کیا جنت میں والدین سے ملاقات ہوگی؟


کیا جنت میں والدین سے ملاقات ہوگی؟

سوال: کیافرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ والدین اوراولاد کے جنت میں جانےکی صورت میں ایک دوسرے سے ملاقات ہوگی یانہیں ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

مسلمان والدین اوراولاد کی جنت میں ملاقات ہوگی اگرچہ ان کے درجات میں فرق ہوجیسے والدین کے درجات بلند ہوں اور اولادکے اعمال اس درجے کے نہ ہوں تو اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل وکرم سے ان کی خوشی کے لئے ان کو وہ درجات عطافرمادے گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

عدتِ وفات کا آغاز کب سے ہوتا ہے؟

 سوال:   کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ  کے بارے میں  کہ  میری پھپھی کے شوہر سعودی عرب میں  وفات پاگئے  تھے۔ وہاں سے ان کی میت کو پاکستان لاتے  چھ سات دن لگ گئے ۔ پاکستان میں لانے کے بعد ان کی تدفین کا سلسلہ ہوا۔پوچھنا یہ ہے کہ میری پھپھی کی عدت ِ وفات کس وقت سے شروع ہوگی۔ جس وقت پھپھا جان کا انتقال ہوا یا ان کی تدفین ہوئی؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

پوچھی گئی   صورت میں   آپ کی پھپھی  کی عدت ِ وفات  اس وقت سے شروع ہوگی جس وقت ان کے شوہر کا انتقال ہوا کیونکہ  اس  عدت کا تعلق وفات سے  ہے تو اس کی ابتدا بھی  وفات سے ہوگی،تدفین سے اس کا تعلق نہیں ہے جیساکہ  وہ حاملہ عورت  جس کا شوہر فوت ہوگیا اور ابھی اس کی تدفین نہیں ہوئی کہ اس عورت  نے بچہ جن دیا تو اس  کے بارے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اس کی  عدت پوری ہو گئی۔

تنبیہ: یہ مسئلہ یاد رہے کہ کسی بھی شخص کے انتقال ہوجانے کے بعد اس کی تجہیز، تکفین وتدفین میں جلدی کی جائے،  بلا ضرورت تاخیر کرناسخت منع ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شیخ الحدیث و مفتی دارُالافتاء اہلسنت لاہور


Share