کے استعمال پر زور دیا گیا۔رکن شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری نے اس موقع پر بتایا کہ سابقہ برانچ کے مقابلے میں اس سینٹر میں بیک وقت 250 بچوں کی تربیت اور علاج کی صلاحیت موجود ہے جبکہ جگہ کی وسعت کے باعث یہاں فزیوتھراپی اور آکیوپیشنل تھراپی کی جدید ترین ایکسرسائزز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ خصوصی بچوں میں جذباتی پن اور رویوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سینٹر میں واقعی زندگی کے نمونوں پر مبنی ڈیمو سیٹ اپ بنائے گئے ہیں جیسے کہ مارکیٹ و شاپنگ ڈیمو، باربر شاپ (حجام) ڈیمو، ڈاکٹر فرینڈلی کلینک، کچن و ہاؤس ہولڈکی تربیت بھی شامل ہے۔ سینٹر سے صحت یاب ہونے والے بچوں کو مختلف روزگار سے متعلق کورسز کروا کر مختلف ہنر بھی سکھائے جائیں گے۔
چٹاگانگ کے سیلاب متأثرین میں فلاحی خدمات رکنِ شوریٰ نے امدادی کاموں کا جائزہ لیا:
چٹاگانگ بنگلہ دیش کے Banshkhali Upazila میں حالیہ مسلسل بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر دعوتِ اسلامی کے شعبہFGRFنے دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے چٹاگانگ کے مختلف مقامات پر پکا ہوا کھانا، راشن اور دیگر ضروری اشیاء کے بیگز تیار کر کے متأثرین میں تقسیم کئے۔ رکنِ شوریٰ عبدالمبین عطاری نے متأثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور FGRF کے رضا کاروں اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کام کو مزید منظم کرنے کی راہنمائی فرمائی۔ نیز رکنِ شوریٰ نے سیلاب زدہ علاقوں کے مقامی لوگوں سے ملاقاتیں کرکے ان میں راشن بیگز اور پکا ہوا کھانا تقسیم کیا۔
رکن شوریٰ حاجی اسد عطاری کی سینیگال میں شیخ منتقیٰ بن البشیر امباکی مالکی سے ملاقات:
ویسٹ افریقی ملک سینیگال (Senegal)کے شہر ٹوبا میں شیخ احمد بامبا علیہ الرحمہ کے خلیفہ شیخ منتقیٰ بن البشیر امباکی مالکی مُدَّظِلُّہُ العالی کی رہائش گاہ پر دعوتِ اسلامی کے وفد نے حاضری دی۔ وفد میں دعوتِ اسلامی کے رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد اسد عطاری مدنی اور دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی شامل تھے۔ اس نشست میں رکنِ شوریٰ کی شیخ منتقیٰ مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور وہاں موجود دیگر مالکی علمائے کرام سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ رکنِ شوریٰ نے امیرِ اہلِّ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی عالمگیر دینی، علمی اور اصلاحی خدمات کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کے تحت جاری دینی، تعلیمی اور فلاحی کاموں بالخصوص افریقی ممالک میں ہونے والی دینی کاوشوں سے متعلق تمام حاضرین کو آگاہ کیا، شیخ منتقیٰ مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی
Comments