حالتِ احرام میں ناریل کا تیل لگانا کیسا ؟مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

کیا فرشتے سوتے ہیں؟

سُوال: کىا فرشتوں کو بھى ہماری طرح نىند آتى ہے؟

جواب: جی نہیں،فرشتوں کو نہ اُونگھ آتی ہے نہ نیند اور نہ وہ کچھ کھاتے پیتے ہیں۔

(مدنی مذاکرہ، 16رمضان المبارک 1441ھ)

”حطیم“ خانۂ کعبہ میں داخل ہے

سُوال: کیا حطیم([1]) کعبہ شریف میں داخل ہے؟

جواب: جی ہاں! حطیمِ کعبہ بھی کعبہ شریف میں داخل ہے۔ دورانِ طواف اس میں سے نہیں گُزرسکتے۔

(دیکھئے: مدنی مذاکرہ، 15شوال المکرم 1441ھ)

حالتِ اِحرام میں ناریل کا تیل لگانا کیسا؟

سوال: کیا اِحرام کی حالت میں سر یا چہرے پر ناریل کا تیل لگاسکتے ہیں؟

جواب: لگا سکتے ہیں۔ البتہ تِل اور زىتون کا تىل خوشبو کے حکم مىں ہے اگر چہ ان مىں خوشبو نہ ہو، ىہ جسم پر نہىں لگاسکتے۔ ہاں! ان کے کھانے، ناک مىں چڑھانے، زخم پر لگانے ىا کان مىں ٹپکانے مىں کفّارہ لازم نہىں۔ لہٰذا حالتِ اِحرام میں ناریل کا تیل لگانا جائز ہے مگر تِل اور زیتون کا تیل سر میں نہیں ڈال سکتے۔

(مدنی مذاکرہ، 26شوال المکرم1440ھ)

مُرغی پانی میں چونچ ڈال دے تو۔۔۔

سُوال: اگر مُرغی پتیلی میں رکھے پانی میں چونچ ڈال دے تو کیا پانی ناپاک ہوجائے گا؟

جواب: جی نہیں! البتہ اگر مُرغی نے نَجاست میں چونچ ڈالی اور نَجاست اُس کی چونچ پر لگ گئی، پھر اُس نے چونچ پتیلی میں رکھے پانی میں ڈالی تو اب پانی ناپاک ہوجائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 8محرم الحرام شریف 1441ھ)

شاور کے ذَریعے غسل کرنا

سوال: شاور یا برستی بارش کے ذَریعے غسل کرنا کیسا ہے؟

جواب: شاور کے ذَریعے غسل کرنا جائز ہے یہ بہتے پانی کے حکم میں ہے۔اس میں غسل کرنے والا شاور کے نیچے اتنی دیر کھڑا رہے جتنی دیر میں بدن پر تین بار پانی بہہ جاتا ہے اس طرح تین بار کی سنّت اَدا ہوجائے گی۔ اِس کے علاوہ جو فرائض ہیں مثلاً کلّی کرنا اور ناک میں پانی چڑھانا ان کو بھی پورا کرنا ہو گا۔ اگر کوئی شخص بارش میں کھڑا ہو گیا تو فرائض مکمل ہونے کی صورَت میں غسل ہو جائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 6محرم الحرام 1442ھ)

مرغی کا مغز کھانا

سُوال: کیا مرغی کا مغز کھانے سے اولاد نہیں ہوتی؟

جواب: یہ محض افواہ ہے۔ میں نے بارہا مرغی کا مغز کھایا ہے اور اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الکریم ”پَر نانا“ بن گیا ہوں! عموماً لوگ مرغی کا سر وغیرہ پھینک دیتے ہیں، لیکن ہم لوگ چونکہ غریب تھے، لہٰذا میں خود مرغی کے سر اور گردن وغیرہ خرید کر لاتا تھا۔ مرغی کے دیگر گوشت کے مقابلے میں گردن کا گوشت زیادہ لذیذ ہوتا ہے، میں نے یہ چیزیں بہت کھائی ہیں، اب بھی آئے تو کھا لیتا ہوں۔ پہلے دیسی مرغیاں ہی ہوتی تھیں، فارمی مرغی کا تصوّر بھی نہیں تھا، نیز پہلے مرغی کی زائد چیزیں مثلاً سر، گردن، کلیجی وغیرہ ہوٹلوں میں بھی نہیں بکتی تھیں، نہ انہیں کوئی پوچھتا تھا، مگر اب تو سپر مارکیٹوں میں ان چیزوں کے الگ الگ پیکٹ بنا کر سجائے ہوتے ہیں، پاؤں یعنی لیگ پیس کا الگ پیکٹ، گردنوں، کلیجی کا الگ، جس کو جو پسند ہو وہ خرید لے۔(مدنی مذاکرہ، 4محرم الحرام 1442ھ)

