دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں



فیضانِ مدینہ کراچی میں دستارِ فضیلت و تقسیم اسناد اجتماع  کا سلسلہ500 علمائے کِرام کے سَروں پر دستار سجائی گئی

دعوتِ اسلامی کے تعلیمی شعبے جامعۃُ المدینہ (بوائز) کے زیرِ اہتمام  11 جنوری 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع“ منعقد ہوا۔ یہ تقریب درسِ نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والے طلبہ کی علمی کاوشوں کے اعتراف میں منعقد کی گئی جس میں اساتذۂ کرام، علمائے اہلِ سنّت اور فارغُ التحصیل طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں بیان کرتے ہوئے استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے علمِ دین کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قراٰن و حدیث اور اسلاف کے اقوال کی روشنی میں واضح کیا کہ علمِ دین کا اصل مقصد رضائے الٰہی اور انسانیت کی اصلاح ہے۔ انہوں نے نئے علمائے کِرام کو اپنی علمی وعملی زندگی میں اسلاف کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ اجتماع کا سب سے اہم مرحلہ وہ تھا جب جامعۃُ المدینہ کے تقریباً 500 فارغُ التحصیل علمائے کِرام اور تخصّصات مکمل کرنے والے خوش نصیبوں کے سروں پر مفتیانِ کرام اور اراکینِ شوریٰ نے اپنے ہاتھوں سے دستارِ فضیلت سجائی۔ اس موقع پر طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

کراچی میں دار الافتاء اہلسنت کی نویں برانچ کا افتتاح افتتاحی تقریب میں مفتی قاسم عطاری نے خصوصی بیان فرمایا

دارُ الافتاء اہلسنت (دعوتِ اسلامی) کی جانب سے 25 جنوری 2026ء کو کراچی کے علاقے سخی حسن نارتھ ناظم آباد میں واقع جامع مسجد بہزاد لکھنوی میں ”دارُالافتاء اہلسنت“ کی نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ تلاوت و نعت سے افتتاحی تقریب کا آغازہوا۔ تقریب میں مفتیان کِرام، اراکینِ شوریٰ اور دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے ذمّہ داران سمیت عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس پروگرام میں رئیس دار الافتاء اہلسنت شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّظِلُّہُ العالی  نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الحمد للہ اس وقت پاکستان بھر میں دار الافتاء اہلسنت کی 24 برانچز قائم ہوچکی ہیں جن میں سے  کراچی شہر میں آٹھ برانچز قائم تھیں اور نویں برانچ کا افتتاح آج ہوا ہے۔ امیرِاہلِ سنّت کی خواہش ہے کہ کراچی میں کم از کم  12 دارُ الافتاء اہلسنّت قائم کرنے ہیں اور ہم اپنے  مقصد کے بہت قریب ہیں۔ تقریب کے اختِتام پر مفتیانِ کرام اور اراکینِ شوریٰ نے دار الافتاء اہلسنّت کی نئی برانچ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ یہ علمی مرکز مقامی سطح پر شہریوں کو درپیش روزمرّہ کے شرعی مسائل اور پیچیدگیوں کے حل کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

موزمبیق کے Shopping Centre Hall میں اجتماع کا انعقاد نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے بیان فرمایا

22جنوری 2026ء کو افریقی ملک موزمبیق کے شہر ماپوتو میں واقع ”ماپوتو شاپنگ سینٹر ہال“  میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ انتظام ایک عظیمُ الشّان سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افریقی بھائیوں سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع سے خصوصی بیان کرتے ہوئے نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”رمضانُ المبارَک کی اہمیّت و فضیلت“ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کی برکات کا ذکر کرتے ہوئے مقامی سطح پر دینی کاموں کی رفتار تیز کرنے کا بھی ذہن دیا۔ مقامی لوگوں کی سہولت کے لیے نگرانِ شوریٰ کے بیان کا ترجَمہ مقامی افریقی زبان میں بھی کیا گیاتاکہ وہاں کے رہنے والے بیان کو اچّھی طرح سمجھ سکیں اور اس پر عمل کر سکیں۔اجتماع کا اختِتام بارگاہِ رسالت  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  میں دُرُود و سلام کے نذرانے اور عالمِ اسلام کی سَربلندی کی خصوصی دُعاؤں پر ہوا۔

پشاور میں فیضانِ مدینہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

03 جنوری 2026ء کو صوبہ خیبر پختونخوا کے  شہر پشاور میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ (بنام جامع مسجد علی المرتضیٰ  رضی اللہ عنہ ) کی تعمیرات کے سلسلے میں ایک عظیمُ الشّان اجتماعِ سنگِ بنیاد کا انعقاد کیا گیا۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے حاضرینِ اجتماع سے ”فضائلِ اہلِ بیت“ کے موضوع پر نہایت مؤثّر، جامع اور سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان میں اہلِ بیتِ اطہار  رضوان اللہ علیہم اجمعین  کی عظمت، ان سے محبّت کو ایمان کا حصّہ قرار دینے، ان کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے اور ان کے مبارَک کردار کو عملی زندَگی میں نافذ کرنے کی اہمیّت پر روشنی ڈالی گئی۔ بیان کے بعد مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور اور جامع مسجد علی المرتضیٰ  رضی اللہ عنہ  کی تعمیر کے سلسلے میں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اجتماع میں علمائے کِرام، ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی، مقامی معزّزین اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

فیضانِ مدینہ کراچی میں تاجران کے درمیان Meet UPکا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 27 جنوری 2026ءکو ایک Meet UP کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین، فیکٹری مالکان، تاجران اور بزنس کمیونٹی سے تعلّق رکھنے والی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والی دینی و فلاحی خدمات کے حوالے سے آگاہی دی اور دینی کاموں میں حصّہ لینے کی ترغیب دلائی۔

انگلینڈ میں اسٹوڈنٹس کے درمیان Meet UPکا انعقادرکنِ شوریٰ حاجی خالد عطاری نے بیان کیا

انگلینڈ (England) کے سٹی اولڈہم (Oldham) میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک Meet UPکا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تعلیمی اِداروں کے اسٹوڈنٹس اور دیگر Youngsterسمیت مختلف شعبہ جات سے وابستہ عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی خالد عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکا کو قَبر و آخِرت کی تیاری کرنے، گُناہوں سے بچنے، نَمازوں کی پابندی کرنے اور نیکیوں بھری زندَگی گُزارنے کا ذہن دیا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ    شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی


Share