دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں


دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں


کراچی میں ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک سے وابستہ عاشقانِ رسول کا سنتوں بھرا اجتماع:

شعبہ رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ  (دعوتِ اسلامی)کے زیر اہتمام 4 اور 5 جولائی 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان ِمدینہ کراچی میں دو دن کا سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں ملک بھر سے لائیو اسٹاک، پولٹری، کیٹل فارمنگ اور زراعت سے وابستہ عاشقانِ رسول اور شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔شرکائے اجتماع نے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے مدنی مذاکرے میں خصوصی شرکت کی اور علمی و تربیتی راہنمائی حاصل کی۔دورانِ اجتماع نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے ”رزقِ حلال کی برکت“ کے موضوع پر بیان کیا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ہنر سکھانے کے ساتھ ساتھ صرف حلال کمانے اور جھوٹ، دھوکے اور ملاوٹ سے بچنے کی ذہن سازی کریں۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے واضح کیا کہ اسلام مالدار بننے سے نہیں روکتا، بشرطیکہ مال حلال طریقے سے کمایا جائے اور انسان حقوق العباد کی پامالی اور تکبر سے بچے۔ اس دو روزہ تربیتی سیشن میں رکن شوریٰ قاری سلیم عطاری سمیت دعوتِ اسلامی کے مبلغین نے بھی شرکا کی تنظیمی و اخلاقی راہنمائی کی۔

انگلینڈ کے اجتماع میں نگران شوریٰ کا بیان:

دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 7 جولائی 2026ء کو مدنی مرکز فیضان مدینہ سلاؤ (Slough) انگلینڈ میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں بزنس کمیونٹی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول، اراکینِ شوریٰ حاجی محمد رفیع عطاری اور حاجی محمد خالد عطاری، نگرانِ یوکے مشاورت، اور یورپی ممالک فرانس، اٹلی وغیرہ کے ذمہ داران و مبلغین شریک ہوئے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”نیکی کی دعوت دینے اور برائی سے منع کرنے“ کے موضوع پر بیان فرمایا۔ انہوں نے برائی پر خاموش رہنے کے اُخروی نقصان سے ڈراتے ہوئے تاکید کی کہ دوسروں کو برائی سے روکنے کے لیے ہمیشہ نرمی، عاجزی اور پیار و محبت کا طریقہ اختیار کریں۔ دوران اجتماع رکنِ شوریٰ حاجی محمد خالد عطاری نے شرکا کو دینِ متین کی خدمت اور دعوتِ اسلامی کے تنظیمی کاموں میں عملی حصہ لینے کی ترغیب دی۔

ماریشس میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام  عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد

افریقی ملک ماریشس (Mauritius)کے علاقے کاسٹیلینا  (Castellina)کے Hall Quartier میں دعوتِ اسلامی کے تحت ایک عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے بھر سے بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس اجتماع میں جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خواں اسلامی بھائیوں نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جس کے بعد رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری نے بھی کلام پیش کیا۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے ”برکت کس چیز کا نام ہے؟“ کے موضوع پر نہایت اصلاحی اور فکر انگیز بیان کیا۔ دوران بیان انہوں نے نشہ آور اشیاء اور دیگر معاشرتی برائیوں کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور ان سے بچنے کا ذہن دیا۔ بیان میں شرکا کو کثرت سے توبہ و استغفار کرنے اور بری صحبتوں سے دور رہنے کی ترغیب دی گئی جبکہ قبر اور آخرت کی دائمی کامیابی کے لیے تیاری کرنے کا ذہن دیا۔

چٹاگانگ کے سیلاب متأثرین میں فلاحی خدمات رکن شوریٰ نے امدادی کاموں کا جائزہ لیا:

چٹاگانگ بنگلہ دیش کے Banshkhali Upazila میں حالیہ مسلسل بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر دعوت اسلامی کے شعبہ FGRF نے دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے چٹاگانگ کے مختلف مقامات پر پکا ہوا کھانا، راشن اور دیگر ضروری اشیاء کے بیگز تیار کر کے متأثرین میں تقسیم کیے۔ رکن شوریٰ عبدالمبین عطاری نے متأثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور FGRF کے رضا کاروں (Volunteers) اور مبلغین دعوتِ اسلامی سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کام کو مزید منظم کرنے کی راہنمائی فرمائی۔ رکنِ شوریٰ نے خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے مقامی لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ان میں راشن بیگز اور پکا ہوا کھانا تقسیم کیا۔

رکن شوریٰ حاجی اسد عطاری کی ترکی میں  مشائخ عظام اور علمائے کرام سے ملاقاتیں:

ماہِ جولائی 2026ء کے مختلف دنوں میں دعوتِ اسلامی کے رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد اسد عطاری مدنی نے اپنے دورۂ ترکی (Turkey) کے دوران شہر غازی انتیب (Gaziantep) کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ سب کانٹیننٹ نگران اور دعوتِ اسلامی کے دیگر مبلغین بھی موجود تھے۔ اس دورے کے دوران رکنِ شوریٰ اور ان کے وفد نے مختلف سلاسل سے تعلق رکھنے والے مشائخِ عظام، جید علمائے کرام اور معاشرے کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ دین کی سربلندی اور فلاحی کاموں کے فروغ کے لیے مختلف امور پر تبادلہِ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران علمائے کرام اور مشائخِ عظام نے دعوتِ اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے عصرِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے دعوتِ اسلامی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دینی کاموں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔



*(فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز، کراچی)


Share