(1)ہیٹر کے سامنے نماز پڑھنا کیسا؟
سُوال: آج کل مسجد میں ہیٹر لگے ہوتے ہیں جن سے آگ نکل رہی ہوتی ہے، کیا ان کے سامنے نماز پڑھ سکتے ہیں؟
جواب: پڑھ سکتے ہیں، ہیٹر کی وہ آگ نہیں ہوتی جس کی پوجا کی جاتی ہے۔باقاعدہ جو آگ لگی ہوئی ہو اس کے سامنے نماز پڑھنا مکروہِ تنزیہی ہے۔(مدنی مذاکرہ، 11جمادی الاولیٰ 1442ھ)
نوٹ: مزید تفصیل جاننے کے لیے دارالافتاء اہلسنت (دعوتِ اسلامی) کا فتویٰ ”ہیٹر اور چولہے کے سامنے نماز کا حکم؟“ پڑھیے۔
https://www.fatwaqa.com/ur/fatawa/namaz/heater-chule-ke-samne-namaz-ka-hukum)
(2)سردیوں میں کریم یا لوشن لگاتے وقت اچھی نیتیں کرنا:
سُوال: سردی کی وجہ سے خشک جلد پرکریم یا لوشن لگانے میں کیا نیت ہونی چاہیے؟
جواب:سردی کے موسم میں خشکی کی وجہ سے جِلد پھٹ جاتی ہے، کریم یا لوشن لگاتے ہوئے جِلد کے علاج کی نیت کرلیں، کیونکہ کریم سے جِلد صحیح ہوجائے گی یوں یہ علاج ہوا اور علاج کرنا سنّت ہے(دیکھیے: ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت، ص365) لہٰذا اس سنت پر عمل کی نیت ہوسکتی ہے۔ مزید یہ نیت کرسکتے ہیں کہ عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت سے ویزلین (Vaseline) لگاتا ہوں کیونکہ اگر کریم نہیں لگائیں گے تو جِلد پھٹ جائے گی اور وضو کرتے ہوئے جب جِلد میں پانی لگے گا تو تکلیف ہوگی، نیز وضو خود ایک عبادت ہے اور عبادت کرنے کا ذریعہ بھی ہے لہٰذا وضو میں تکلیف سے بچنے اور اس پر قوت حاصل کرنے کی نیت سے کریم لگائیں۔(مدنی مذاکرہ، 18جمادی الاولیٰ 1442ھ)
(3)گائے کا بچّہ پیدا ہوتے ہی بیچ دینا کیسا؟
سوال: میرا Farming کا چھوٹا سا کام ہے، جب گائے بچّہ دیتی ہے تو کئی Farmer حضرات اسے Sale کردیتے ہیں، حالانکہ ابھی اس بچّے نے اپنی ماں کا پہلا دودھ بھی نہیں پیا ہوتا۔ ایسا کرنا کیسا ہے؟
جواب: عام طور چھوٹا بچّہ جونر ہو وہ Sale اس لیے کردیا جاتا ہے کہ وہ بڑا ہوکر نہ دودھ دے گا، نہ بچّے۔ یہ بیچنا جائز ہے۔ البتہ بعض لوگ ایسے جانور پر رحم کھاتے ہیں، لیکن ایسے لوگوں کی بھی ایک تعداد ہے جو اس طرح کے جانور کا گوشت کھانا پسند کرتی ہے، کیونکہ اس کا گوشت نرم و ملائم ہوتا ہے۔ مجرمانہ ذہن کے بعض ہوٹل والے ایسے جانور کی چانپیں بنا کر بکرے کی جگہ اسے چلادیتے ہیں، کیونکہ چانپ جب بھون لی جائے تو پتا نہیں چلتا کہ بکرے کی ہے یا گائے کے چھوٹے بچے کی، یہ تو سراسر دھوکا و گناہ ہے۔ قربانی میں اگر جانور کے پیٹ سے بچّہ زندہ نکل آئے تو اسے بھی ذبح کیا جائے اور اس کا گوشت کھایا جائے گا اور اگر مردہ نکلے تو پھینک دیا جائے۔ (دیکھیے: بہار شریعت، 3/348) جس گائے وغیرہ سے مردہ بچّہ نکلا اُس کا گوشت پاک ہوگا اور کھانا بھی جائز ہوگا۔ اگر قربانی کی تھی وہ بھی ہوجائے گی۔(مدنی مذاکرہ، 21 ربیع الاول شریف1442ھ)
(4)عذابِ قبر سے بچنے کا طریقہ:
سوال: عذابِ قبر سے کس طرح بچا جاسکتا ہے؟
