مطالعہ تذکرہ اسلاف کی ضرورت و اہمیت
محمد عرفان
(درجہ سابعہ جامعۃُ المدینہ فیضانِ بغداد کورنگی کراچی )
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2026ء
اسلام ایک ایسا دین ہے جو اپنے ماننے والوں کو دیگر تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے اسلافِ صالحین کی زندگیوں سے سبق حاصل کرنے کی بھی تلقین کرتا ہے قرآنِ مجید میں انبیائے کرام علیہمُ السّلام کے واقعات اور صالحین کے احوال بار بار اس لیے بیان کیے گئے ہیں تاکہ اہلِ ایمان ان سے ہدایت، رہنمائی، صبر، استقامت، اخلاص، خوف خدا، عشق مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، اسلام کی سربلندی، اسلام کی دعوت، علم دین حاصل کرنا اور دوسروں تک پہنچانا اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کا درس حاصل کریں اسی طرح صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان، تابعین، تبع تابعین، ائمۂ مجتہدین، محدثین، مفسرین اور دیگر اکابرِ امت کی سیرت و خدمات کا مطالعہ ایمان کو تازگی بخشتا، علم میں وسعت پیدا کرتا اور دینِ اسلام کی سربلندی کیلیے جدوجہد کا جذبہ عطا کرتا ہے۔
اسلافِ امت کی زندگیوں کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ جس شخصیت میں جو عظیم وصف موجود تھا اس کا تذکرہ سننے اور اس کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے اسی وصف کو اپنانے کی رغبت دل میں پیدا ہوتی ہے اگر ہم ان کی دعوت و تبلیغ کی جد و جہد پڑھیں تو دین کی خدمت کا شوق بیدار ہوتا ہے اگر ان کی قربانیوں کا مطالعہ کریں تو ایثار و وفا داری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اگر علمِ دین کے حصول میں ان کی مشقتیں دیکھیں تو طلبِ علم کی اہمیت دل میں جاگزیں ہوتی ہے اور اگر ان کے صبر، تقویٰ، پرہیزگاری، خوفِ خدا اور عشقِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا تذکرہ پڑھیں تو ایمان تازہ ہو جاتا ہے دل کو نئی قوت ملتی ہے اور عمل کا نیا جذبہ حاصل ہوتا ہے۔
چنانچہ اللہ پاک قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
لَقَدْ كَانَ فِیْ قَصَصِهِمْ عِبْرَةٌ لِّاُولِی الْاَلْبَابِؕ-
ترجَمۂ کنز العرفان: بیشک ان رسولوں کی خبروں میں عقل مندوں کے لیے عبرت ہے۔ (پ13، یوسف:111)
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
یعنی بے شک انبیائے کرام علیہمُ الصّلوٰۃ ُوالسّلام کی اور ان کی قوموں کی خبروں میں عقل مندوں کے لیے عبرت ہے جیسے حضرت یوسف علیہ السّلام کے واقعہ سے بڑے بڑے نتائج نکلتے ہیں اور معلوم ہوتا ہے کہ صبر کا نتیجہ سلامت و کرامت ہے اور ایذا رسانی و بدخواہی کا انجام ندامت ہے اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھنے والا کامیاب ہوتا ہے۔
(صراط الجنان،5/70)
تذکرۂ اسلاف کے مطالعے کے بے شمار فوائد ہیں اس سے انسان کے اندر اخلاص، تقویٰ، صبر، تواضع، علم سے محبت، عبادت کا ذوق اور دین کی خدمت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے یہ مطالعہ نوجوان نسل کو عملی نمونے فراہم کرتا ہے اور انہیں وقتی شہرت کے بجائے دائمی کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے یہی وجہ ہے کہ محدثین، مفسرین اور فقہائے کرام اپنی علمی مجالس میں فقہی مسائل کے علاوہ اکابرِ امت کے واقعات بھی سناتے تھے تاکہ علم کے ساتھ عمل اور معرفت کے ساتھ اخلاص بھی پیدا ہو۔ آج کا دور فکری انتشار، اخلاقی زوال اور بے شمار فتنوں کا دور ہے ایسے حالات میں اسلافِ امت کی سوانح کا مطالعہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے، ان کی زندگیاں ہمیں یہ سبق دیتی ہیں کہ مشکلات کے باوجود دین پر ثابت قدم کیسے رہا جاتا ہے، علم کس اخلاص اور محنت سے حاصل کیا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو زندگی کا سب سے بڑا مقصد کیسے بنایا جاتا ہے۔
تذکرۂ اسلاف کا مطالعہ صرف ماضی کے واقعات جاننے کا نام نہیں بلکہ اپنے حال کی اصلاح اور مستقبل کی تعمیر کا مؤثر ذریعہ ہےجو قوم اپنے اسلاف کے نقشِ قدم کو فراموش کر دیتی ہے وہ اپنی علمی، فکری اور اخلاقی شناخت بھی کھو بیٹھتی ہے، لہٰذا ہر مسلمان خصوصاً طالب علم کو چاہیے کہ وہ قرآنِ مجید اور احادیثِ نبویہ کے ساتھ ساتھ اسلافِ امت سیرت و تذکرہ کا بھی باقاعدہ مطالعہ کرے تاکہ اس کے علم میں برکت عمل میں اخلاص، ایمان میں مضبوطی پیدا ہو اور وہ دنیا و آخرت دونوں کی کامیابی حاصل کر سکے۔
اللہ پاک ہمیں اپنے اسلاف کے طریقے پر اپنی زندگی گزارنے اور ان حضرات کی سیرت و خدمات کا مطالعہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments