طہارت اور نَمازسے متعلّقہ مسائل اور امیر اہلِ سنّت کے رسائل(قسط:01)
قراٰن پاک میں نَماز کے قِیام کا مطالبہ کیا گیا ہے اور یہ اُسی وقت قائم ہوگی جب اِسے ظاہری وباطنی حقوق کے ساتھ اَدا کیا جائے،باطنی حقوق خشوع وخضوع سے جبکہ ظاہری حقوق تمام اَرکان کی سنّت کے مطابق ادائیگی سے حاصل ہوتے ہیں۔ فرائض و اجبات،سنَّتِ مُؤکّدہ و غیرمُؤکّدہ اور مستحبات یہ سب نماز کے ظاہری حقوق ہیں۔ شیخ طریقت امیر اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نَماز اور اس سے متعلقہ کثیر پہلوؤں پر مختلف رسائل تحریر فرمائے ہیں آئیے ذیل میں ان کا مختصر تعارف ملاحظہ کیجیے:
استنجاکا طریقہ(صفحات:18):
اسلام نے اپنے ماننے والوں کو زندَگی گزارنے کے تمام طریقے سکھائے حتّٰی کہ قضائے حاجت اور استنجا کا طریقہ بھی بتایا۔اس رسالے میں 9 احادیثِ مبارَکہ، 33شرعی وفقہی مسائل اور ایک حکایت کی روشنی میں استنجاوقضائے حاجت کااسلامی طریقہ، استنجا کے آداب،استنجا کے ڈھیلوں کے احکام اور سائنسی تحقیق،کموڈ اور ٹوائلٹ پیپر کے مسائل،قضائے حاجت سے قبل چلنے کے فوائد، بیتُ الخلا میں داخلے سے پہلے اور نکلنے کے بعد کی دُعائیں، استنجا خانے کی درست سمت، وہ جگہیں جہاں پیشاب کرنے کی ممانعت ہے اور بیتُ الخلا جانے کی 47نیتیں بیان کی گئی ہیں۔
وُضو کا طریقہ(صفحات:56):
طہارت وپاکیزگی باطنی ہو یا ظاہری اسلام نے دونوں پر بہت زور دیا ہے حتّٰی کہ طہارت کو بعض عِبادات کے لیے لازم و ضَروری قرار دیا ہے۔ ظاہری طہارت کی دواقسام ہیں: وُضو اور غسل۔اس رسالے میں 3آیاتِ طیّبہ، 12احادیثِ مبارَکہ، 220شرعی وفقہی احکام، 59مدنی پھول، 9اقوالِ بُزرگانِ دین،6وظائف اور 5واقعات و حکایات کی روشنی میں وُضوکے بارے میں تفصیلات درج ہیں۔ وضو کے فضائل وبرکات،وضو کا طریقہ(حنفی)، وضو کے بعد کی دعائیں،وضو کے فرائض،سنتیں، مستحبات، مکروہات اور وضو توڑنے والی چیزیں،وضو میں شک آنے کے احکام، وضو خانے کے متعلّق ہدایات، شرعی معذور کے مسائل اور وضو میں پانی کے اسراف کی صورتیں بیان کی گئی ہیں۔ نیز ضمنی طور پر بہت ساری دینی ودنیاوی معلومات، احتِیاطیں اور شرعی احکام بھی رسالے کا حصّہ ہیں۔
غسل کا طریقہ(صفحات:26):
فرض غسل ایک شرعی ضَرورت ہے،اس کا طریقہ اور مسائل معلوم ہونا ہر مسلمان پر لازم ہے۔ یہ رسالہ ایسے ہی مسائل پر مبنی ہے،غسل کے فرائض،فرض غسل کے اَسباب،غسل کی احتِیاطیں، سنّت و مستحب غسل کے مواقع،غسل فرض ہونے کی حالت میں قراٰن اور دینی کتب پڑھنے اور چھونے کےاحکام،تیمّم کا طریقہ اور اِس کے مسائل، بہتے پانی اور فوّارے سے غسل کا مسئلہ، WC کا رُخ کہاں ہو؟بچّہ کب بالغ ہوتا ہے؟ اور اوپر تلے کتابیں رکھنے کی ترتیب وغیرہ بہت ساری معلومات اس رسالے میں یکجا کردی گئی ہیں۔ رسالے میں 4احادیثِ طیبہ، 120 اقوال وشرعی احکام اور ایک حکایت درج ہے۔
