دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
چٹاگانگ میں Graduation Ceremony کا انعقاد
حفاظِ کرام کو اسناد پیش کی گئیں
بنگلہ دیش: (17 مئی 2025)– بول کھلی (Boal Khali)چٹاگانگ بنگلہ دیش کے علاقے پاکی پول میں قائم مدرسۃ المدینہ میں Graduation Ceremony کا انعقاد کیا گیا جس میں قراٰنِ کریم حِفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں رکنِ شوریٰ عبدالمبین عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے قراٰنِ کریم کی عظمت، حفّاظ کی شان اور والدین کے صبر و قربانی کی اہمیّت کو اُجاگر کیا۔ تقریب کے اختتام پر حفّاظِ کِرام کی دستاربندی کی گئی اور انہیں اسنادِ تکمیلِ حفظ بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر موجود والدین، اساتذہ اور عاشقانِ رسول نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
شارعِ عطّار کورنگی میں پودے لگاکر
”شجر کاری “ مہم کا آغاز کردیا گیا
کورنگی کراچی: (22 مئی 2025)– دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF)اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی (TMC Korangi)کے اشتِراک سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں شارعِ عطارکورنگی میں پودے لگانے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر نگران ڈویژن ایسٹ کراچی حاجی رضا عطّاری مدنی، FGRF کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ، میونسپل کمشنر غلام فرید، اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین کھوسو، مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینز، ڈائریکٹرز، دیگر افسران اور دعوتِ اسلامی کے ذمّہ داران شریک ہوئے۔ نگران ڈویژن ایسٹ کراچی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”درخت نہ صرف آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ صاف و شفاف آب و ہوا کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ شجرکاری نہ صرف دنیاوی فائدہ دیتی ہے بلکہ اچّھی نیّتوں کے ساتھ کی جائے تو آخِرت میں بھی باعثِ اَجر بن سکتی ہے“۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین کھوسو نے دعوتِ اسلامی اور FGRF کی دینی و فلاحی خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اختتام پر نگران ڈویژن ایسٹ کراچی، ٹاؤن چیئرمین، میونسپل کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے باہمی طور پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ملک و ملّت کی سلامتی کی دعا کی۔
مصر میں FGRF یوکے کے وفد کی
فلسطینی سفیر دیاب اللوح سے ملاقات
قاہرہ: (24 مئی 2025)– قاہرہ مصر میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں ہیڈ آف FGRF یوکے اینڈ یورپ سید فضیل رضا عطّاری نے فلسطینی سفیر دیاب اللوح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطینی سفارت خانے کی جانب سے غزہ اور مصر میں مقیم فلسطینی مہاجرین کی مسلسل امداد اور فلاحی کوششوں کو سراہا گیا۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں FGRF کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی امداد، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر ضَروری اشیاء پر شکریہ ادا کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ان خدمات نے غزہ کی متأثّرہ عوام اور مصر میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کی زندگیوں میں ایک مثبت فرق ڈالا ہے جو کہ انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔ فلسطینی سفارت خانے نے FGRF کی انسان دوست کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دیگر لوگوں کے لیے ایک مِثال ہیں اور ان سے مظلوم و مجبور افراد کو نہ صرف ریلیف حاصل ہوتا ہے بلکہ انہیں احساس ہوتا ہے کہ دنیا میں موجود ان کے مسلمان بھائی ابھی بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
FGRF کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے
مفت طبی سہولیات کی فراہمی جلد شروع ہوگی
مصر: (27 مئی 2025)– مصر میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے FGRFدعوتِ اسلامی کی جانب سے ایک میڈیکل سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ہیڈ آفFGRFیوکے سید فضیل رضا عطاری کا کہنا تھا کہ FGRF نے فلسطینی کمیونٹی کے لیے مفت صحّت کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ تیّار کیاہے۔اس پروگرام کے تحت فلسطینی پناہ گزینوں کو فوری طور پر معیاری طبّی خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ صحت کے شعبے میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کریں۔ اس مہم کا مقصد فلسطینی کمیونٹی کے دلوں میں اُمید اور اعتماد کا چراغ روشن کرنا ہے اور انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔اس حوالے سے سید فضیل رضا عطّاری اوران کی ٹیم کے رضاکار اس عظیم مقصد کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ یہ سہولیات جلد سے جلد فلسطینی پناہ گزینوں تک پہنچ سکیں۔ یہ اقدام نہ صرف صحّت کے شعبے میں انقلاب لائے گا بلکہ فلسطینی عوام کے دلوں میں محبّت، ہمدردی اور اتحاد کا پیغام بھی پھیلے گا۔ آنے والے دنوں میں یہ منصوبہ بہت جلد عملی جامہ پہنے گا اور فلسطینی کمیونٹی کے لیے ایک نئی اُمید کا سورج طُلوع ہوگا۔
دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے
چند دینی کاموں کی جھلکیاں
Xرکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطاری نے آکسفورڈ یونیورسٹی انگلینڈ کے مسلم پرئیر (Prayer) ہال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک سے تعلّق رکھنے والے مسلم طَلَبہ سے ملاقات کی اور ان کی دینی و اخلاقی راہنمائی کی۔ طلبہ نے اپنے تجربات، چیلنجز اور یونیورسٹی میں پیش آنے والے مذہبی و سماجی مسائل پر سوالات کیے جن کے عبدالوہاب عطاری نے حکمت و محبّت سے جوابات دیئے۔
Xحیدرآباد میں آٹو بھان روڈ پر قائم ایک نجی بینک کے ریجنل ہیڈ آفس میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ پروفیشنل فورم کے زیر اہتمام ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں بینک کی مختلف برانچز کے منیجرز اور ریجنل ہیڈ آفس کی مینجمنٹ نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد ایاز عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارُف پیش کیا اور عالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں سے متعلّق تفصیل سے آگاہ کیا۔
Xاسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں مری روڈ پر دعوتِ اسلامی کے تحت نئے فیضان اسلامک سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کا اہتمام ہوا جس میں علُمَائے کِرام، تاجران، مقامی عاشقانِ رسول، دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے ذمّہ داران اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی وقارالمدینہ عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔ رکنِ شوریٰ نے دورانِ بیان دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارُف کرواتے ہوئے شرکا کو نیک اعمال کی رغبت دلائی اور دین و دنیا کی تعلیم کے فروغ کے لیے فیضان اسلامک سینٹر میں بچّوں کو داخل کروانے کا ذہن دیا۔
Xایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 20مئی 2025ء کو SUFFA University DHAکے مین آڈیٹوریم میں ”یوتھ سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس، پروفیسرز اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے ”The Perfect Model & The Contemporary Youth“ کے موضوع پر گفتگو کی۔ رکنِ شوریٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسرے مذاہب کے لوگوں کو سن کر متأثّر ہونے سے کہیں زیادہ بہتر ہے کہ ہم اپنے پیارے آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات جان لیں اور آپ کی سیرت پڑھ لیں۔ سیرتُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطالعے سے ہمیں اندازہ ہوجائے گا کہ دین اسلام نے مسلمانوں کو زندگی گزارنے کے ایسے سنہری اُصول مہیّا کئے ہیں جو مکمل ضابطۂ حَیات ہیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی
Comments