دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
مبلغِ دعوتِ اسلامی کے ہاتھوں مَلاوی میں 62 افراد کا قبولِ اسلام
دعوتِ اسلامی کے شعبہ ویلکم ٹو اسلام کے تحت مَلاوی کے نگران مولانا عثمان عطّاری مدنی اور دیگر ذمہ داران نیکی کی دعوت عام کرنے اور تبلیغِ دین کی نیّت سے ایک دیہات میں پہنچے، مولانا عثمان عطّاری مدنی نے نیکی کی دعوت کو عام کرتے ہوئے مقامی لوگوں کو دینِ اسلام کی دعوت دی اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں بتایا۔ اللہ کے فضل و کرم سے نیکی کی دعوت کی بدولت 62 غیر مسلموں نے اسلام قبول کرلیا جن میں 21 مرد اور 41 خواتین شامل تھیں۔ نئے مسلمان ہونے والے افراد کو سابقہ گناہوں سے توبہ کروائی گئی اور ان کے اسلامی نام رکھے گئے۔
عرسِ حضرت سخی عبد الوہاب شاہ جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ میں مفتی علی اصغر عطّاری کا بیان
حیدر آباد کے مشہور و معروف بزرگ حضرت سخی عبد الوہاب شاہ جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کےموقع پرشعبہ مزاراتِ اولیا (دعوتِ اسلامی) کے زیرِ اہتمام سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، مزار کی انتظامیہ اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اجتماع میں ہیڈ آف مرکز الاقتصاد الاسلامی، ماہرِ علومِ تجارت مفتی علی اصغر عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور اولیائے کرام کی شان پر گفتگو کی۔
عراق میں علمائے کرام سے ملاقات
خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی، نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی، اراکینِ شوریٰ حاجی محمد رفیع عطّاری، حاجی سید ابراہیم عطّاری، مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری اور مولانا حاجی جنید عطّاری مدنی کی سفر عراق کے دوران بغداد معلیٰ میں موجود خانقاہِ الولی الصالح الشیخ حمد القادریہ الرفاعیہ میں آمد ہوئی۔ خانقاہ میں الشیخ حامد عبد العزیز، الشیخ حمد، الشیخ اسید حامد، الشیخ عقیل حامد، الشیخ عمر الفہداوی القادری حفظہم اللہ سے ملاقات کا سلسلہ ہوا۔ ملاقات میں عالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں پر تبادلۂ خیال ہوا اور مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پرعلمائے کرام اور مشائخ عظام نے خدماتِ دعوتِ اسلامی کو سراہا اور دعاؤں سے نوازا۔
ملیر کراچی میں دعوتِ اسلامی کا عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع اراکینِ شوریٰ ، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
کراچی: 20 نومبر 2025ء کو سعود آباد ملیر کے RCD گراؤنڈ ماڈل ٹاؤن میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات، کاروباری حضرات اور عاشقانِ رسول کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس اجتماع میں خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگی کو سنوارنے اور گناہوں سے توبہ کرکے نیکیوں کی راہ اپنانی چاہیے۔ انہوں نے فرمایا کہ کامیاب وہی ہے جو فرائض و واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں کو اپنے معمولات میں شامل کرے کیونکہ آخرت کی کامیابی کا راز سنتِ رسول پر عمل پیرا ہونا ہے۔ فتنوں کے دور میں سنت پر ثابت قدم رہنا دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ اس لیے جو شخص فتنوں سے بچنا چاہتا ہے اُسے چاہیے کہ سنّتِ رسول اور خلفائے راشدین کے طریقے کو اپنا شعار بنائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حیاتِ مبارکہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے جس میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی موجود ہے۔ سنتوں پر عمل ہمارے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کا سبب ہے۔ انہوں نے فیشن کے غلبے اور سنتوں سے انحراف کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ آج کے اس پُر فتن دور میں لوگ فیشن اپنانے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور سنتوں پر عمل کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں، یاد رکھیں ! جس نیک عمل میں جتنی زیادہ دشواری ہو اس کا اجر بھی اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔اس لیے سنتوں کو اپنانے میں شرم محسوس نہ کریں اور اپنے کردار کو سنت ِ رسول کے سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔
انڈونیشیا میں خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت کا بیان
انڈونیشیا کے شہرآچے بسار (Aceh Besar)کی جامع مسجد بیت التقویٰ میں دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، دارُ العلوم مصباح الوریٰ الامیریہ کے طلبۂ کرام اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شُرَکا کو نیک اعمال کرنے، سنتوں کو اپنانے، گناہوں سے بچنے اور نیکی کی دعوت عام کرنے کی ترغیب دلائی۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ قاری ایاز عطّاری بھی موجود تھے۔
رکنِ شوریٰ حاجی جنید عطّاری کا عراق میں ”امام اعظم یونیورسٹی“ کا دورہ
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ عراق کی ”امام اعظم یونیورسٹی“ کا دورہ کیا جہاں شیخ ڈاکٹر اسد عبدالعلیم السعدی، ڈاکٹر عقیل، شیخ عمر، شیخ علی اور جنرل سپروائزر ڈاکٹر مشتاق عماد عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دعوتِ اسلامی کی تعلیمی، تبلیغی اور فلاحی خدمات کا جامع تعارف پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ کس طرح یہ دینی تحریک دنیا بھر میں علم و خدمتِ دین کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر مشتاق نے امامِ اعظم یونیورسٹی کے علمی وژن، تعلیمی پروگرامز اور معاشرے و دین کی خدمت میں ادارے کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
بنگلہ دیش میں اسٹوڈنٹس اجتماع
شعبۂ تعلیم (دعوتِ اسلامی بنگلہ دیش) کے زیر اہتمام M.A.Gعثمانی میڈیکل کالج سلہٹ (Sylhet) کے اسٹوڈنٹس کے لیے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے کم و بیش 80 اسٹوڈنٹس شریک ہوئے۔ رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرَکا کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کرنے، سیرتِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا مطالعہ کرنے اور سنت کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں حاجی یعفور کا بیان
شعبۂ تعلیم (دعوتِ اسلامی)کے تحت لاہور میں قائم انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں اجتماع میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے ایگزمینیشن کنٹرولر فیصل اعجاز، ڈپٹی رجسٹرار عثمان علی علوی اور فیکلٹی ممبران سمیت اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے ”شانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور سیرتِ طیبہ“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شُرَکا کو دینی ماحول سے وابستہ ہونے، علمِ دین سیکھنے، نماز کی پابندی کرنے، سنتوں پر عمل کرنے اور دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی کاموں میں حصہ لینے کا ذہن دیا۔
یوکے گورنمنٹ کی جانب سے FGRF کو فلاحی خدمات پر اعزازی ایوارڈ جاری
شعبہ FGRF (فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن) اپنی فلاحی خدمات کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہوتا چلا جارہا ہے۔ زلزلہ ہو یا سیلاب زدہ علاقہ، غزہ کے متأثرین ہوں یا کسی اورقدرتی آفات میں پھنسے لوگ! FGRF بروقت ان تک امداد پہنچاتا اور ان کی پریشانی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ الحمدُ للہ! ان ہی فلاحی کاموں کے اعتراف میں U.K گورنمنٹ کی طرف سے” Social Impact Initiative of the Year Award 2025 “ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن یوکے کو پیش کیا گیا۔ یہ اعزازی ایوارڈ نگران ویلز یوکے سید فضیل رضا عطّاری نے وصول کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی
Comments