کپڑے پاک کرنے کا طریقہ مع نجاستوں کا بیان (صفحات:42):
اسلام میں طہارت وپاکیزگی کوبڑی اہمیّت حاصل ہے،باطنی صفائی کے ساتھ ساتھ ظاہری صفائی وپاکیزگی پر بھی بہت زور دیا گیا ہے۔اس رسالے میں ایک روایت، 100 سے زیادہ شرعی مسائل اور ایک حکایت کی روشنی میں نجاستوں کی اقسام،اُن کی مثالیں، ان کے احکام،حلال وحرام جانوروں اور پرندوں کی بیٹ، گوشت، پسینے اورلُعاب کے احکام اور مختلف نَجاستوں کے لحاظ سے مختلف کپڑوں اور چیزوں کو پاک کرنے کے طریقے بیان کیے گئے ہیں اورپاکی و ناپاکی کے وہ تمام روز مرّہ بنیادی مسائل موجود ہیں جو ایک مسلمان کو پیش آتے ہیں۔
فیضانِ اَذان(صفحات:29):
احادیثِ مبارَکہ میں وارِد مخصوص الفاظ کے ساتھ وقْتِ نماز کا اعلان کرنے کو شریعت میں اَذان کہتے ہیں۔اس رسالے میں14احادیثِ کریمہ، 60اقوال وفقہی مسائل اورايك حکایت کی روشنی میں آپ پڑھ سکتے ہیں کہ کیا حضور نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کبھی خود اَذان دی ہے؟اَذان کے فضائل،اذان کے دنیاوی فوائد، اذان و اِقامت کہنے کے مسائل،ان کے جواب کا طریقہ، اذان سے پہلے اور بعد دُرُود شریف پڑھنے کی شرعی حیثیت، اذان کے متعلّق کفریہ کلمات کی مثالیں اور رسالے کے آخر میں اذان و اقامت کے کلمات، اذان کی دعا،ایمانِ مفصّل و ایمانِ مجمل اور چھے کلمے دیے گئے ہیں۔
فیضانِ جمعہ(صفحات:26):
رسالے کا موضوع نام سے ہی ظاہر ہے۔جمعہ کو جمعہ کہنے کی وجہ،جمعہ ونماز جمعہ کے عظیمُ الشّان فضائل، حضور نبیِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پہلا جمعہ کب ادا فرمایا اور ظاہری زندگی میں کتنے جمعے ادا کیے؟ترکِ جمعہ کی وعید،جمعہ کی سنتیں،روزِ جمعہ ناخن تراشنے کی فضیلت وفوائد،جمعہ میں حج وعمرہ کا ثواب،جمعہ کے روزہ کا مسئلہ،جمعہ کے نبوی وظائف واعمال،اَدائیگی جمعہ کی شرائط، دورانِ خطبہ کے احکام اور جمعہ کی اِمامت کا ضَروری مسئلہ وغیرہ اہم باتیں رسالے کا حصّہ ہیں۔ رسالے میں 3آیاتِ کریمہ،33احادیثِ مبارَکہ، 31اقوال وشرعی مسائل اور2حکایات ہیں۔
قضا نَمازوں کا طریقہ(صفحات:25):
مسلمان پر سب سے پہلا فرض نمازہے، اگر وقت میں ادا ہونے سے رہ جائے تو اب اس کی قضا کرنا ضَروری ہے۔اس رسالے میں3آیاتِ مبارَکہ، 6احادیثِ کریمہ، 34شرعی مسائل اور 5واقعات و حکایات کی روشنی میں نماز نہ پڑھنے کی سخت وعیدیں اور عذابات کا تذکرہ، قضانمازوں کا طریقہ، ادا،قضا اور واجِبُ الاعادہ کی تعریفات،جمعۃ الوَداع میں قضائے عمری، عمر بھر کی نمازوں کا حساب، قضا نمازوں کی ترتیب،نمازِقصر اور تَراویح کی قضا کا مسئلہ،فوت شدہ کی نمازکا فدیہ اور شرعی حیلہ کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
Comments