گھر وغیرہ میں مَرحومین کی تصاویر لگانا کیسا؟

سوال: کچھ لوگ اپنی دکان، آفس اور گھر میں مَرحوم والدین کی تصاویر لگاتے ہیں کیا اُن کا ایسا کرنا دُرُست ہے؟

جواب: جاندار بلکہ ماں باپ وغیرہ کی تصویر بھی دیوار وغیرہ پر آویزاں کرنا گناہ ہے ایسی تصویر گھر میں لگانے سے رَحمت کے فرشتے نہیں آتے۔(دیکھئے: بخاری، 3/19، حدیث: 4002) البتہ اسکرین پر نظر آنے والی تصویر جسے Digital Photo کہتے ہیں یہ تصویر شُعاعی ہوتی ہے اِس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ہاں اِس کا پرنٹ آؤٹ کرنا جائز نہیں۔(مدنی مذاکرہ، یکم ربیع الآخر 1442ھ)

اللہ پاک کی دُعا سے یہ کام ہو گیا “کہنا کیسا؟

سُوال: ”اللہ پاک کی دُعا سے یہ کام ہو گیا “کہنا کیسا ہے؟

جواب: ”اللہ پاک کی دُعا سے سب ٹھیک ہے“ وغیرہ جملے لوگ علم کی کمی کی وجہ سے بول رہے ہوتے ہیں، اس طرح نہیں کہنا چاہیے۔ہم اللہ پاک کی بارگاہ میں دُعا کرتے ہیں اللہ پاک کسی سے دُعا نہیں کرتا، اللہ پاک کی ذات سب سے بڑی ہے اور سب کو وہی دینے والا ہے۔لوگ آپس میں ایک دوسرے کو بھی کہتے ہیں کہ آپ کی دُعا سے سب ٹھیک ہے، آپ کی دُعا سے فلاں کام ہو گیا یہ جملے تو کہہ سکتے ہیں لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ”اللہ پاک کی دُعا سے یہ کام ہو گیا“۔(مدنی مذاکرہ، 4 ربیع الاول شریف1442ھ)

شوہر کا برقع پہننے سے منع کرنا کیسا؟

سُوال: شوہر اگر برقع پہننے سے منع کرے تو کیا کِیا جائے؟

جواب: اسلامی پردہ کرنے کے لیے بُرقع شرط نہیں، چادر وغیرہ سے بھی پردہ ہوسکتا ہے، اگر شوہر چادر سے منع نہیں کرتا تو چادر سے پردہ کرے۔ البتہ! مَردوں کو چاہئے کہ پردہ کرنے سے منع نہ کریں، بلکہ اگر عورتیں پردہ نہیں کرتیں تو انہیں غیرمَردوں سے پردہ کرنے کے بارے میں سمجھائیں اور بےپردہ گھر سے نکلنے سےک روکیں، وہ مرد گنہگار ہے جو اپنی بیوی کو بے بردہ گلیوں بازاروں میں گھومنے پِھرنے کی چُھوٹ دیتا ہے۔اکبر الٰہ آبادی نے دل جلی بات کہی:

بے پردہ کل جو آئىں نظر چند بىبىاں

اکبرؔ زمىں مىں غىرتِ قومى سے گڑ گىا

پوچھا جو اُن سے آپ کےپردے کا کىا ہوا

کہنے لگىں وہ عقل پہ مَردوں کى پڑ گىا

یعنی مرد کی عقل پر پردہ پڑ گیا ہے کہ اس نے پردہ کرنے پر پابندی لگادی، جن مردوں کی عقل پر پردہ نہیں وہ اپنی بیوی کو اِصرار کرکے پردہ کرواتے ہیں، لہٰذا قراٰنِ کریم کے احکام نافذ کرنے والا بننا چاہیے نہ کہ اسے روکنے والا، مسلمان کا کام قراٰن و حدىث پر عمل کرنا اور دوسروں کو عمل کى تلقىن کرنا ہے، نہ کہ کسى کو اس پر عمل کرنے سے روکنا۔(مدنی مذاکرہ، 11 ربیع الاول شریف1442ھ)



([1])حطیم:کعبۂ معظّمہ کی شمالی دیوار کے پاس نصف (یعنی آدھے) دائرے کی شکل میں فصیل (یعنی باؤنڈری) کے اندر کا حصہ۔ اس میں داخل ہونا عین کعبۃُ اللہ شریف میں داخل ہونا ہے۔(رفیق الحرمین، ص61)


Share