مطالعۂ فقہ و مسائل کی ضرورت و اہمیت
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسانی زندگی کے ہر شعبے میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔ عبادات، معاملات، معاشرت، معیشت، سیاست اور اخلاقیات سمیت زندگی کے تمام پہلوؤں میں شرعی احکام کی معرفت حاصل کرنا ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت ہے۔ ان احکام کی تفصیلی معرفت فقہِ اسلامی کے ذریعے حاصل ہوتی ہے، اس لیے فقہی مسائل کا مطالعہ فرد اور معاشرے دونوں کے لیے نہایت ضروری اور اہم ہے۔
مطالعۂ فقہ و مسائل کی ضرورت و اہمیت کے متعلق چند پوائنٹ پڑھیے اور عمل کیجیے:
(1) عبادات کی صحت کے لیے:
نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج جیسے فرائض کی درست ادائیگی فقہی مسائل کے علم کے بغیر ممکن نہیں۔ وضو کے فرائض، نماز کے ارکان اور روزے کے مفسدات وغیرہ جاننا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ فقہی مطالعہ اس بات کا ذریعہ بنتا ہے کہ عبادات سنت کے مطابق، صحیح طریقے سے اور اطمینانِ قلب کے ساتھ ادا ہوں۔
(2)حسنِ معاشرت اور حقوق کی ادائیگی:
حسنِ معاشرت اور حقوق کی ادائیگی بھی دین کا حصہ ہے۔ والدین، اولاد، بہن بھائی، شوہر، بیوی، رشتہ دار، پڑوسی، دوست، ملازمین، آجر، خریدار، فروخت کنندہ اور معاشرے کے ہر فرد کے حقوق شریعت نے واضح فرمائے ہیں۔ ان حقوق کی صحیح پہچان بھی فقہی مطالعہ سے حاصل ہوتی ہے۔ اسی طرح نکاح، طلاق، وراثت، خرید و فروخت اور دیگر معاملات کے شرعی احکام جاننے سے معاشرتی تنازعات کم ہوتے ہیں اور عدل و انصاف قائم ہوتا ہے۔
(3)جدید مسائل سے آگاہی کے لیے:
جدید دور میں اسلامی بینکاری، انشورنس، اعضاء کی پیوند کاری، مصنوعی بار آوری، ڈیجیٹل تجارت اور کرپٹو کرنسی جیسے نئے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ ان مسائل کے شرعی احکام جاننے کے لیے فقہی تحقیق اور فقہی ذخیرے کا مطالعہ ناگزیر ہے۔
(4)كسبِ معاش كے لیے مطالعہ فقہ و مسائل کی اہمیت:
روزگار اور کسبِ معاش ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے، مگر اسلام صرف کمانے کا نہیں بلکہ حلال کمانے کا حکم دیتا ہے۔ تجارت، ملازمت، شراکت، خرید و فروخت، قرض، ادھار، ضمانت، کمیشن، آن لائن کاروبار، اجرت، ملازمت کے حقوق اور مالی لین دین سے متعلق بے شمار شرعی احکام ایسے ہیں جن سے ناواقفیت انسان کو سود، دھوکے، جھوٹ، خیانت، رشوت، اور دیگر ناجائز معاملات میں مبتلا کر سکتی ہے۔ جو شخص فقہی مسائل کا مطالعہ کرتا رہتا ہے وہ اپنے کاروبار اور روزگار کو شریعت کے مطابق رکھنے کی کوشش کرتا ہے، اس کی کمائی پاکیزہ ہوتی ہے، اس کے معاملات شفاف ہوتے ہیں اور اس کی زندگی میں برکت پیدا ہوتی ہے۔
(5)عصرِ حاضر میں مطالعۂ فقہ کی ضرورت:
موجودہ زمانے میں ہر روز نئے مسائل سامنے آتے ہیں جن پر علمائے کرام اور مفتیانِ عظام قرآن و سنت اور فقہی اصولوں کی روشنی میں تحقیق کرکے امت کی راہنمائی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں شائع ہونے والا سلسلہ ”احکامِ تجارت“ تاجروں اور عام مسلمانوں کو روزمرہ کے جدید تجارتی مسائل سے آگاہ کرتا ہے۔ اسی طرح دارالافتاء اہلسنت اور مستند علما کی جانب سے شائع ہونے والے فتاویٰ بھی عملی زندگی میں بہت زیادہ راہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
اللہ پاک ہمیں علمِ دین حاصل کرکے اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
*(مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی )
Comments