جواب: اگر کسی شخص کو قبر کے عذاب سے بچنا ہے تو اُسے چاہیے کہ گناہ نہ کرے بلکہ نیکیاں کرتا رہے۔ روزانہ رات سورۃُ الملک پڑھنے سے بھی عذابِ قبر سے حفاظت ہوتی ہے کیونکہ سورۃُ الملک کا ایک نام ”سورۃُ المانعۃ“ یعنی عذابِ قبر کو روکنے والی بھی ہے۔(دیکھیے: ترمذی، 4/407، حدیث:2899) یاد رہے کہ یہاں صرف سورۃُ الملک پڑھ لینے پر ہی اِکتفا کر کے دِیگر فرائض و واجبات کو ترک کر دینا مُراد نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ فرائض و واجبات کی اَدائیگی بھی لازم ہے۔(مدنی مذاکرہ، 30ذوالقعدۃ الحرام1441ھ)
(5)گوشت کے اندر کا خون پاک ہے یا ناپاک؟
سُوال: گوشت کے اندر جو خون ہوتاہے وہ پاک ہے یا ناپاک؟ نیز اگر وہ خون جسم یا کپڑوں پر لگ جائے تو کیا کپڑے وغیرہ ناپاک ہوجائیں گے؟
جواب: جو خون گوشت کے اندر ہوتا ہے وہ پاک ہے۔ (دیکھیے: بہار شریعت، 1/392) اگر یہ پاک خون کپڑوں پر لگ جائے تو کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے۔(مدنی مذاکرہ، 13محرم الحرام 1443ھ)
(6)کیا سو سال کا سانپ کچھ بھی بن سکتا ہے؟
سُوال: بعض لوگ کہتے ہیں کہ ”سانپ جب سو سال کا ہوجاتا ہے تو وہ کچھ بھی بن سکتا ہے۔“ یہ بات کہاں تک دُرُست ہے؟
جواب: کچھ بھی بننے سے کیا مراد ہے؟ کیا سانپ انسان بن جاتا ہے؟ یہ جو اپنے آپ کو بندر کی اولاد کہتے ہیں ابھی تک ٹھوکریں کھارہے ہیں،اب یہ سانپ والے بھی آگئے ہیں! ان سب نظریات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
(مدنی مذاکرہ، 4صفرالمظفر 1443ھ)
(7)بچے کا نام کب رکھیں؟
سوال:بچے کا نام کتنے دن تک رکھ سکتے ہیں؟
جواب:نومولود بچے کا نام رکھنے کے لیے دنوں کی کوئی تعداد معیّن نہیں ہے، ہمارے ہاں تو پىدا ہونے سے پہلے ہى نام کى تلاش ہوتى ہے اور کوئی انوکھا سا نام تىارکرلیا جاتا ہے اور پھر بچہ پىدا ہوتے ہى وہ نام رکھنے کی جستجو ہوتى ہے۔ البتہ بہتر یہ ہے کہ پیدائش کے ساتوىں دن نام رکھا جائے اور اسی دن عقىقہ بھى کىاجائے۔(دیکھیے:بہار شریعت، 3/355) لیکن اگر کسى نے پہلے دن بھى نام رکھ لىا تو کوئى حَرَج نہىں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 11صفرالمظفر 1443ھ)
(نام رکھنے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیے)
(8)پرندوں کے پر کاٹنا کیسا؟
سُوال: کیا پرندوں کے پر کاٹ سکتے ہیں؟
جواب:اگر ضرورت ہو اور پر کاٹنا نفع بخش ہو تو پَر کاٹ سکتے ہیں، بعض اوقات پرندے کو مانوس کرنے کے لیے پر کاٹتے ہیں، اس میں حَرَج نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 18صفرالمظفر 1443ھ)
(9)عوام میں مشہور چند غلط باتیں:
سُوال: عوام میں یہ بات مشہور ہے کہ اگر کوّا بولے تو مہمان آتا ہے، دودھ گر جائے تو بلا ٹلتی ہے اورسیدھے ہاتھ میں خارش ہو تو پیسے آتے ہیں، کیا یہ سب باتیں درست ہیں؟
جواب:کوّا بولے تو مہمان آئے، دودھ گرے تو بلا ٹلےاور خارش ہو تو پیسے آئیں یہ سب عوامی باتیں ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9ذوالقعدۃ الحرام1442ھ)

Comments