نصائح و ہدایات اور  رسائل امیر اہل سنت  (قسط:02)

نصائح وہدایات اور رسائل امیرِ اہلِ سنّت قسط :02


جنّتی محل کا سودا(صفحات:50): ایک روایت کے مطابِق دنیا کی محبّت ہربُرائی کی جڑ ہے۔قراٰن وسنّت میں محبَّتِ دنیا کی بہت مذمّت کی گئی ہے۔اس رسالے کی ابتدا میں کچھ شانِ اولیا کا بیان ہے، پھر دنیا سے بے رغبتی کا تذکرہ ہے۔محبَّتِ دنیا کی مذمّت پر احادیثِ مبارکہ اور اُن کی وضاحت و شرح، مکانات کی تعمیرات اورتزئین وآرائش میں لگے رہنے کی قباحت، نیکی کی دعوت کا ثواب اور انفرادی کوشش کی اہمیّت اور چند واقعات درج کیے گئے ہیں۔ 11 آیاتِ طیّبہ، 28 احادیثِ کریمہ،7اقوال، 16 شَرْعی اَحْکام اور 12 حکایات پر مشتمل رسالے کے آخِرمیں عبرت انگیز اشعار نیز آخِرت کے متعلّق غوروفکر کی ترغیب دلائی گئی ہے۔

جوانی کیسے گزاریں؟(صفحات:40):عُمرکا اَہَم ترین حصّہ جوانی ہے۔یہ زندگی کا ایک جنونی مرحلہ ہے،جوانی میں خواہشات کا غلبہ اور شہوات کا زور ہوتا ہے مگر جو اپنی جوانی کی حفاظت کرلے وہ کامیاب وکامران رہتا ہے۔اس رسالے میں4قراٰنی آیات، 12 نبوی ارشادات، 18اقوال وفرامین اور4 واقِعات وحِکایات درج ہیں جن میں جوانی کی اہمیت،جوانی کی حفاظت، جوانی میں عِبادت کی فضیلت،پاکیزہ جوانی کے بڑھاپے میں اَثرات و برکات،سلف صالحین کا جوانی کی قدر کرنا، نیک وصالح نوجوانوں کے ایمان اَفروزواقِعات اور جوانی میں توبہ کی فضیلت کا بیان ہے اور گھر میں آنے جانے کے 12 مدنی پھول بھی شامل ہیں۔

ویران محل (صفحات:25): سب جانتے ہیں دنیا فانی ہے، یہاں کے مکانات ومحلّات سب عارضی ہیں، ان کی حیثیت ایک مسافِر خانے سے زیادہ نہیں۔اس رسالے میں ایک آیَتِ مبارکہ، 10 احادیثِ کریمہ،9فقہی احکام،9اقوالِ بُز ُرگانِ دین اور3 واقِعات وحِکایات ہیں جن میں دنیا کی ناپائیداری، عظیمُ الشان محلّات کے فَنا ہونے، بُز ُرگانِ دین کی مدنی سوچ، عقل مندوں کے کام، قَبر و موت کا تصور اوردنیا پر آخِرت کو ترجیح دینے کا تذکِرہ ہے۔آخِر میں کفن کے 16مدنی پھول درج ہیں جن میں کفن کے احکام، مرد و عورت کے کفن کی تفصیلات اورکفن پہنانے کی نیّت وطریقہ بیان ہوا ہے۔

101مدنی پھول (صفحات:32): ایک بندۂ مؤمن کے شب وروز اور دیگر معمولاتِ زندگی سنَّتِ نبوی اور آداب کے ساتھ گُزریں تو اُسے بے شُمار بھلائیاں اور بَرَکتیں نصیب ہوتی ہیں۔آدابِ زندگی کوبیان کرنے والے101مدنی پھولوں پر مشتمل اس رسالےمیں 19احادیثِ مبارکہ،23شَرْعی وفقہی اَحکام، 14اقوالِ بُزرگانِ دین،ایک واقعہ اور14وظائف واورادمذکورہیں۔ جن کی روشنی میں سلام کرنے ،ہاتھ ملانے، بات چیت کرنے،چھینکنے کے، ناخن کاٹنے کے،جوتے پہننے کے، گھر میں آنے جانے کے، سُرمہ لگانے کے اور سونے جاگنے کے مدنی پھول ذکر کیے گئے ہیں جو کہ کثیر شَرعی اَحکام، سنّتوں اور آداب پر مشتمل ہیں۔

163مدنی پھول(صفحات:40):شریعت وسنّت کی پیروی دونوں جہان کی بہتری کا باعث ہے،یہی پسندیدہ وپاکیزہ زندگی ہے۔ اس رسالے میں بعض معمولاتِ زندگی کو سنّت وآداب کے سانچے میں ڈھالنے والے163مدنی پھول یکجا کیے گئے ہیں۔ پانی پینے کے،چلنے کے،تیل ڈالنے اور کنگھی کرنے کے، زلفوں اور سَرکے بالوں وغیرہ کے، لِباس، عمامے، انگوٹھی، مِسواک کے  اورقبرستان حاضِری کے مدنی پھول مذکور ہیں۔ رسالہ ایک آیت مبارکہ،22احادیثِ طیبہ، 75شرعی وفقہی احکام،33اقوالِ بُزرگانِ دین،5وَظائف، 21 طبّی مدنی پھولوں اور4 واقعات پر مشتمل ہے۔

خود کشی کا علاج(صفحات:80): خود کو ختم کردینا،خود کشی کرنا شَرعی، اخلاقی اور عقلی طور پر قابلِ مذمّت ہے،دینِ اسلام اپنے ماننے والوں کو اس کی ہرگز اجازت نہیں دیتااور اسے حرام فعل قرار دیتا ہے۔ اس رسالے میں11آیاتِ مبارکہ، 31 احادیثِ کریمہ، 55 اقوال، 45 شرعی احکام اور 13 حکایات کی روشنی میں خودکشی کی حُرمت، خود کشی کو حلال سمجھنے کا مسئلہ، خود کشی کے نقصانات، خود کشی کا دَرْدناک عذاب،جہنّم کی سختی،مصائب اورپریشانیوں پر صبر کی ترغیب، تکالیف آنے پر بُزرگوں کا طرزِ عمل، مصیبت کے اسباب، صَبرآسان بنانے کا طریقہ،خود کشی کے اسباب، اُن کا حل اور مختلف روحانی علاج وغیرہ کا بیان ہے نیز کلماتِ کفر کی 16 مثالیں بھی ذکر کی گئی ہیں۔

ہاتھوں ہاتھ پھوپھی سے صلح کرلی (صفحات:34): رشتہ جوڑنے کے جہاں دینی واُخروی فوائد ہیں وہاں دنیاوی فوائد بھی بے شُمار ہیں۔ اس رسالے میں صِلۂ رحمی کی تعریف،رشتے داروں کے حُقوق، صلۂ رحمی کے 10 فوائد،رشتہ جوڑنے کی فضیلتیں، رشتہ داروں سے تعلّق توڑنے کی مذمّت، صلۂ رحمی کے متعلّق7ہدایات اور رشتہ داروں سے حُسنِ سُلوک کی صورتیں بیان کی گئی ہیں۔یہ رسالہ 6قراٰنی آیات، 14نبوی فرمودات، 10شَرعی احکام، 3اقوال اور 2حِکایات پر مشتمل ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ تراجم، اسلامک ریسرچ سنٹر المدینۃ العلمیہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code