دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں


نشتر پارک کراچی میں عظیم الشّان اجتماع نگرانِ شوریٰ نے خصوصی بیان فرمایا

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 03 اگست 2025ء بروز اتوار کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر واقع نشتر پارک میں عظیم الشّان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری، اراکینِ شوریٰ، علمائے کرام، نعت خواں حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات،  مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد  اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ اجتماع کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سے ہوا جس کے بعد نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”اخلاقِ مصطفٰے  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “کے موضوع پر سنّتوں بھرا ایمان افروز بیان فرمایا۔ بیان میں انہوں نے کہا:آج ہمارا معاشرہ جھوٹ، غیبت، بدگمانی، بدزبانی اور حسد جیسی اخلاقی بُرائیوں میں گِھر چکا ہے جبکہ سیرتِ مصطفیٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہمیں ان سے بچنے اور حسنِ اخلاق اپنانے کا درس دیتی ہے۔ ہمیں صرف میلاد منانے تک محدود نہیں رہنا، بلکہ میلاد والے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے اخلاق کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ عظیم الشّان اجتماع کا اختتام ذکرِ الٰہی، صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دُعا پر ہوا۔

K.P.K  ضلع بونیر کے سیلاب متاثرین میں فلاحی کامFGRF نے پکاہوا کھانا اور راشن تقسیم کیا

14 اور 15 اگست 2025ء کو ہونے والی تیز بارش اور بادل پھٹنے (Cloudburst) کے سبب پیداہونے والی سیلابی صورتحال سے خیبر پختونخوا کےمختلف اضلاع بالخصوص ضلع بونیر میں انتہائی خطرناک حالات دیکھنے میں آئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سیلاب کی وجہ سے300 سے زائد افراد اپنے خالق حقیقی سے جاملے جن میں خواتین، بچّے، بُزرگ اور نوجوان شامل تھےجبکہ زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔اس سیلابی ریلے کی وجہ سے سینکڑوں گھر بہہ گئے، دُکانیں مُنْہدم ہوگئیں، کئی گاؤں کے نام و نشان مٹ گئے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں اُمّتِ محمدیہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے اور ہر صورت ان کی ممکنہ ضَرورت کو پورا کرنے کے لیے عاشقانِ رسو ل کی دینی تحریک دعوت ِاسلامی کے فلاحی شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن  (FGRF) کی ٹیم ہنگامی طور پر خیبر پختونخوا پہنچی اور  متأثرین کی مدد میں مصروف ہوگئی۔  نگران شعبہ FGRF شفاعت علی عطاری اپنی ٹیم کے ساتھ K.P.Kکے مختلف اضلاع میں پہنچے جہاں دُشوار گزار راستوں سے گزر کر متاثرین تک پکے ہوئے کھانے، پینے کے لیے صاف پانی اور خشک راشن پیک کرکے پہنچایا گیا۔

عرسِ اعلیٰ حضرت  رحمۃُ اللہِ علیہ  کے موقع پر اسپین میں اجتماع مفتی محمد قاسم عطاری نے بیان فرمایا

10 اگست 2025ء کو  عرسِ اعلیٰ حضرت  رحمۃُ اللہِ علیہ  کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بارسلونا (Barcelona)  اسپین (Spain) میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی    نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور اعلیٰ حضرت  رحمۃُ اللہِ علیہ  کی سیرت اور آپ کی تعلیمات کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔

The lighthouse برمنگھم میں ” beyond the blade “ کے عنوان پر نگران شوریٰ کا تربیتی بیان

ایسٹن، برمنگھم میں نوجوانوں میں چاقو اُٹھانے کے خطرات اور نتائج کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے13 اگست 2025ء کو  دعوتِ اسلامی کی جانب سے The Light House میں beyond the blade “ کے عنوان پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی   نے  مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جن میں چاقو کے استعمال سے ہونے والے نقصانات بیان کئے گئے اور   کسی حملے کے بعد حملہ آور، متاثرہ فرد اور ان کے اہلِ خانہ کو درپیش  مسائل  کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر طبّی ماہرین نے چاقو سے متعلّقہ زخموں کے اپنے عملی تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کے واقعات میں کس طرح فوری طبّی امداد فراہم کی جائے اور ایمرجنسی سروسز کے پہنچنے تک کس طرح جان بچائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پروسیم علی (ڈپٹی پولیس کرائم کمشنر برائے ویسٹ مڈلینڈز)، ٹراما ڈاکٹرز، یوتھ ورکرز اور دیگر شخصیات موجودتھیں۔

Oxford University میں مختلف ممالک کے اسٹوڈنٹس کے درمیان نگران شوریٰ کا بیان

19 اگست 2025ء کو دعوتِ اسلامی کے تحت Oxford University UK میں سنّتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے نعت شریف پڑھی اور مختصر گفتگو کی۔ بعد اَزاں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”علم دین “کے موضوع پر کلام کیا  اور مختلف اُمور پر اسٹوڈنٹس کی رہنمائی کی۔

یکم اگست سے پاکستان بھر میں شجرکاری کا آغاز کردیا گیا سرکاری و نجی اداروں میں پودے لگانے کا سلسلہ جاری ہے

بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کی روک تھام، Oxygen فراہم کرنے، Carbon dioxide جَذب کرنے اور ماحولیاتی توازن قائم رکھنے، انسانیت اور ماحول سے محبّت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے  دعوتِ اسلامی نے یکم اگست 2025ء سے ملک بھر میں شجر کاری کا  آغاز کردیا ہے۔اسی سلسلے میں 04 اگست کو گورنر ہاؤس سندھ اور 07 اگست کو عمان قونصلیٹ میں شجر کاری کا سلسلہ ہوا۔ شجرکاری میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری کے ہمراہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مختلف ممالک کے Ambassadors، بزنس مینز، مذہبی و سیاسی شخصیات نے ملکر پودے لگائے۔ اس کے علاوہ سرکاری و نجی اداروں سمیت یونیورسٹیز، کالجز  اور ہسپتالوں میں شجر کاری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

وہاڑی پنجاب میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کے درمیان سیشن کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے ہومیوپیتھک ڈیپارٹمنٹ کے تحت پنجاب کے شہر وہاڑی میں  ایک سیشن منعقد ہوا جس میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔متعلقہ شعبے کےنگران ڈاکٹر آصف عطاری نے ”وضو اور سائنس“ کے موضوع پر گفتگو کی۔ سیشن کے اختتام پر دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں پر Documentary بھی دکھائی گئی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی


Share